کراچی سے لاہور جا کر پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرہ کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کی عمر 15 سے 16 سال کے درمیان ہے۔
دستیاب میڈیکل رپورٹ کے مطابق دعا زہرہ کی عمر کے تعین کے لیے ہڈیوں اور دانتوں کے ایکسرے اور بلڈ ٹیسٹ سمیت دیگر ٹیسٹ کیے گئے۔میڈیکل رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مختلف ٹیسٹوں کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ ’دعا زہرا کی عمر 15 اور 16 کے درمیان ہے جبکہ ان کی جسمانی اور دانتوں کے معائنے کے مطابق ان کی عمر 15 سال کے قریب ہے۔‘
واضح رہے کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں دعا زہرہ کے ٹیسٹ سنیچر کو کر لیے گئے تھے۔سندھ پولیس کی خصوصی ٹیم نے دعا زہرہ کو اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے حوالے کیا جس کے بعد ان کے میڈیکل ٹیسٹ کروائے گئے۔
میڈیکل بورڈ نے دعا زہرہ کے والدین کو بھی طلب کیا تھا اور دعا کی میڈیکل ہسٹری معلوم کی۔
یاد رہے کہ دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کی درخواست پر عدالت نے دعا زہرہ کی عمر کے تعین کے لیے بورڈ قائم کرنے کے احکامات دیے تھے۔ میڈیکل بورڈ نے سات روز میں دعا زہرہ کی عمر کے تعین کی رپورٹ پیش کرنا تھی۔
اس ضمن میں محکمہ داخلہ سندھ نے پنجاب پولیس کو ایک خط لکھا تھا جس میں دعا زہرہ کو کراچی منتقلی کے لیے مدد طلب کی تھی۔ڈی ایس پی شوکت علی کی سربراہی میں ٹیم دعا زہرہ کو لے کر لاہور سے کراچی پہنچی۔
عدالتی حکم پر بننے والے میڈیکل بورڈ کا پہلا اجلاس 29 جون کو کراچی میں ہوا تھا تاہم دعا زہرہ کے کراچی میں نہ ہونے کی وجہ سے پہلا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ہی ختم کردیا گیا تھا۔اس کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے پنجاب پولیس کو ایک خط لکھا اور سندھ پولیس کو پنجاب سے دعا زہرہ کو لانے کا کہا گیا۔