ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام جمعرات کے روز کوہاٹ پریس کلب میں انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے میڈیا اورینٹیشن سیمینار منعقد ہوا جس کا مقصد محکمہ صحت اور میڈیا کے مابین مؤثر ابلاغ اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ ای او سی خیبرپختونخوا کے نمائندہ میاں شہاب نے سیمینار میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ای پی آئی کوآرڈینیٹر کوہاٹ ڈاکٹر محبت بنگش مہمانِ اعزاز تھے۔ اس موقع پر صحافیوں، محکمہ صحت کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
میاں شہاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ“کسی بھی مہم کی کامیابی میڈیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔”انہوں نے پولیو ویکسین سے متعلق منفی پراپیگنڈے کے مقابلے کیلئے سائنسی بنیادوں پر مؤثر ردِعمل دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی اعتماد کی بحالی میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران کوہاٹ کے 2 لاکھ 13 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جس کیلئے 1 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ“عوامی صحت کے منصوبے اجتماعی کوششوں سے ہی کامیاب ہو سکتے ہیں،”اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو اجاگر کرے جو مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔
ای او سی کی رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں کوہاٹ ڈویژن کے تمام ماحولیاتی نمونے منفی آئے ہیں اور کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا جو انسدادِ پولیو کی کوششوں میں ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محبت بنگش نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے کمیونٹی، والدین اور میڈیا کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ قبل ازیں میڈیا کوآرڈینیٹر زاہد آفریدی نے سیمینار کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کیلئے میڈیا کے مسلسل تعاون پر زور دیا۔
پریس کلب کوہاٹ کے صدر نور محمد بنگش اور جنرل سیکرٹری فیصل ندیم نے صحتِ عامہ سے متعلق تمام اقدامات میں میڈیا کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا جس میں ماہرینِ صحت نے شرکاء کے سوالات کے مفصل جوابات دیئے۔