تحریک عدم اعتماد مسترد : اتوار : 03 اپریل 2022 کی اہم ترین خبریں

[pullquote]تحریک عدم اعتماد مسترد : اسمبلیاں تحلیل،90 دن میں آئندہ انتخابات [/pullquote]

قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر اسمبلی قاسم سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں کرائی اور اسے غیر آئینی قرار دے کر مسترد کردیا۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ۔ تلاوت کلام پاک سے قومی اسمبلی اجلاس کا آغاز ہوا۔

اجلاس مقررہ وقت سے 38 منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی ارکان نے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے کون بچائے گا پاکستان، عمران خان عمران خان کے نعرے لگائے۔ تحریک انصاف کے 17 ارکان قومی اسمبلی اپوزیشن لابی میں بیٹھے ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر نے پہلے وقفہ سوالات شروع کرایا جس میں وزیر قانون فواد چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 7 مارچ کو ہمارے سفیر کو طلب کیا جاتا ہے اور اس میٹنگ میں ہمارے سفیر کو بتایا جاتا ہے کہ عمران خان کیخلاف عدم اعتماد پیش کی جا رہی ہے اور پاکستان سے تعلقات کا دارومداد اس عدم اعتماد کی کامیابی پر ہے، ہمیں کہا گیا کہ اگر عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوتی تو آپ کا اگلا راستہ سخت ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کیا یہ 22 کروڑ لوگوں کی قوم اتنی کمزور ہے کہ باہر کی طاقتیں ہماری حکومتیں بدل دیں، کیا یہ آئین کے آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی نہیں ہے؟ کیا پاکستانی عوام کتھ پتلیاں ہیں اور پاکستانیوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے؟ کیا ہم غلام اور اپوزیشن لیڈر کے بقول بھکاری ہیں، اگر ہم غیرت مند قوم ہیں تو یہ تماشہ مزید نہیں چل سکتا اور اس پر رولنگ آنی چاہیے۔

فواد چوہدری کی گفتگو کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے قائد حزب اختلاف کی جانب سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں کرائی بلکہ قاسم سوری نے کہا کہ وزیر قانون کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات بالکل درست ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے تحریک عدم اعتماد کو آئین و قانون کے منافی قرار دے کر مسترد کردیا اور اجلاس کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔ اجلاس میں عدم اعتماد کی تحریک پربحث بھی نہیں کرائی گئی۔

اپوزیشن نے شدید شور شرابا، ہنگامہ آرائی اور احتجاج شروع کردیا ہے۔ ایوان میں شدید نعرے بازی جاری ہے۔ ادھر حکومتی ارکان نے امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے کے نعرے لگائے۔

تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور خصوصا ریڈ زون میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ شہر اقتدار میں دفعہ ایک سو چوالیس بھی نافذ ہے، علاوہ ازیں میٹرو بس سروس کو بھی غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

[pullquote]صدر مملکت نے وزیراعظم کی تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کردی[/pullquote]

صدر مملکت نے وزیراعظم کی تجویز پر قومی اسمبلی توڑ دی جس کے بعد وفاقی کابینہ تحلیل ہوگئی، وزیراعظم نے کہا ہے کہ قوم عام انتخابات کی تیاری کرے، بیرون ملک سے پلانٹ کی گئی سازش ناکام بنانے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سرکاری ٹی وی کے ذریعے قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان ںے کہا کہ بیرون ملک سے پلانٹ کی گئی سازش کو آج ڈپٹی اسپیکر نے مسترد کردیا جس پر میں پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پوری قوم پریشان تھی کہ غداری ہورہی تھی، میں انہیں پیغام دے رہا ہوں کہ اس طرح کی سازش یہ قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی، ہم نے آئینی طاقت استعمال کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو مسترد کردیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور نئے انتخابات کی تجویز بھیج دی ہے، قوم عام انتخابات کی تیاری کرے، مجھے گزشتہ روز سے لوگ پیغامات دے رہے تھے کہ لوگ آپ سے غداری کررہے ہیں اور رقومات لے رہے ہیں، جنہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے پیسے لیے وہ ان رقومات کو لنگر خانوں میں دے دیں۔
صدر نے قومی اسمبلی تحلیل کردی

دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری موصول ہوگئی جسے انہوں نے منظور کرلیا جس کے بعد آئینی طور پر اب قومی اسمبلی تحلیل کردی۔

[pullquote]آئندہ انتخابات 90 دن میں ہوں گے[/pullquote]

