پیر : 21 مارچ 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چینی مسافر طیارہ حادثے کا شکار[/pullquote]

چائنا ایسٹرن ایئرلائن کا ایک مسافر بردار بوئنگ طیارہ ٹینگ کاؤنٹی کے ووژو شہر کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔ پیر کے روز چینی ٹی وی کی رپورٹوں میں کہا گیا کہ اس طیارے میں ایک سو تیئیس مسافر اور عملے کے نو ارکان سوار تھے۔ فوری طور پر اس حادثے میں ہلاکتوں یا زخمی ہونے والوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ چینی صدر شی جن پنگ نے حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سوار افراد کو بچانے کے لیے ہر طرح کے ریسکیو آپریشن کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ چینی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ طیارہ یُو نان صوبے سے اُڑا تھا اور مشرقی ساحلی علاقے کے صنعتی مرکز گوانگ ژو کی طرف پرواز پر تھا۔

[pullquote]بشار الاسد ایک مجرم ہیں، جرمن وزیر اقتصادیات[/pullquote]

وفاقی جرمن وزیر اقتصادیات رابرٹ ہابیک آج پیر اکیس مارچ کو متحدہ عرب امارات میں سیاسی مذاکرات کر رہے ہیں۔ ہابیک نے اپنے اس دورے کے موقع پر کہا کہ وہ خلیجی ممالک کے سربراہان کے ساتھ شامی صدر بشار الاسد کے بارے میں بھی بات چیت کریں گے۔ جرمن وزیر کا کہنا تھا کہ شام کا تنازعہ پیچیدہ ہے اور ان کی رائے میں ’’شامی صدر ایک مجر م ہیں اور عرب ممالک کے سفارتی مذاکرات بھی بہت پیچیدہ ہیں۔‘‘ ہابیک نے کہا کہ وہ خلیجی ممالک کے سیاست دانوں کو بتائیں گے کہ جرمنی کا بشارالاسد کے بارے میں نقطہ نظر کیا ہے۔

[pullquote]یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی روس پر مزید پابندیوں کے بارے میں بحث[/pullquote]

برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع آج پیر کے روز یوکرین پر روسی حملے، کییف کے لیے ہنگامی امداد اور یوکرین کے ساتھ فوجی تعاون کے علاوہ ماسکو کے خلاف مزید پابندیوں پر بحث کر رہے ہیں۔ یونین کے ایک اعلیٰ سفارتکار نے تاہم وزراء کے اس اجلاس سے قبل اپنے ایک بیان میں کہا کہ روس کے خلاف مزید پابندیوں کا موضوع دیگر تمام موضوعات پر حاوی رہے گا۔ اس یورپی سفارتکار نے یہ بھی کہا کہ مزید پابندیوں کے بارے میں مشاورت آسان نہیں ہوگی کیونکہ توانائی کی روسی درآمدات پر پابندی کے بارے میں ابھی تک یونین میں داخلی اختلافات پائے جاتے ہیں۔ یورپی یونین کا آج کا یہ وزارتی اجلاس برسلز میں پورپی یونین، نیٹو اور جی سیون کے سربراہی اجلاسوں سے چند ہی روز پہلے ہو رہا ہے۔ ان اجلاسوں میں امریکی صدر بائیڈن بھی شریک ہوں گے۔

[pullquote]کیمیکل پلانٹ سے امونیا کا اخراج: عوام کو کوئی خطرہ نہیں، یوکرینی حکام[/pullquote]

یوکرین کے شہر سُومی کے ایک کیمیکل پلانٹ سے امونیا گیس کے اخراج کی اطلاع ہے تاہم ریاستی حکام نے کہا ہے کہ یہ معمولی اخراج عوام کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس علاقے میں گیس کا ایک ٹینک گولہ باری کی زد میں آ گیا تھا، جس کے سبب اسے نقصان پہنچا اور اس علاقے میں امونیا کا اخراج شروع ہو گیا۔ ریاستی سول ڈیفنس نے تاہم اپنے بیان میں کہا کہ امونیا گیس کا معمولی اخراج ہے اور اس سے شہریوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ کیمیکل پلانٹ والے متاثرہ علاقے کو فوری طور سے سیل کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]روسی صدر کے قریبی حلیف ٹمچینکو نوواٹیک کے بورڈ سے مستعفی[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ایک پرانےحلیف اور دیرینہ دوست گیناڈی ٹمچینکو نے یوکرین میں روسی فوجی مداخلت کے تناظر میں پابندیوں کا نشانہ بننے کے بعد گیس کمپنی نوواٹیک کے بورڈ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ٹمچینکو روس کی گیس پیدا کرنے والی کمپنی نوواٹیک کے بورڈ کے ممبر اور کمپنی کے شراکت داروں میں سے ایک رہے ہیں۔ انہوں نے آج پیر کے روز اس کمپنی میں اپنی ذمے داریوں سے استعفیٰ دے دیا۔ گیس کمپنی نوواٹیک نے ٹمچینکو کے مستعفی ہونے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ گزشتہ برس ٹمچینکو کا نام تقریباﹰ بائیس بلین ڈالر کے مجموعی اثاثوں کے ساتھ فوربس میگزین کی ارب پتی افراد کی فہرست میں شامل تھا۔

[pullquote]ماریوپول میں ہتھیار ڈالنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کییف حکومت[/pullquote]

یوکرین کی حکومت نے محاصرہ شدہ بندرگاہی شہر ماریوپول کو روسی افواج کے حوالے کر دینے کا الٹی میٹم مسترد کر دیا ہے۔ خاتون نائب وزیر اعظم ایرینا ویریشچُک نے کہا کہ ماریوپول میں ہتھیار ڈال دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ روس نے یوکرینی فوج کو اس شہر میں ہتھیار ڈال دینے کے لیے آج پیر کی صبح تک کا وقت دیا تھا۔ ماریوپول بحیرہ ازوف کے ساحل پر واقع اور یوکرینی فوج کے کنٹرول میں ملک کا آخری بڑا بندرگاہی شہر ہے۔ مقامی باشندوں کے لیے وہاں کی موجودہ صورت حال بہت خوف ناک بتائی گئی ہے۔ یوکرینی حکومت کے مطابق چوبیس فروری کے روز روسی فوجی مداخلت کے آغاز سے اب تک اس شہر میں دو ہزار ایک سو سے زائد شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]اقوام متحدہ کا زیر زمین پانی کے تحفظ کا مطالبہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے عالمی سطح پر زمینی پانی کے تحفظ اور اس کے انتظام کو بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی جانب سے جاری کردہ ورلڈ واٹر رپورٹ 2022ء میں زور دے کر کہا گیا ہے کہ زیر زمین پانی کے تحفظ کے لیے زیادہ سرمایہ کاری اور بہتر ضوابط کی اشد ضرورت ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ یہ پانی گھریلو اور زرعی ضروریات پورا کرنے کے لیے ناگزیر ہے، تاہم اس کے غلط طریقے سے استعمال کو روکنے اور تحفظ کے انتظامات ناقص ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق دنیا کے کچھ خطوں میں زمینی پانی ڈرامائی حد تک استحصال اور آلودگی کا سبب بن رہا ہے جبکہ کئی دیگر خطوں میں زمینی پانی مقابلتاﹰ بہت کم استعمال ہو رہا ہے۔

[pullquote]جرمنی توانائی کے لیے متبادل پارٹنرز کی تلاش میں، نائب چانسلر ابوظہبی میں[/pullquote]

جرمن وزیر اقتصادیات رابرٹ ہابیک آج پیر اکیس مارچ کو متحدہ عرب امارات میں سیاسی مذاکرات کر رہے ہیں۔ ماحول پسندوں کی گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے ہابیک ابوظہبی میں متعدد وزراء کے ساتھ ملاقاتوں میں بالخصوص گرین ہائیڈروجن منصوبوں سے متعلق شراکت داری پر بات چیت کریں گے۔ اس بات چیت کا مقصد کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس کے اخراج کے بغیر قابل تجدید توانائی کی پیداوار کو فروغ دینے والے منصوبوں میں باہمی اشتراک عمل ہے۔ ایسے منصوبے مستقبل میں جرمنی کی روس سے درآمد کردہ گیس پر انحصار کو کم کرنے مین مدد دیں گے۔ جرمنی کے نائب چانسلر ہابیک نے کل اتوار کو دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بھی ملاقات کی تھی۔ جرمنی یوکرین میں روسی فوجی مداخلت کے بعد سے توانائی کے حصول کے لیے متبادل پارٹنرز کی تلاش میں ہے۔

[pullquote]یوکرینی جنگ کے تناظر میں امریکی صدر کا پولینڈ کا دورہ متوقع[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن آئندہ جمعے کو وارسا کے دورے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں وہ پولینڈ کے صدر آندریج ڈوڈا سے یوکرین پر روسی فوجی حملے کے بارے میں بات چیت کریں گے۔ واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر بائیڈن کے اس دورے کا مقصد پولینڈ کے صدر پر یہ واضح کرنا ہے کہ یوکرین پر روسی حملے سے پیدا شدہ بحران پر امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کا ردعمل کیا ہے۔ پولینڈ کے دورے سے قبل امریکی صدر جمعرات کو برسلز میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو، یورپی یونین اور جی سیون کے سربراہی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔

[pullquote]میانمار میں فوج نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی، امریکہ[/pullquote]

امریکہ نے روہنگیا مسلمانوں پر میانمار کی فوج کے مظالم کو باضابطہ طور پر نسل کشی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ اس فیصلے سے میانمار کے فوجی حکمرانوں پر بین الاقوامی دباؤ میں اضافہ ہو گا۔ ایک امریکی اہلکار نے اتوار کے روز بتایا کہ واشنگٹن نے میانمار میں فوج کی جانب سے روہنگیا مسلم اقلیت کے خلاف مدت سے جاری تشدد اور مظالم کو نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن آج پیر کے روز واشنگٹن کے ہولوکاسٹ میوزیم میں اپنے ایک خطاب میں بائیڈن انتظامیہ کے اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کرین گے۔ اس میوزیم میں ’برما کا نسل کشی کا راستہ‘ کے عنوان سے ایک تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

[pullquote]کییف میں رات بھر گولہ باری: شاپنگ سینٹر تباہ، کم از کم چھ افراد ہلاک[/pullquote]

یوکرینی دارالحکومت کییف پر رات بھر ہونے والی بمباری کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے ایک رپورٹر نے بتایا کہ اس گولہ باری سے شہر کے شمال مغربی حصے میں قائم ایک بڑا شاپنگ سینٹر بالکل تباہ ہو گیا۔ اس شاپنگ سینٹر کے سامنے کم از کم چھ لاشیں دیکھی گئیں۔ گولہ باری اتنی شدید تھی کہ اس شاپنگ سینٹر کی پارکنگ میں کھڑی کی گئی گاڑیاں تک پوری طرح تباہ ہو گئیں۔ یوکرین کی ایمرجنسی سروسز نے اتوار کی شب روسی حملوں کے دوران بمباری میں اس شاپنگ سینٹر میں چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]نیوزی لینڈ میں شدید طوفان کے نتیجے میں چار ہلاکتیں[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے شمالی جزیرے کو آج پیر کے روز ایک شدید طوفان نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس طوفان کے سبب ملک کے سب سے بڑے شہر آک لینڈ میں افراتفری دیکھنے میں آئی اور قریبی سمندر میں ماہی گیروں کی ایک بڑی کشتی بھی ڈوب گئی۔ اس کشتی کے ڈوب جانے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے، جن کی لاشیں تلاش کر لی گئی ہیں۔ ایک شخص ابھی تک لاپتہ ہے۔ اس طوفان کے ساتھ آک لینڈ اور دیگر شہروں میں شدید بارشیں بھی ہوئیں۔ ایک گھنٹے میں وہاں اتنی زیادہ بارش ہوئی، جتنی عموماﹰ پورے مہینے میں ہوتی ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے