ھیملٹ اور درجنوں شاھکار ڈراموں کا خالق شیکسپئیر 23 اپریل 1564 کو وارکشائر کے گاؤں سٹراٹفور میں پیدا ھوا ، اسکے والد کورے ان پڑھ تھے ، دیہاتی اور علم سے نا آشنا ماحول میں وہ ایک گرامر سکول سے مفت ملنے والی ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے معاملہ میں خوش قسمت رھا۔
وہ زیادہ تعلیم حاصل نہ کرسکا لیکن اسکی خداداد صلاحیتوں میں نکھار آگیا ، اس نے قصاب کا پیشہ سیکھنے کے لئے کچھ عرصہ تربیت ضرور حاصل کی لیکن یہ اس کے مزاج سے مطابقت نہ رکھتا تھا ۔
1590 کے عشرہ میں وہ لندن میں تھیٹر کے اداکاروں کے ایک ٹولے کارکن تھا ، ابتدا میں اس نے اداکاری کی لیکن جلد ھی اس نے ڈرامے لکھنے اور شاعری کرنے پر توجہ مرکوز کرلی – 1598 میں وہ عظیم ڈرامہ نگاروں کی صف میں شامل تھا ، وہ بیس برس تک لندن میں رھا اس دوران اس نے 36 ڈرامے اور 154 سانیٹ اور کچھ طویل نظمیں لکھیں ، اب وہ مالدار تھا ۔
اس نے سٹراٹفورڈ میں ایک مہنگا گھر خرید لیا – 1612 میں اپنی عمر کے اڑتالیسویں برس میں اس نے تصنیف و تالیف سے کنارہ کشی کر لی اور واپس جاکر اپنے خاندان کے ساتھ رھنے لگا ، اب وہ اپنی باقی ماندہ زندگی آسودگی سے گزارنا چاھتا تھا اس زمانے میں وہ اپنے مکان کے باھر ھمسائیوں سے باتیں کرتا ھوا نظر آتا لوگ اسے پسند کرتے تھے اور احترام کی نظر سے دیکھتے تھے ۔
مارچ 1616 میں اس نے اپنا وصیت نامہ مرتب کیا اپنی املاک کا بیشتر حصہ اپنی بڑی بیٹی کے نام کردیا ، ایسا محسوس ھوتا تھا کہ اس نے موت کی آھٹ محسوس کرلی تھی ۔
اپریل کی ابتدائی تاریخوں میں وہ بخار کے عارضہ میں مبتلا ھوگیا – مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی کے مصداق بیماری روز بروز بڑھتی گئی – بالاآخر اپنی تاریخ پیدائش یعنی 23 اپریل کو اسکی زندگی کے اسٹیج پر ھمیشہ کے لئے پردہ گر گیا ۔