اسلام آباد: ایف نائن پارک میں مسلح افراد کی لڑکی سے اجتماعی زیادتی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف نائن پارک میں خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

اسلام آباد کے سب سے بڑے تفریحی مقام پر لڑکی کے ساتھ زیادتی کے معاملے کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی دوست کے ساتھ پارک میں تھی جہاں دو ملزمان نے اسلحے کی نوک پر اُسے یرغمال بنایا اور اُسے جنگل کی طرف لے گئے۔

میاں چنوں کی رہا ئشی متاثرہ لڑکی نے پولیس کو رپورٹ لکھواتے ہوئے بتایا کہ ممتاز سٹی میں کام کرتی ہوں ، 2 فروری کو شام تقریباً 8 بجے کے بعد میں اپنے کولیگ امجد کے ساتھ اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں موجود تھی تقریباً 15-20 منٹ بعد 2 آدمیوں نے ہمیں گن پوائنٹ پر روکا اور ہمیں جنگل کی طرف لے گئے ، جب میں نے ان سے بولا کہ جو کچھ لے کر جانا ہے لے جاؤ تو ان لوگوں نے مجھے مارا کہ آواز نہ آئے اور ہمیں جنگل کی جانب لے گئے اور میرے کولیگ امجد کو علیحدہ کر لیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا

اور مجھے ان میں سے ایک نے پوچھا کہ تمھارا اس لڑکے سے کیا تعلق ہے اور یہاں کیا کر رہی ہو! میرے اونچا جواب دینے پر اس نے میرے منہ پر تھپڑ مارا اور مجھے ڈرایا دھمکایا کہ اگر تمھاری آواز اونچی ہوئی تو اپنے باقی 6/7 بندوں کو بھی بلا لوں گا اور تمھیں پتہ بھی نہیں لگے گا کہ وہ تمھارا کیا حشر کریں گے اس کے بعد انہوں نے میری تلاشی لی اور پوچھا کیا ہے تمھارے پاس تو میں نے کہا میرے پاس ایک روپیہ بھی نہیں ہے ابھی تو اس نے مجھے خاموش ہونے کا کہا اور میرے بال بھی بری طرح جھنجھوڑے اور مجھے دھکا دیکر لٹایا اور میرے ساتھ غلط کام کیا

جب میں نے موقع دیکھ کر اس کی گن چھیننے کی کوشش کی تو اس نے گن میری ٹانگ پر زور سے ماری اور میرے منہ پر میرا کوٹ ڈال دیا اور اس کے بعد اس نے میرے کپڑے دوسری جگہ پر پھینک دئیے تاکہ میں بھاگ نہ سکوں اور پھر اس نے اپنے دوست کو بھیجا جو کہ زیادہ عمر کا نہیں تھا جب وہ آیا تو میں نے اُسے کہا دیکھو تُم میرے بھائی ہو تُم مجھ سے پیسے لے لو لیکن کچھ مت کرنا لیکن اس نے بھی بات نہیں مانی اور میرے ساتھ غلط کام کیا اور اس کے بعد مجھ سے پوچھنے لگ گیا کہ کیا کرتی ہو اور اس ٹائم پارک مت آیا کرو اور مجھے کہا کہ ہم آپ کا موبائل وغیرہ بھی دیتے ہیں،

اس کے بعد ان لوگوں نے ہمیں سب چیزیں واپس کیں اور ساتھ میں 1000 کا نوٹ بھی دیکر گئے کہ کسی کو کچھ مت بتانا اور پھر وہ لوگ ہمیں وہاں بیٹھنے کا کہہ کر خود جنگل کی طرف فرار ہو گئے

مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ملزمان نے مجھے جنگل میں لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنایا اور معاملے کو چھپانے پر زور دیا، اگر کسی کو بھی اس بارے میں بتایا تو تمہیں جان سے مار دیں گے۔ اے ایس آئی تھانہ مارگلہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پولیس ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرلے گی۔

ذرائع کے مطابق ایف نائن پارک میں اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

اُدھر اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ وقوعہ سے متعلق اسپیشل یونٹ برخلاف جنسی جرائم تفتیش کررہا ہے، تفتیش کی نگرانی سی پی او آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ کررہے ہیں، وقوعہ کے وقت پارک میں موجود لوگوں اور انتظامیہ سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے جبکہ مشکوک افراد کے ڈی این اے بھی لئے جارہے ہیں، کیمروں اور انٹیلیجنس کی بنیاد پر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جلد اصل ملزمان کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے