پشاور زلمی کو شکست، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فائنل میں

دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو ایک رن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 134 رنز کے ہدف کے تعقب میں پشاور زلمی کی ٹیم اننگز کے آخری اوور میں نو وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز ہی بنا سکی۔

پشاور کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز کامران اکمل تھے جو آٹھ رنز بنانے کے بعد انور علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

محمد حفیظ کو محمد نواز نے اپنے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر بولڈ کر کے کوئٹہ کو دوسری کامیابی دلوائی۔

اگلی ہی گیند پر انھوں نے ان فارم بلے باز بریڈ ہوج کو بھی بولڈ کر دیا۔ جبکہ پاکستان سپر لیگ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے جانی بیرسٹو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جمعے کی شب پشاور کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو پوری ٹیم 20ویں اوور میں 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

کوئٹہ کے لیے کیون پیٹرسن نے 34 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 53 رنز بنانے کے بعد شان ٹیٹ کی پہلی وکٹ بنے جنھوں نے ان کے علاوہ محمد نواز کی وکٹ بھی لی۔

پیٹرسن کے علاوہ سنگاکارا نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ انھوں نے پیٹرسن کے ساتھ مل کر 79 رنز کی شراکت قائم کی۔

تاہم ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے بلے باز تیز رفتار سے سکور میں اضافہ نہ کر سکے اور کوئٹہ کی ٹیم ایک بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی۔

شاور کے لیے وہاب ریاض نے تین، شان ٹیٹ نے دو جبکہ حسن علی، محمد اصغر، شاہد آفریدی اور ڈیرن سیمی نے ایک ایک وکٹ لی۔

خیال رہے کہ اس میچ کی فاتح ٹیم براہِ راست فائنل میں پہنچ جائے گی تاہم اس پلے آف میچ میں شکست کھانے والی ٹیم کا سفر ابھی تمام نہیں ہوگا اور اسے فائنل تک رسائی کا ایک اور موقع ملے گا۔

یہ میچ ہارنے والی ٹیم 21 فروری کو اس مرحلے کے آخری پلے آف میچ میں تیسری اور چوتھی پوزیشن پر رہنے والی ٹیموں کے میچ کے فاتح کا مقابلہ کرے گی۔

تیسری پوزیشن پر رہنے والی اسلام آباد یونائٹڈ اور چوتھے نمبر پر آنے والی کراچی کنگز کی ٹیموں کے مابین دوسرا پلے آف میچ سنیچر کو کھیلا جانا ہے۔

ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں پشاور زلمی اور کوئٹہ کی ٹیموں نے اپنے آٹھ میچوں میں سے چھ، چھ میچ جیتے تھے تاہم بہتر رن اوسط کی وجہ سے پشاور کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آئی تھی۔

اب تک ٹورنامنٹ میں یہ دونوں ٹیمیں دو بار مدِمقابل آئی ہیں اور دونوں کو ایک ایک مرتبہ فتح ملی۔

پشاور اور کوئٹہ کو ایک دوسرے کے علاوہ ٹورنامنٹ میں اب تک شکست دینے والی دوسری ٹیم لاہور قلندرز کی تھی جو اب ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے