ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس؛ شعیب شیخ کو ہر سماعت پر پیش ہونے کا حکم

اسلام آباد: ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں ہائی کورٹ نے کیس التوا کا شکار ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے شعیب شیخ کو ہر سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں شعیب شیخ و دیگر کی سزا کے خلاف اپیلوں اور ایف آئی اے کی شعیب شیخ سمیت دیگر کی سزا معطلی واپس لینے کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، جس میں ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ یہ دو سماعتوں پر نہیں آتے، پھر وارنٹ نکلتے ہیں تو آتے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کرمنل معاملہ ہے، چار پانچ سال سے اپیل چل رہی ہے اور یہ عدالت سے چھپن چھپائی کر رہے ہیں۔ اس طرح کرتے ہیں ضمانت واپس لے لیتے ہیں اور ان کو جیل بھیج دیتے ہیں، پھر 2031ء کے لیے کیس مقرر کر دیتے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کے روبرو مقدمے کی سماعت میں وکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ پچھلی سماعت پر آرڈر ہوا تھا کہ شعیب شیخ حاضر ہو ۔ عدالت آئندہ کے لیے شعیب شیخ کو عدالت حاضری سے استثنا دیدے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں 4 سال سے یہ اپیلیں کیوں زیر التوا ہیں۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ 5 جولائی 2018ء کو سزا ہوئی تو یہ کورٹ سے بھاگ گئے ۔ ان کی ضمانت خارج ہوئی تو کورٹ سے بھاگ گئے ۔ 28 ستمبر 2018ء کو انہوں نے سرنڈر کیا، پھر اس میں نوٹس ہوئے، 23 اکتوبر 2018ء کو سزا معطل ہوئی.

عدالت نے شعیب شیخ کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ فیصلہ کر لیں کہ کس نے بحث کرنی ہے۔ میں نے مریم نواز کے کیس میں بھی لکھا ہے کہ کیسز زیر التوا ہونا ہمارے سسٹم پر دھبہ ہے۔ عدالت نے شعیب شیخ کو ہر سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی جانب سے بار بار بات کرنے کی کوشش کی گئی، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں عدالت نے شعیب شیخ کی مستقل استثنا کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے