منگل : 12 اپریل 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، امریکہ[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکہ بھارت میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ کا بھارتی وزراء کی موجودگی میں اس طرح کا بیان ایک غیر معمولی بات ہے۔ اسے واشنگٹن کی جانب سے نئی دہلی کے لیے براہ راست سرزنش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی رکن الہان عمر نے چند روز قبل ہی انسانی حقوق کے حوالے سے مودی کی حکومت پر تنقید کرنے میں امریکہ کی مبینہ ہچکچاہٹ پر سوال اٹھایا تھا، جس کے بعد بلنکن کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔

[pullquote]اپنی یوکرین فوجی مہم کے ’عظیم مقاصد‘ حاصل کر لیں گے، صدر پوٹن[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ وہ یوکرین میں جاری اپنی فوجی مہم کے ’عظیم مقاصد‘ حاصل کر لیں گے۔ روسی نیوز ایجنسی کے مطابق صدر پوٹن نے مزید کہا کہ ملک کی حفاظت اور یوکرین میں روس مخالف فورسز کا مقابلہ کرنے کے لیے ان کے پاس فوجی مہم کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا تھا۔ روس نے چوبیس فروری کو اپنے ہزاروں فوجی یوکرین پر حملہ کرنے کے لیے بھیج دیے تھے لیکن انہیں ابھی تک یوکرینی فورسز کی شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ امریکہ سمیت مغربی ممالک یوکرین کو ہتھیار اور مدد فراہم کر رہے ہیں۔

[pullquote]یوکرین جنگ کی وجہ سے امریکا میں ریکارڈ مہنگائی[/pullquote]

امریکہ میں گزشتہ بارہ ماہ کے دوران افراط زر کی شرح ریکارڈ 7.9 فیصد تک بڑھی ہے۔ امریکہ میں گزشتہ چالیس برسوں میں ہونے والی یہ سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔ اس میں تیز ترین اضافہ یوکرین جنگ کے بعد ہوا ہے۔ ماسکو کے خلاف مغربی ممالک نے پابندیاں عائد کر دی تھیں اور اس کے نتیجے میں پٹرول کے ساتھ ساتھ دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیوں کہ توانائی اور خوراک کی طویل عرصے تک جاری رہنے والی ترسیل میں رکاوٹوں کے خطرات انتہائی بڑھ چکے ہیں۔

[pullquote]روسی خام تیل پر پابندیاں لازمی ہیں، زیلنسکی[/pullquote]

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے ایک بار پھر مغرب سے روس پر عائد پابندیوں کو مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی خام تیل پر پابندیاں عائد کرنا لازمی ہیں۔ دوسری جانب یورپی یونین کے وزرائے خارجہ پیر کو روسی تیل یا گیس پر پابندی کے کسی معاہدے پر پہنچنے میں ناکام رہے۔ یوکرین جنگ کی وجہ سے یورپ میں پہلے ہی تیل اور گیس کی قیمتیں تقریباﹰ دگنی ہو چکی ہیں۔ دریں اثناء یوکرین میں لڑائی جاری ہے۔ حکام کے مطابق شمال مشرقی خارکیف میں روسی توپ خانے کی فائرنگ سے کم از کم آٹھ شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔

[pullquote]فرانس نے چھ روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کر دیا[/pullquote]

فرانس نے چھ روسی شہریوں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دیتے ہوئے ملک بدر کر دیا ہے۔ پیرس میں وزارت خارجہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ افراد سفارت کاروں کا روپ دھار کر بطور خفیہ ایجنٹ کام کر رہے تھے۔ قبل ازیں فرانسیسی خفیہ ایجسنی نے کہا تھا کہ انہوں نے ملک میں جاری ایک خفیہ آپریشن کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس حوالے سے ماسکو حکومت کا ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ایک ہفتہ قبل فرانسیسی حکومت نے 35 روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب ان چھ افراد کو بھی اس فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی پولیس افسر کو چاقو مارنے والا فلسطینی ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی پولیس کے مطابق منگل کے روز بندرگاہی شہر عسقلان میں ایک فلسطینی نے ایک پولیس افسر پر چاقو سے وار کیا، جسے جوابی کارروائی کے دوران ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ چالیس سالہ حملہ آور کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے فلیش پوائنٹ شہر ہیبرون سے تھا۔ پولیس افسر کو معمولی زخم آئے ہیں۔حالیہ کچھ دنوں میں ایک مرتبہ پھر اسرائیلیوں اور فلسطینیوں میں کشیدگی بڑھی ہے۔ مارچ کے اواخر سے متعدد اسرائیلی شہروں میں فائرنگ، چاقو مارنے اور راہ گیروں پر گاڑی چڑھانے کے واقعات میں 14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسی عرصے کے دوران اسرائیلی فورسز حملہ آوروں سمیت 15 فلسطینیوں کو ہلاک کر چکی ہیں۔

[pullquote]مظاہروں سے سری لنکا کی معیشت کی تعمیر نو کو نقصان پہنچ رہا ہے، وزیراعظم[/pullquote]

سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے نے مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ ہفتوں سے جاری احتجاجی مظاہرے ختم کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح سری لنکا کی معیشت کی تعمیر نو کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ دوسری جانب مظاہرین حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سری لنکا کو گزشتہ کئی دہائیوں میں بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے۔ سری لنکا کم ہوتے ہوئے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی وجہ سے دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔

[pullquote]یورپی یونین نے مالی میں جاری متعدد آپریشن محدود کر دیے[/pullquote]

یورپی یونین نے مالی میں کرائے کے روسی فوجیوں اور ملک کی حکمران جنتا کے درمیان روابط کی وجہ سے وہاں جاری کچھ مشن ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ اس خطے میں امن کے لیے پرعزم ہے۔ برسلز کے اس اعلان نے خطے میں یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے امن مشن کے مستقبل پر مزید شکوک پیدا کر دیے ہیں۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ یوزیپ بوریل نے کہا کہ اگرچہ کچھ تربیتی کارروائیاں ختم ہو جائیں گی تاہم یورپی یونین کی شمولیت جاری رہے گی۔ مالی حکومت نے اسلام پسند جنگجوؤں سے لڑنے کے لیے متعدد ممالک کے کرائے کے فوجیوں کو ملک میں تعینات کر رکھا ہے۔

[pullquote]یوکرین میں جنسی زیادتیوں کے شواہد بڑھ رہے ہیں، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین نے یوکرین جنگ میں روسی فوجیوں پر جنسی زیادتیاں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ادارہ برائے خواتین کی ڈائریکٹر سیما باہوس نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ بڑے پیمانے پر نقل مکانی، کرائے کے فوجیوں کے استعمال اور شہری آبادی کے خلاف بربریت نے ایسے خطرات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں روس کے سفیر دیمتری پولیانسکی نے ان الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک شہریوں کے خلاف جنگ نہیں لڑ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین اور اس کے اتحادی پروپیگنڈا کرتے ہوئے روسی فوجیوں کو ’بدمعاش اور ریپسٹ‘ کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے