اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف کا ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر بیان سامنے آگیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انتشاری سیاست مسترد کرکے عوام نے معاشی پالیسیوں میں بہتری کو ترجیح دی ہے، عوام مہنگائی میں کمی، اپنے مسائل کا حل اور معاشی بہتری چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ جلسوں کے لئے میدان بھرنے کی کوشش کرنے کی بجائے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کی ضرورت ہے، جلسے 2028 میں کریں گے، ابھی عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کے لئے محنت کرنے کا وقت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی بحالی سیاسی استحکام سے جڑی ہے ، سیاسی انتشار کا مطلب عوام کو ریلیف دینے کے عمل کو متاثر کرنا ہے، عوام نے سیاسی استحکام کی مضبوطی میں کردار ادا کرکے معاشی ترقی کی حمایت کی ہے، سیاسی استحکام کے لئے قوم کا اتحاد پاکستان کے روشن معاشی مستقبل اور مہنگائی سے نجات کی ضمانت ثابت ہوگا۔
مخصوص نشستیں کیس: چیف جسٹس پاکستان کی جارحانہ پالیسی برقرار
انہوں نے کہا کہ معاشی چیلنج ، دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے قوم ، سیاسی جماعتوں، اداروں اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، سیاسی افراتفری میں قوم اور ملک کو بہت وقت ضائع ہوچکا ہے، مزید وقت ضائع کرنا ملک وقوم کے مفاد میں نہیں، وفاقی تمام صوبوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل، مہنگائی میں کمی، مساوی ترقی کے لئے بھرپور ساتھ دینے کی پالیسی پر کاربند رہے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں واپس آئی ہے، معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں، برآمدات میں اضافہ، روپے کا مستحکم ہونا، ترسیلات میں اضافہ، شرح سود کا کم ہونا، یہ سب معاشی ترقی کے واضح ثبوت ہیں، ہم سب کا اصل ہدف یہ ہونا چاہیے کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو، یہ ہوگی اصل کامیابی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گالی، گولی، انتشار اور فساد سے معیشت بہتر ہوگی نہ معاشرت، ہر صوبہ، ہر ادارہ عوام کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