مینگروو جنگلات بنیادی طور پر سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں واقع ہیں. یہ جنگلات دنیا کے سب سے زیادہ پیداواری ماحولیاتی نظاموں میں سے ایک ہیں، جو سمندری اور زمینی حیات کے لیے نہایت اہم ہیں۔ یہ جنگلات نہ صرف ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف ایک مضبوط دیوار کا کام کرتے ہیں بلکہ مقامی کمیونٹیز، ماہی گیری، اور عالمی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان میں سونمیانی کے مینگروو جنگلات ایک منفرد ماحولیاتی نظام کا حصہ ہیں، جن کی صحیح طریقے سے حفاظت اور پائیدار استعمال سے ملک کو بے شمار ماحولیاتی اور معاشی فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔اس مضمون میں ہم مینگروو جنگلات کی تمام اہم ماحولیاتی خدمات پر روشنی ڈالیں گے، جن میں فراہمی، ضابطہ بندی، ثقافتی، اور معاونتی خدمات شامل ہیں۔
1. فراہمی کی خدمات (Provisioning Services)
ماہی گیری اور سمندری وسائل
سونمیانی کے مینگروو جنگلات جھینگے، مچھلیوں اور کیکڑوں کے لیے قدرتی افزائشی گاہیں فراہم کرتے ہیں، جو مقامی ماہی گیری کی صنعت کے لیے نہایت اہم ہیں۔انڈونیشیا اور بنگلہ دیش جیسے ممالک نے مینگروو ماہی گیری کو ایک بڑی صنعت میں تبدیل کر کے سالانہ لاکھوں ڈالر کی آمدنی حاصل کی ہے۔
لکڑی اور دیگر قدرتی وسائل
مینگروو جنگلات لکڑی، شہد، اور قدرتی رنگ فراہم کرتے ہیں،دنیا کے کئی ممالک جیسے انڈونیشیا، بھارت، اور تھائی لینڈ میں مینگروو سے حاصل شدہ رنگ قدرتی اور ماحول دوست متبادل کے طور پر استعمال ہوتے ہیں، کیونکہ یہ کیمیائی رنگوں کے مقابلے میں کم آلودگی پیدا کرتے ہیں اور زیادہ پائیدار بھی ہوتے ہیں۔ اور کئی کمیونٹیز کو روزگار بھی فراہم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اگر ان وسائل کا پائیدار طریقے سے استعمال کیا جائے تو یہ معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ حالیہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ مینگروو کے کچھ درخت ایسے حیاتیاتی مرکبات (Bioactive Compounds) پیدا کرتے ہیں جو مختلف بیماریوں، خاص طور پر کینسر کی بیماری کے خلاف مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔
ایویسینا مرینا Avicennia marina مینگروز کی ایک خاص قسم ہے جس میں ایسے کیمیائی اجزاء موجود ہیں جو جگر اور جلد کے کینسر کے خلاف مفید ہو سکتے ہیں۔اس کے علاوہ Rhizophora mucronata میں بھی اینٹی کینسر خصوصیات پائی جاتی ہیں جو کینسر کےخلیوں کی غیر معمولی افزائش کو روکنے میں مدد کرسکتی ہیں۔
2. ضابطہ بندی کی خدمات (Regulating Services) کاربن کریڈٹ اور ماحولیاتی تحفظ۔
طوفانوں اور سیلاب سے تحفظ
مینگروو جنگلات قدرتی دیوار کی طرح کام کر کے سمندری طوفانوں، سونامی، اور سیلابوں کے خطرات کو کم کرتے ہیں۔
بنگلہ دیش کے Sundarbans ہر سال لاکھوں لوگوں کو طوفانوں سے بچاتے ہیں۔فلپائن میں مینگروو جنگلات نے کئی ساحلی بستیوں کو تباہی سے محفوظ رکھا۔سونمیانی میں بھی یہ جنگلات مقامی کمیونٹیز کے لیے قدرتی ڈھال فراہم کر سکتے ہیں اور ساحلی کٹاؤ کو روک سکتے ہیں
مینگروو جنگلات اور کاربن کریڈٹ
مینگروو جنگلات دنیا کے بہترین کاربن ذخیرہ کرنے والے ماحولیاتی نظام میں سے ایک ہیںں جو کہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کر کے زمین میں محفوظ رکھتے ہیں۔ کئی ممالک اس ماحولیاتی خدمت کو کاربن کریڈٹ مارکیٹ کے ذریعے مالی فائدے میں بدل چکے ہیں۔
انڈونیشیا نے مینگروو جنگلات کے تحفظ کے عوض 100 ملین ڈالر کاربن کریڈٹس سے کمائے۔کینیا کے "Mikoko Pamoja” منصوبے نے مقامی افراد کو روزگار اور ماحولیاتی فوائد فراہم کر رہے ہیں ۔اس کے علاوہ ویتنام اور پیرو جیسے ممالک بھی نیلی کاربن یعنی( blue carbon) مارکیٹ میں نمایاں ترقی کر رہے ہیں۔
اگر سونمیانی اور بلوچستان کے باقی کے مینگروو جنگلات کو بین الاقوامی کاربن مارکیٹ میں رجسٹر کروا دیا جائے تو پاکستان سالانہ لاکھوں ڈالر کما سکتا ہے، جو ساحلی تحفظ اور مقامی معیشت کے لیے فائدہ مند ہوگا۔
3. ثقافتی خدمات (Cultural Services) ایکو ٹورزم اور تعلیم
مینگروو جنگلات سیاحت، تعلیمی تحقیق، اور مقامی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے بے حد اہم ہیں۔ دنیا کے کئی ممالک ایکو ٹورزم کے ذریعے مینگروو جنگلات سے معیشت کو فروغ دے رہے ہیں۔دنیا کے کئی ممالک مینگروو جنگلات میں ایکو ٹورزم کو فروغ دے کر سالانہ لاکھوں ڈالر کما رہے ہیں۔ملیشیا: "Langkawi Mangrove Tour” ایک مشہور سیاحتی سرگرمی ہے، جس سے لاکھوں ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے اور اس علاوہ تھائی لینڈ: "Krabi Mangrove Kayaking Tours” میں ہزاروں سیاح آتے ہیں، جو مقامی معیشت کے لیے فائدہ مند ہیں۔
سونمیانی کے مینگروو جنگلات کو ایکو ٹورزم حب بنایا جا سکتا ہے، جہاں ملکی اور غیر ملکی سیاح کشتی رانی، پرندہ بینی (Bird Watching)، اور فطری تحقیق کے لیے آ سکیں۔ اس سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا اور ماحول کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔
4. معاونتی خدمات (Supporting Services) ماحولیاتی توازن اور حیاتیاتی تنوع
نرسری گراؤنڈ – سمندری حیات کی افزائش
مینگروو جنگلات کو "سمندری نرسری” کہا جاتا ہے کیونکہ یہ بہت سی مچھلیوں، جھینگوں، کیکڑوں، اور دیگر سمندری جانداروں کے لیے افزائش نسل کے محفوظ مقامات فراہم کرتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ مینگروو کی جڑیں ریت اور مٹی کو جکڑ کر رکھتی ہیں، جس سے زمینی کٹاؤ (Soil Erosion) کو روکا جا سکتا ہے اور نئی زمین بننے کا عمل تیز ہو سکتا ہے۔بنگلہ دیش (Sundarbans) ہر سال ہزاروں ٹن مٹی کو بہنے سے روکتا ہے۔مینگروو جنگلات زمین اور سمندر کے درمیان حیاتیاتی تنوع (Biodiversity) کا ایک منفرد امتزاج فراہم کرتے ہیں، جہاں پرندے، رینگنے والے جانور، اور سمندری حیات پناہ لیتے ہیں.
یہاں کے یعنی سونمیانی کے مینگروو جنگلات جھینگے، کیکڑے اور دیگر سمندری انواع کے لیے افزائشی مقامات فراہم کرتے ہیں، جو ماہی گیری کی صنعت کے فروغ میں مدد دے سکتے ہیں اور سونمیانی کے ساحلی تحفظ کے لیے بھی یہ نہایت ہی اہم ثابت ہو سکتا ہے۔
سونمیانی کے مینگروو جنگلات پاکستان کے ساحلی ماحولیاتی نظام کا ایک لازمی حصہ ہیں۔ یہ جنگلات نہ صرف قدرتی ماحولیاتی خدمات فراہم کرتے ہیں بلکہ مقامی معیشت، حیاتیاتی تنوع، اور ماحولیاتی استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اگر ان جنگلات کی حفاظت پر توجہ دی جائے تو یہ نہ صرف ماحولیاتی بلکہ معیشتی فوائد بھی دے سکتے ہیں، خاص طور پر کاربن کریڈٹ جیسے مواقع کے ذریعے، جو پاکستان کے لیے ایک نیا مالیاتی اور ماحولیاتی شعبہ کھول سکتا ہے۔ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ساحلی ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھنے کے لیے مینگروو جنگلات کی اہمیت کو سمجھیں اور ان کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں.