علیم ڈار100 ٹیسٹ میچز سپروائز کرنے والے دنیا کے تیسرے امپائر بن گئے

پاکستانی امپائر علیم ڈار نے دنیائے کرکٹ میں ایک اور تاریخ رقم کردی ہے اور آج ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے اور ایشیا کے پہلے امپائر بن گئے ہیں۔

علیم ڈار آج سے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے میدان میں اترے تو بطور امپائر یہ ان کا 100 میچ تھا۔ میچ سے قبل علیم ڈار کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

[pullquote]47 سالہ سابق رائٹ ہینڈ بیٹسمین اور آف اسپنر علیم نے اپنے 12 سالہ پلیئنگ کیریئر میں 17 فرسٹ کلاس میچز کھیلے۔ کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد انھوں نے بطور امپائر کیریئر کی دوسری اننگز کا آغاز کیا، وہ پہلی مرتبہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان گوجرانوالہ میں 2000 میں کھیلے گئے ون ڈے میں بطور امپائر کھڑے ہوئے، پھر 3 برس بعد ڈھاکا میں بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میں امپائرنگ کی اور آج تک وہ 100 ٹیسٹ، 178 ون ڈے اور 35 ٹوئنٹی 20 میچز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
[/pullquote]

علیم ڈار کو2004 میں آئی سی سی امپائر الیٹ پینل میں منتخب کیا گیا، جلد ہی وہ دنیا کے معتبر اور قابل احترام امپائر بن گئے، انھوں نے 2009، 2010 اور 2011 میں دنیا کے بہترین امپائر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا، 2011 میں ہی علیم کو پاکستان کا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ ’پرائڈ آف پرفارمنس‘ دیا گیا، 2013 میں انھیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

علیم ڈار نے کہا ہے کہ میں بہت خوش اور اپنے کیریئر کا اہم سنگ میل عبور کرنے پر فخر محسوس کررہا ہوں، میں حیران ہوں کہ وقت کتنا تیزی سے گزر جاتا ہے، مجھے شائقین، پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کی جانب سے بے پناہ محبت اور حوصلہ افزائی ملی، جس کے بغیر میرا اس مقام تک پہنچنا ناممکن تھا۔ آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ جیف ایلرڈائس کا کہنا ہے کہ علیم عالمی کرکٹ کے انتہائی بہترین اور قابل احترام امپائر ہیں۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ویسٹ انڈین امپائر اسٹیو بکنر سب سے زیادہ 128 میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر روڈی کوئٹزن نے 108 ٹیسٹ میں امپائرنگ کا فریضہ انجام دیا اوردونوں امپائرز اب ریٹائر ہوچکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے