افغانستان نے پاکستان کو ٹی 20 سیریز میں شکست دیکر نئی تاریخ رقم کردی

[pullquote]طالبان کی پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں فتح پر افغان ٹیم کو مبارک باد[/pullquote]

دوحا: طالبان حکومت نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرنے پر افغان کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان کرکٹ ٹیم نے شارجہ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو مسلسل دوسری بار شکست دیکر تاریخ میں پہلی بار سیریز اپنے نام کرلی۔

افغان ٹیم کی تاریخی فتح پر مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔ طالبان حکومت نے بھی اپنی ٹیم کو مبارک باد دی۔ اقوام متحدہ میں افغانستان کے مستقل نمائندے اور طالبان قطر دفتر کے سربراہ سہیل شاہین نے ٹوئٹر پر مبارک باد دی۔

سہیل شاہین نے لکھا کہ راشد خان، نصیب زدران، میرویس اشرف اور قومی کرکٹ ٹیم کے تمام چیمپئنز اور افغان عوام کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز جیتنے پر مبارکباد۔ کامیاب و کامران نوجوان بنیں۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آخری میچ آج شارجہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

[pullquote]پاکستان سے جیت، افغان کھلاڑیوں پر آئی فون، ڈالرز کی برسات[/pullquote]

شارجہ: افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو ٹی 20 میچز میں شکست دینے والے کھلاڑیوں کے لیے ہزاروں ڈالراور جدید آئی فون کے انعام کا اعلان کردیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں افغان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین کو افغان ٹیم کے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نے اس موقع پر 15 رکنی ٹیم کو جدید آئی فون اور 3 ہزار ڈالرز دینے کا اعلان کیا۔افغان ٹیم کے ریزرو کھلاڑیوں کو بھی 2 ہزار ڈالر دیئے جائیں گے۔ ایڈمن اسٹاف کو ایک ہزار ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔

افغانستان نے شارجہ میں جاری تین میچز پر مشتمل ٹی 20 ٹوئنٹی سیریز کے پہلے دو میچز میں پاکستان کو شکست دی ہے۔ سیریز کا آخری میچ آج کھیلا جائے گا۔

[pullquote]افغانستان نے پاکستان کو ٹی 20 سیریز میں شکست دیکر نئی تاریخ رقم کردی[/pullquote]

شارجہ: افغاستان نے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی پاکستان کو ہراکر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔

یہ افغانستان کی پاکستان کیخلاف کسی بھی انٹرنیشنل میچ میں دوسری کامیابی ہے اور پہلی سیریز ہے جو وہ پاکستان کیخلاف جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔

پاکستان کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا ہدف افغان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کرلیا، افغانستان کے رحمان اللہ گرباز 44، ابراہیم زادران 38 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ نجیب اللہ زادران 23 اور محمد نبی 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی طرف سے زمان خان اور احسان اللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں ہونیوالے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن پاکستان کا ٹاپ آرڈر افغان بولرز کے سامنے ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوا۔ پاکستان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 130 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی طرف سے اوپنر صائم ایوب اور محمد حارث بیٹنگ کیلئے آئے مگر پہلے اوور کی دوسری گیند پر صائم ایوب کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، اگلی ہی گیند پر عبداللہ شفیق بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

تیسرے اوور میں 20 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد حارث بھی 15 رنز بناکر چلتے بنے، طیب طاہر 13 اور اعظم خان 1 رن بناکر پویلین لوٹ گئے، عماد وسیم اور کپتان شاداب خان نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا، عماد وسیم 64 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شاداب خان اننگز کی آخری گیند پر رن لینے کی کوشش میں 32 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔

افغانستان کی طرف سے فضل الحق فاروقی نے 2 جبکہ راشد خان، کریم جنت اور نوین الحق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی20 میچ کیلئے محمد نواز کی جگہ فہیم اشرف کو فائنل الیون میں شامل کیا تھا جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شاداب خان، محمد حارث، عبداللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، عماد وسیم، زمان خان، احسان اللہ، طیب طاہر، نسیم شاہ اور صائم ایوب شامل تھے۔

قبل ازیں پہلے ٹی20 میچ میں افغانستان نے پہلی بار پاکستان کو شکست دی تھی۔ یہ افغانستان کی پاکستان کے خلاف کسی بھی بین الاقوامی میچ میں پہلی فتح تھی۔

واضح رہے کہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 27 مارچ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

[pullquote]نئے کھلاڑی بابراعظم جیسا نہیں کھیل سکتے، حوصلہ افزائی کرنا ہوگی، شاداب[/pullquote]

شارجہ: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

شارجہ میں افغانستان کیخلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں کپتان شاداب خان نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر تنقید نہ کی جائے۔ یہی پلیئرز مستقبل میں پرفارم کریں گے۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ سب کہتے تھے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو چانس دینا چاہیے۔ نئے کھلاڑی غلطیاں بھی کریں گے وہ آتے ہی بابر اعظم کی طرح تو نہیں کھیل سکتے۔ اس کے لیے تھوڑا وقت لگتا ہے۔

شاداب خان نے مزید کہا کہ اس سیریز کا مقصد اپنی بینچ اسٹرینتھ کو چیک کرنا تھا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کے لیے مستقبل میں اچھی پرفارمنس دیں گے۔ افغانستان نے 3 میچز کی ٹی 20 سیریز میں 2 میچز جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا آخری میچ آج شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

[pullquote]افغانستان کیخلاف ٹی 20 سیریز میں شکست، شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا[/pullquote]

کراچی: افغانستان کیخلاف ٹی 20 سیریز میں شکست پر سابق کرکٹر شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی مسلسل دو ٹی 20 میچز میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا قابل تعریف ہے۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر بھروسہ کرنا پی سی بی کا اچھا اقدام ہے لیکن سینئر کھلاڑیوں کو بینچ پر بٹھانے کےبجائے نئے کھلاڑیوں کے ساتھ ہونا چاہیے تھا تاکہ وہ فیلڈ کا تجربہ حاصل کرسکتے۔

شاہد آفریدی نے افغان ٹیم کو جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہترین کرکٹ کھیلی۔ راشد خان ہمیشہ کی طرح شاندار رہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے