بنی گالا میں عمران خان کے گھر کے سامنے احتجاج

اسلام آباد…….خیبر پختونخوا کے منتخب بلدیاتی نمائندے 9ماہ سے اختیارات نہ ملنے پر پارٹی چیئرمین عمران خان کے گھر کے سامنے سراپا احتجاج بن گئے، مصر کے سفیر عمران خان سے ملنے آئے تو ان کا بھی راستہ روک لیا۔

پارٹی ترجمان نعیم الحق نے مظاہرین کی منت سماجت کی ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ منتخب ہوئے 9 ماہ ہو چکے، اختیارات مل رہے ہیں نہ مراعات۔وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے دو ماہ تک ملاقات کے لیے انتظار کرایا ، ایک ہفتہ پہلے ملے تو یقین دہانی کرادی مگر عمل کچھ نہیں ہوا،عمران خان کے گھر کے سامنے احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا ،یہ کہنا تھا مردان، صوابی اور چارسدہ سے منتخب بلدیاتی نمائندوں کا ۔

اس دوران مصر کے سفیر سید محمد السید عمران خان سے ملنے آئے تو احتجاجی مظاہرین نے ان کا راستہ بھی روک لیا، مصری سفیر تقریباً 15 منٹ گاڑی میں بیٹھے انتظار کرتے رہے،خبر اندر پہنچی تو نعیم الحق بھاگے چلے آئے، منت سماجت کے علاوہ فوری مذاکرات اور مطالبات ماننے کی یقین دہانی بھی کرا دی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ عمران خان کو شرمندہ کرانا چاہتے ہیں کیا؟ مصر کے سفیر کو عمران خان سے ملنے جانے دیں۔

مصر کے سفیر کی ملاقات کے بعد احتجاجی مظاہرین کا وفد عمران خان سے ملا اور تحریک انصاف کے چیئرمین نے انہیں با اختیار بنانے، مراعات دینے کے تمام مطالبات منظور کر لیے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے