اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کو ایک ارب 30 کروڑ ڈالر دینے کا فیصلہ کر لیا ہے،یہ رقم ایمرجنسی، زراعت اور ہاؤسنگ ریلیف کیلیے فراہم کی جائیگی۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے نقصانات کے پیش نظر زراعت اور گھروں کی سہولت کیلیے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کیلیے منصوبہ بنا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کیساتھ اجلاس میں عالمی بینک کے ریجنل ڈائریکٹر برائے پائیدار ترقی جان اے رومی نے کہا کہ عالمی قرض دہندہ ادارے کے بورڈ کا اجلاس دسمبر میں ہوگا جس سے منظوری کے بعد فنڈز جاری کیے جائیں گے۔
اجلاس میں طارق بشیر چیمہ نے بتایا کہ حالیہ سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں کسانوں کا بھاری نقصان ہوا ہے، ہم غریب کسانوں کی معاونت اور بحالی میں مدد کیلیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
عالمی بینک کے وفد نے وفاقی وزیر ایاز صادق سے بھی ملاقات کی جس میں انھوں نے کہا کہ وزارت اقتصادی امور نے عالمی بینک کیساتھ معاہدوں پر دستخط کرنیکی سہولت فراہم کرنے سے اپنے کردار کو تبدیل کرکے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ منصوبوں کی نگرانی کی جائے اور فنڈز کا بہترین استعمال کیا جائے۔