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے ٹویٹ کیا کہ اسمبلی تحلیل ہوچکیں اب آئندہ 90 دن میں انتخابات ہوں گے، ‏غداروں اور ضمیر فروشوں عوام میں آؤ، بیرونی سازشوں اور بند کمروں سے باہر نکلو، اب آپ کو انتخابات سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دے گے۔

[pullquote]آرٹیکل 224 کے تحت وزیر اعظم اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے، فواد چوہدری[/pullquote]

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ تحلیل ہوچکی تاہم آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت وزیر اعظم اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔

[pullquote]ملک میں نئے انتخابات 90دن میں ہوں گے، فرخ حبیب[/pullquote]

اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد ملک میں نئے انتخابات 90دن میں ہوں گے۔

سوشل میڈیا کی سائٹ ٹویٹر پر وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم نے آئین کے آرٹیکل 58 کے تحت صدر کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس بھی بھیج دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیسا لگا سرپرائز! غداری کی اجازت نہیں دیں گے کسی صورت بھی، وزیراعظم عمران خان نے بیرونی سازش کو ناکام بنایا اور غداروں کی کانپیں ٹانگنا شروع ہوگئی ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ غدار پریشان اور عوام نہال ہیں جبکہ اسلام آباد میں ٹشو پیپرز کی کمی ہوگئی ہے۔

[pullquote]پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی 6 اپریل تک ملتوی کردیا گیا[/pullquote]

لاہور: اپوزیشن اور حکومتی بینچز سے شدید نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

اسپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج طلب کیا تھا، اور بتایا کہ نئے وزیراعلی کے انتخاب کے لئے ووٹنگ آج کے اجلاس میں ہوگی۔ تاہم جب آج پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو حکومتی اور اپوزیشن کے بینچز سے شدید نعرے بازی اور ہنگامہ آرائی کے بعد اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار کے لیے حکومت کی جانب سے پرویز الہیٰ اور متحدہ اپوزیشن نے حمزہ شہباز کو امیدوار منتخب کیا گیا ہے۔ دونوں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع تھی۔

جہانگیر ترین گروپ، علیم خان گروپ اور پی ٹی آئی اراکین نے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ ترین گروپ کے تین اور پی ٹی آئی نے چوہدری پرویز الہیٰ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]عامر لیاقت نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا[/pullquote]

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامرلیاقت نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں عامر لیاقت حسین نے کہا کہ ڈراما ختم ہونے کے بعد کہنا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم نے جو کچھ کیا، ثابت ہوگیاکہ اپوزیشن جو کچھ کررہی تھی درست کررہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں،آئین سے کس نے انحراف کیا اور منحرف کون ہے؟ فیصلہ عدالت کرے گی۔

[pullquote]چوہدری سرور کی پریس کانفرنس، برطرف گورنر پھٹ پڑے[/pullquote]

لاہور: برطرف گورنر پنجاب چوہدر محمد سرور کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ غیر آئینی کام کرنے سے بچ گیا۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ آئین کی پاسداری کو ترجیح دی، میں غیر آئینی کام کیسے کر سکتا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر آئینی کام سے بچنے کے لیے چند روز قبل استعفے کی پیشکش کر دی تھی۔

چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ساتھیوں کی مشاورت سے آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کروں گا۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے آج سوشل میڈیا کے ذریعے پہلے چوہدری سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے سے برطرف کرنے اور پھر ان کی جگہ عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کرنے کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔

[pullquote]تحریک عدم اعتماد مسترد، وزیر اعظم نے ہنستے ہوئے تصویر شیئر کردی[/pullquote]

وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کے بعد سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنی ہنستی ہوئی تصویر شیئر کی۔

وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی ہونے اور تحریک عدم اعتماد کی قرارداد مسترد ہونے کے بعد اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ہنستی ہوئی تصویر شیئر کی۔

تاہم عمران خان نے تصویر کے ساتھ کوئی کیپشن نہیں لکھا۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے سنسنی خیز اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں کرائی اور اسے آئین کے منافی قرار دیا اور قرارداد کو مسترد کردیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد اپوزیشن ارکان سراپا احتجاج ہیں جب کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے آئین کے خلاف ورزی پر استعفیٰ دے دیا ہے۔

[pullquote]جو کچھ ہوا ادارے کا اس سے کوئی تعلق نہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر[/pullquote]

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ جو کچھ ہوا ادارے کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوال کیا کہ کیا آج کے اقدامات میں فوج کی رضا مندی شامل تھی؟

اس پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے دو ٹوک جواب دیا ایبسولیوٹلی ناٹ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ جو کچھ ہوا ادارے کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

[pullquote]وزیراعظم اداروں کو غیر ملکی سازش کے ثبوت فراہم نہیں کر سکے: حامد میر[/pullquote]

جیو نیوز کے سینئر اینکر پرسن حامد میر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان حکومت کی تبدیلی کے لیے غیر ملکی سازش کے ثبوت ملکی تحقیقاتی اداروں کو فراہم نہیں کر سکے۔

وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کے دوران ایک خط لہراتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف ایک غیر ملکی سازش ہوئی ہے اور غیر ملکی فنڈنگ کے ذریعے حکومت کی تبدیلی کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اس خط کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کو بھی آگاہ کیا تھا جس کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا۔

حامد میر کا کہنا ہے گزشتہ روز بھی میں بتایا تھا وزیراعظم نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کو بین الاقوامی سازش کا بتایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا تھا یہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے اس کی تحقیقات کی جائیں، اداروں نے تحقیقات کے بعد وزیراعظم کو بتایا کہ ہمیں سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو بتایا گیا ہے کہ اگر آپ کے پاس ثبوت ہیں تو فراہم کریں تاکہ مزید تحقیقات کی جائیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ عسکری قیادت اپوزیشن کا پیغام لے کر آئی تھی لیکن پھر اگلے روز کہا کہ ہو سکتا ہے میرے کوئی ساتھی پیغام لےکر گئے ہوں۔

تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر شہباز شریف کے ردعمل کی ویڈیو وائرل

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے تحریک عدم اعتماد مسترد کرنے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے رد عمل کی ایک ویڈیو سامنے آگئی ہے۔

ویڈیو میں شہباز شریف کو تحریک عدم اعتماد کے مسترد کیے جانے پر منہ پر انگلی رکھے گھورتے دیکھا جاسکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر شہباز شریف کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا گیا۔

[pullquote]چیف جسٹس نے سیاسی صورتحال پر ازخود نوٹس لے لیا[/pullquote]

اسلام آباد: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو مسترد کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال کے بعد چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ازخود نوٹس لے لیا۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال پر ازخود نوٹس لے لیا ہے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے ساتھی ججز کو مشاورت کے لیے بلایا تھا۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ نے ساتھی ججز کو مشاورت کے لیے اپنےگھر پر بلایا ہے کیونکہ اتوار کی چھٹی ہونے کی وجہ سے سپریم کورٹ کورٹ کو تالے لگے ہوئے ہیں۔

بعد ازاں اطلاعات ملیں کہ سپریم کورٹ کے تالے کھول دیے گئے ہیں اور پیپلز پارٹی کے وکلاء عدالت پہنچ گئے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال اور عدالتی عملہ بھی سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔

[pullquote]عمران خان مزید 15 دن وزیراعظم رہیں گے: شیخ رشید[/pullquote]

اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ شیخ کا کہنا ہےکہ عمران خان مزید 15 دن وزیراعظم رہیں گے۔

ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ عام انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بغیر ہوں گے اور اپوزیشن کو خوش ہونا چاہیے کہ ان کی بغیر ووٹنگ الیکشن کی بات مانی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم سے ملاقات کی ہے اور میرا خیال ہے عمران خان مزید 15 دن وزیراعظم رہیں گے۔

شیخ رشید کاکہناتھا کہ میں یہی کہہ رہا تھا مسئلے کا حل الیکشن ہی ہے۔

[pullquote]اسپیکر کا فیصلہ حتمی ہے کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیاجا سکتا: فواد[/pullquote]

اسلام آباد: سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کاکہنا ہےکہ اسپیکر کا فیصلہ حتمی ہے کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیاجا سکتا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے جرات سے یہ فیصلہ کیا ، اسپیکر کا اختیار اس ضمن میں لامحدود ہے اور اسپیکر کا فیصلہ حتمی ہے کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیاجا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہماری گئی ہے لیکن پی ٹی آئی سیلیبریٹ کر رہی ہے اور ان کے آنسو آرہے ہیں، اگر اتنے شیر کے بچے ہیں توآئیں الیکشن لڑیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اسمبلی توڑنے کا اختیار آرٹیکل 58 کے تحت وزیراعظم کا ہے ، ملک میں 90 دن کے اندر انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ مارشل لاء کا کیوں خطرہ ہے ؟ سب کچھ آئین کے مطابق ہو رہاہے۔

[pullquote]وزیراعظم کی آئین شکنی پر چیف ایگزیکٹو سمیڈا احتجاجاً عہدے سے مستعفی[/pullquote]

چیف ایگزیکٹو اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( سمیڈا ) ہاشم رضا نے وزیراعظم عمران خان کی آئین شکنی پر احتجاجاً اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

چیف ایگزیکٹو سمیڈا ہاشم رضا نے اپنا استعفیٰ وزارت صنعت و پیداوارکو بھجوا دیا ہے۔

انہوں نے اپنے استعفےمیں لکھا ہےکہ حالیہ سیاسی چپقلش ملکی مفاد میں نہیں ہے، ملک کو آئین کے تحت ہی چلنا چاہیے، ان حالات میں وہ مزید کام نہیں کر سکتے۔

[pullquote]جب تک عدالت کا فیصلہ آئےگا الیکشن کے دن آچکے ہوں گے، شیخ رشید[/pullquote]

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ سپریم کورٹ یا کسی بھی عدالت جائیں اسپیکر کی رولنگ کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا، جب تک عدالت کا فیصلہ آئےگا الیکشن کے دن آچکے ہوں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ اور الیکٹڈ کا طعنہ دینے والوں کی اچکنیں نیکروں میں بدل گئی ہیں، عوام میں جائیں مقابلہ کریں، الیکشن شفاف ہوں گے اور بغیر مشینوں کے ہوں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک ماہ سےکہہ رہا تھا کہ چیری بلاسم والوں کی اچکنیں نیکریں بنیں گی، خود تو یہ اس قابل نہیں رہ گئےکہ اپنے حلقوں میں جا سکیں، یہ جو انہوں نے 18، 18 کروڑ روپے لیا یہ پناہ گاہوں کو دے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے الیکشن کے لیے میں دو مہینے سے رو رہا ہوں، میں تو ایمرجنسی کی بات کرتا تھا، وزیراعطم نے مسترد کردی،میں نے گورنر راج کی بھی بات کی تھی، سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ انتخاب کا راستہ اختیار کیا جائے۔

انہوں نےکہا کہ اپوزیشن نے عمران خان کو مقبول بنا دیا ہے، حلقے میں جاتے ہیں تو لوگ وکٹری کانشان بناتے ہیں، خاص طور پر بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ہے، وہاں کے 72 چینل صف ماتم کر رہے ہیں۔

[pullquote]اقتدار کی ہوس میں ڈوبے جنونی شخص نے آئین کو پاؤں تلے روند دیا، نواز شریف[/pullquote]

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے نئی رونما ہونے والی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار کی ہوس میں ڈوبے ہوئے جنونی شخص نے آج آئین کو پاؤں تلے روندا ہے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ ’اپنی انا کو ملک و قوم پر مقدم رکھنے والے عمران خان اور اس سازش میں ملوث تمام سازشی کردار سنگین غداری کے مجرم ہیں جن پر آرٹیکل 6 کا اطلاق ہوتا ہے‘۔

لندن میں زیر علاج قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ زیادتی اور آئین کی بے حرمتی کا حساب لیا جائے گا۔

[pullquote]اپوزیشن کو ابھی تک سمجھ نہیں آ رہی ہے اُن کیساتھ ہوا کیا ہے، وزیراعظم[/pullquote]

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو ابھی تک سمجھ نہیں آ رہی ہے اُن کیساتھ ہوا کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو ابھی تک سمجھ نہیں آ رہی ہے اُن کیساتھ ہوا کیا ہے، کل شام کو آپ کے پاس آیا تو مجھے آپ لوگوں کو کہنا پڑا گھبرانا نہیں ہے، یہ آپ کو کل نہیں بتا سکتا تھا، ورنہ اپوزیشن آج اتنی شاکڈ نہ ہوتی۔

عمران خان نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ ہوئی تھی جس میں آرمی چیف سمیت تمام سروسز چیفس موجود تھے، جو پیغام ہمارے سفیر کو دیا گیا تھا وہ سلامتی کی میٹنگ میں زیر بحث آیا، پاکستانی سفیر کی امریکی اہلکار ڈونلڈ لو یا جو بھی اس کا نام تھا سے ملاقات ہوئی، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے واضح طور پر کہا لیٹر اور عدم اعتماد میں بیرونی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ تصدیق کی گئی کہ باہر سازش بنی اور پاکستان میں مداخلت کی گئی، لیکن اپوزیشن نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کو اہمیت ہی نہیں دی، ملک کی اعلیٰ ترین باڈی جب یہ کنفرم کر دیتی ہے تو پھر عدم اعتماد اور نمبر کا کوئی مقصد ہی نہیں رہتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عدم اعتماد بیرونی سازش تھی، جس میں حکومت تبدیلی کی کوشش کی گئی، ہمیں چھوڑنے والے منحرف ارکان سے سفارتخانے کے لوگ مل رہے تھے، سفارتی اہلکار ملک کے سربراہوں سے ملتے ہیں لیکن ان لوگوں سے ملنے کا کیا مقصد تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے