ایک الجھن جو دور نہیں ہو رہی

میں ایک الجھن کا شکار ہوں اور الجھن ایسی ہےکہ جس کے بارے میں لکھتے ہوئے مجھے سخت مشکل کا سامناہے،اِس مسئلے پر میرے دل اور دماغ میں ایک جنگ جاری ہے ،مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ اِس جنگ میں کس کا ساتھ دوں اور کسے تنہا چھوڑ دوں ۔مسئلہ ہے بلوچستان کے لا پتا افراد کا۔میری الجھن یہ ہے کہ کسی لکھاری کو اِس مسئلے پر کیا موقف اپنانا چاہیے ؟دیکھا جائے تو آئین ،قانون اور اخلاقیات کا ہر اصول لا پتا افراد کے حق میں ہے سو لکھاریوں کو لا پتا افراد کے لواحقین سے ہمدردی کرنی چاہیے، اور اِن کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے ۔ جب بھی کوئی شخص لا پتا ہوتا ہے تو اُس کے گھروالے جیتے جی مر جاتے ہیں ، اگر انہیں علم ہوجائے کہ اُن کا پیارا اب اِس دنیا میں نہیں رہا تو شاید انہیں قرار آجائے مگر لا پتا شخص کے بارے میں تو ہر دم یہی آس لگی رہتی ہے کہ شاید آج وہ دن ہوگا جب وہ واپس آئے گا ۔

ہر آہٹ پر گمان ہوتا ہے کہ کہیں اُن کے لاڈلے نے دستک تو نہیں دی ، آنکھیں اُس کی راہ تکتے تکتے پتھرا جاتی ہیں ، کان اُس کی آواز سننے کو ترس جاتے ہیں ، جو خوش قسمت ہوتے ہیں انہیں اپنے پیاروں سے ملنا نصیب بھی ہوجاتا ہے مگر یہ انتظار بے حد اذیت ناک ہوتا ہے۔لا پتا افراد کا جُرم چاہے جتنابھی سنگین کیوں نہ ہو انہیں لا پتا کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا،اگر ہم خود کو اُن کی جگہ رکھ کر سوچیں تو شاید کبھی اِس عمل کی حمایت نہ کر سکیں ۔لیکن یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں کیونکہ اگر یہ اتنا ہی ساد ہ ہوتاتو پھر کوئی الجھن بھی نہ ہوتی !

گزشتہ ایک ماہ کے دوران بلوچستان کی کالعدم تنظیم نے مختلف کارروائیوں میں کم ازکم 18 پنجابیوں کو قتل کیا ۔پہلا واقعہ 13 اپریل کو نوشکی میں پیش ا ٓیا جہاں کوئٹہ سے تافتان جانے والی شاہراہ پر دس سے بارہ مسلح افراد نے ایک بس کو روکا ، اندر گھس کر لوگوں کے شناختی کارڈ دیکھے ،نو افراد کا تعلق پنجاب سے ثابت ہوا ،سو اُنہیں بس سے اتار کر گولیوں سے بھُون دیا گیا۔28 اپریل کو تربت میں دو افراد کو گولیاں مار کر جا ں بحق کر دیا گیا ، دونوں پنجابی تھے ۔9 مئی کو چند مسلح افراد نے گوادر کے رہائشی کوارٹرز میں گھس کر سات پنجابیوں کو قتل کر دیا ، یہ غریب لوگ گوادر سے پچیس کلومیٹر دور کسی جگہ حجام کا کام کرتے تھے ، اِن کا تعلق خانیوال اور لودھراں سے تھا ۔بلوچستان میں پنجابیوں کے قتل کے یہ واقعات نئے نہیں ہیں، اِس سے پہلے بھی بلوچستان میں پنجابیوں کو اُنکے شناختی کارڈ کی بنیاد پرقتل کیا جا چکا ہے ۔الجھن یہ ہے کہ میں بلوچ عوام سے اظہار یک جہتی کروں یا اِن بے گناہ غریب پنجابیوں کا نوحہ پڑھوں ، یا پھر دونوں کام ایک ساتھ کروں؟

میں نے اپنی اِس الجھن کا ذکر تین لوگوں سے کیا ، یہ تینوں نوجوان دانشور ہیں اوراپنے نظریات کے حوالے سے ٹھوس دلائل رکھتے ہیں ۔ ایک کی مکمل ہمدردی بلوچستان کاز کے ساتھ ہے ، دوسرا بلوچ مزاحمت کا شدید مخالف ہے اور تیسرا کسی حد تک غیر جانبدار ہے ۔بلوچ مزاحمت کاروں کے بارے میں نرم گوشہ رکھنے والے نے میرے خیالات پر سخت تنقید کی اور کہا کہ اگر آپ ماضی میں لاپتا افراد کے حق میںتسلسل کے ساتھ آواز نہیں اٹھاتےرہے تو اب آپ کو پنجابیوں کے قتل کی آڑ میں اُن کے خلاف نہیں لکھنا چاہیے ، اُس کا استدلال یہ تھا کہ بے شک اِن پنجابیوں کا قتل قابل مذمت ہے مگر بلوچستان میں جو لوگ اپنے تئیں ”مزاحمت“ کر رہے ہیں اُن سے یہ امید رکھنا کہ اُن کی تحریک ہر طرح سے خالص اور آلایشوں سے پاک ہوگی ، منصفانہ بات نہیں ۔مزید دلیل اُس نوجوان نے یہ دی کہ دوسری طرف سے بھی اسی نوعیت کی زیادتیاں ہوتی ہیں سو یک طرفہ مذمت درست نہیں اور اِس سے بہرحال لا پتا افراد کا مقدمہ غلط ثابت نہیں ہوتا ۔

