اسلام آباد پولیس نے پنجاب میں پی ٹی آئی مظاہرین کیخلاف کارروائی کی اجازت مانگ لی

راولپنڈی / اسلام آباد: وفاقی پولیس نے سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر کو خط لکھ کر اسلام آباد ائیرپورٹ کو جانے والے ایم ون اور ایم ٹو کو کلئیر کرنے کی اجازت مانگ لی۔

پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کے نتیجے میں راستوں کی بندش کی وجہ سے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ آنے جانے والے مسافروں و شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پولیس نے خط میں کہا کہ ائیرپورٹ کا شمار اہم تنصیبات میں ہوتا ہے، جس کے راستے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، آئین کے آرٹیکل 97/149اور 151ائیرپورٹ اور اس کے راستوں کی حفاظت کی ضمانت دیتے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ اسلام آباد ائیر پورٹ اور راستے انتظامی طور پر پنجاب کی حدود میں ہیں، تمام وی وی آئی پیز کی نقل و حرکت اسی راستے سے ہوتی ہے، ائیرپورٹ پر ناخوشگوار واقعہ ملک کے لئے بدنامی کا باعث بن سکتا ہے، ٹھلیاں اور پشاور موٹروے پر رکاوٹیں مشکلات کا سبب بن رہی ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا کہ اسلام آباد پولیس کو مکمل اختیارات دے کر راستے خالی کرانے کا حکم دیا جائے، آئین کے تحت چیف سیکرٹری پنجاب اور پولیس چیف کو واضح ہدایات دی جانی چاہئیں، اس حوالے سے تمام صوبوں کو واضح ہدایات دی جانی چاہئیں کہ تین ٹول پلازوں تک رسائی دی جائے۔

[pullquote]راولپنڈی؛ پی ٹی آئی کا دھرنا آج بھی جاری، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ بند[/pullquote]

راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر میں پی ٹی آئی کا دھرنا آج دوسرے روز بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے تعلیمی اداروں کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر بند ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف راولپنڈی کے مری روڈ پر پارٹی کارکنوں کا دھرنا دوسرے روز میں داخل ہوگیا، جس کی وجہ سے سڑک بند ہونے سے ٹریفک کا نظام آج بھی درہم برہم ہے جب کہ دھرنے کی وجہ سے شہر کے تمام تعلیمی اداروں میں آج چھٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کارکنان گزشتہ رات سے مری روڈ پر دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ مرکزی شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے اسلام آباد جانے والا راستہ بھی بند ہے۔ احتجاج کے باعث مری روڈ پر پبلک ٹرانسپورٹ اور شمس آباد کے قریب کاروباری مراکز مکمل بند ہیں جب کہ جڑواں شہروں کے درمیان میٹرو بس سروس معمول کے مطابق چل رہی ہے۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کارکنوں کے احتجاج کی وجہ سے مری روڈ اقبال پارک کے مقام پر بھی دونوں جانب سے بند ہے۔ اس کے علاوہ آئی جے پی روڈ، پیرودھائی موڑ روڈ اور سلپ ٹرن کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند ہے۔ اُدھر ٹیکسلا جی ٹی روڈر تہ شاہ مارگلہ کے مقام پردونوں اطراف سے بندہے۔

دوسری جانب سرائے کالا چوک بھی احتجاج کے باعث بند ہے۔ اولڈ ائرپورٹ روڈ گلزار قائد دونوں جانب سے ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ جہلم روڈ سواں اور کچہری چوک کی جانب ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ راولپنڈی مال روڈ و پشاور روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کارکنوں کا موٹروے ایم 2 پر دوسرے روز بھی احتجاج جاری ہے، جس میں مظاہرین نے ٹائر اور موٹروے کے اطراف میں لگیں جھاڑیاں اور درخت جلا ڈالے ، جس سے ایم 2 موٹروے دونوں طرف سے بند ہوگیا، شہریوں و مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

موٹر وے کے دونوں جانب ٹریفک کی لمبی قطاریں رات سے موجود ہیں، جس میں درجنوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ موٹروے بند ہونے سے شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں۔ واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر اسمبلی واثق قیوم نے گزشتہ روز موٹر وے پر دھرنے کا اعلان کیا تھا۔ موٹروے ایم 2 بندش سے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ جانے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے