چلاس، ایس پی بلال شہید پولیس لائن میں یوم شہدائے پولیس کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا ،جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر دیامر فیاض احمد تھے۔ تقریب کا آغاز پولیس کے چاق و چوبند دستے کی سلامی سے ہوا۔ ڈپٹی کمشنر فیاض احمد اور ایس پی دیامر سردار شہریار نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
ڈپٹی کمشنر دیامر فیاض احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی میں پولیس کے کردار کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دیامر میں امن و امان قائم رکھنے میں پولیس ہمیشہ صف اول میں رہی ہے۔ شہداء کسی ایک ادارے کے نہیں بلکہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کو یقین دلایا کہ وہ تنہا نہیں ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔
یہ تقریب شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے لواحقین کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنی تقریر میں پولیس کے جوانوں کے عزم و حوصلہ کی تعریف کی اور کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ ان کے خون سے ہماری آزادی اور امن کی بنیادیں مضبوط ہوئی ہیں۔
ایس پی دیامر سردار شہریار نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پولیس ایک مثالی پولیس ہے جو ضلع بھر میں امن کی بحالی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ دیامر پولیس کی ایمانداری اور بہادری کا زمانہ معترف ہے۔ پولیس شہداء کی خدمات اور قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ میں اپنے پولیس شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑا ہوں۔تقریب کے اختتام پر ایس پی دیامر سردار شہریار شہداء کے لواحقین کے ساتھ گھل مل گئے اور ان میں تحائف تقسیم کیے۔