یہ باتیں سننے کے بعد میں نے بلوچ علیحدگی پسندوں کےمخالف کو فون ملایا جو اکثر مجھے ”لا پتا ‘‘ افراد کی وہ تصاویر بھیجا کرتا تھا جن میں وہ ہتھیار اٹھائے نظر آتے تھے ۔میری باتیں سننے کے بعد اُس نے پنجابی میں کہا ’’ہُن آرام اے!‘‘ اُس کا مطلب یہ تھا کہ میں تو پہلے ہی تمہیں کہتا تھا کہ یہ لوگ ہمدردی کے قابل نہیں مگر تمہیں انسانی حقوق اور آئین اور قانون کا بخار چڑھا رہتا تھا، امید ہے غریب اور بے گناہ پنجابیوں کے قتل کے بعد تمہاری تسلی ہوگئی ہوگی۔ تیسری ملاقات اُس دانشور سے ہوئی جو بلوچستان کے حوالے سے بے لاگ تجزیہ کرتا ہے ، اُس نے مجھے بتایا کہ پنجابیوں کے قتل کے بعد اُس نے مختلف فیس بک گروپس دیکھے ہیں جن کا تعلق بلوچستان سے ہے، اُس سب میں پنجابیوں کے قتل کی مذمت تو دور کی بات ، اُلٹا اِس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے ۔

اِن تینوں دانشوروں سے بات کرنے کے بعد میری الجھن رفع ہونے کی بجائے مزید بڑھ گئی ہے۔مجھے یہ تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں کہ میں خود پنجابی ہوں اور اپنے ’کمفرٹ زون‘ میں بیٹھا یہ کالم لکھ رہا ہوں، بلوچستان کے احساس محرومی سے مجھے پوری ہمدردی ہے ، میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ لا پتا افراد کے معاملے پر کسی قسم کا جواز فراہم نہیں کیا جاسکتا اور بالکل اسی طرح پنجابیوں کے قتل کا دفاع بھی نہیں کیا جا سکتا ۔جو لکھاری تسلسل کے ساتھ بلوچستان کاز کی حمایت میں لکھتے تھے، اب اگر وہ خاموش ہیں تو یہ بات درست نہیں ، چاہے کوئی بلوچ بے گناہ اٹھایا جائے یاکوئی غریب لاچار پنجابی قتل کیا جائے ، کسی بھی بنیاد پر اِن دونوں باتوں کی توجیہ نہیں دی جا سکتی ۔میں زندگی میں ایک مرتبہ ہی بلوچستان گیا ہوں اور میری شدیدخواہش ہے کہ دوبارہ وہاں جاؤں اور اُن تمام دور دراز اور سنسان شاہراہوں کا سفر کروں جو صرف فلموں میں ہی نظر آتی ہیں ۔تا حد نگاہ کوئی آبادی نہ ہو، آس پاس کوئی مکان نہ ہو، کہیں کوئی ذی روح دکھائی نہ دےاور پھر یکایک چند کلومیٹر بعد ایک سروس ایریا آ جائے جہاں دنیا کی ہر شے دستیاب ہو اور جنگل میں منگل ہوجائے۔

مگر شاید میری یہ خواہش کبھی پوری نہ ہوسکے، اِس لیے نہیں کہ میں بلوچستان نہیں جا سکتا ، بلکہ اِس لیے کہ بلوچستان کی غربت اور دیگر مسائل کی وجہ سے مصروف شاہراہوں پر بھی سروس ایریا اور پٹرول پمپ بنانا کمپنیوں کے لیے قابل عمل اور سود مند نہیں ہے ۔معافی چاہتا ہوں ، بات کہیں اور نکل گئی، ہم پنجابیوں کا یہی مسئلہ ہے ،اپنی نظر سے ہی ہر مسئلے کو دیکھتے ہیں ، یہ نہیں سوچتے کہ بلوچستان کے عوام کیا چاہتے ہیں ۔یہ جاننے کے لیے ہمیں اپنی نظر سے تعصب کی عینک ہٹا کر کوئی ایساچشمہ لگانا پڑے گا جو تصویر کا دوسرا رُخ بھی دکھا سکے۔ یہ دوسرا رُخ دیکھنا بہت ضروری ہے ۔
بشکریہ جنگ

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے