ایبٹ آباد کی ایک مسجد میں مسیحی بچوں کے لیے کرسمس کی تقریب کا انعقاد

ایبٹ آباد کی ایک مسجد میں مسیحی بچوں کے لیے کرسمس کی تقریب کاانعقاد کیا گیا، جس میں مدرسے کے مسلمان طلبہ و طالبات نے مسیحی بچوں کو اسکول بیگ اور کرسمس کے گفٹ پیش کیے ۔

تقریب کا اہتمام مدنی جامع مسجد و مدرسہ ترتیل القرآن کے طلبہ و طالبات نے رحمت للعالمین اتھارٹی اور پیس اینڈ ایجوکیشن کی معاونت سے کیا تھا ۔ مسلم علما اور طلبہ نے مسیحی بچوں اور فادرز کی آمد پر گل پاشی کی اور انہیں ویلکم کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رحمت للعالمین اتھارٹی کے چئیرمین خورشید احمد ندیم نے کہا کہ مسلمانوں اور مسیحیوں کے درمیان بے شمار مشترکات ہیں ۔

تقریب سے مسجد کے امام اور معروف عالم دین مولانا سید اکبر علی شاہ ، مسیحی رہ نما ذاکر پال ایڈووکیٹ ، رحمت للعالمین اتھارٹی کے ڈائریکٹر ظفرمحمود ملک، پادری پیٹر گل ، پادری پال مسیح ، پادری اسلم مسیح ، پادری ناصر ولیم اور تقریب کے منتظم سبوخ سید سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔ تقریب میں میزبانی کے فرائض وقاص خان نے سر انجام دئیے ۔ مقررین نے کہا کہ مسیحیوں سمیت دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے قیام پاکستان سے لیکر استحکام پاکستان تک بے شمار خدمات اور قربانیاں دی ہیں جنہیں نصاب میں شامل کرنا چاہیے ۔

مسیحی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار کسی مسجد کی حدود میں دوسری بار اس قسم کی تقریب ہو رہی ہے جس سے انہیں حوصلہ اور خوشی ملی ہے ۔

تقریب میں مسلم اور مسیحی بچوں نے قرآن اور انجیل کی تلاوت کی ۔ حمد ، نعت پڑھی گئی جبکہ مسیحی بچوں نے سیدنا عیسی ابن مریم کی آمد پر مقدس گیت پڑھے ۔ بچوں نے مسلم مسیحی تعلقات کے فروغ پر تقاریر کیں ۔

تقریب کے اختتام پر مسلم بچوں نے مسیحی بچوں کو خود کھانا پیش کیا اور انہیں اسکول بیگ اور کرسمس کے گفٹ پیش کیے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے