آج دن پھر پاکستان میں کیا ہوتا رہا .

[pullquote]ایرانی صدر حسن روحانی پاکستان کے دو روزہ دورے کے بعد ایران واپس روانہ ہوگئے . [/pullquote]

Hassan_Rouhani_20160117_reuters_620_413_100

صدر مملکت ممنون حسین نے انہیں ائیر مارشل نور خان ائیر بیس سے رخصت کیا .ایرانی صدر نے اپنے دورے میں صد مملکت ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے ملاقاتیں کیں . ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات سمیت باہمی دلچسبی کے امور زیر غور آئے .دونوں ملکوں نے باہمی تعاون کے 5 سمجھوتوں پر دستخط کئے . انہوں نے پاکستان بزنس فورم سے خطاب کیا .

[pullquote]وزیرداخلہ چودھری نثار کی ایرانی ہم منصب سےملاقات [/pullquote]

chaudhrynisariraniancounterpartmeeting_3-26-2016_220065_l

اسلام آباد…….. پاک ایران وزرائےداخلہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت ’را‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری اور ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آنے والے حقائق پر بات چیت کی گئی ۔

وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان اوران کےایرانی ہم منصب عبد الرضا رحمانی فضلی کےمابین اسلام آبادمیں ملاقات ہوئی۔اس موقع پردو طرفہ تعلقات،سیکیورٹی کی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے سمیت مشترکہ بارڈ کی بہتر اور موثر نگرانی کیلئےاقدامات اور منظم جرائم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

منشیات اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں معاونت ، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی غور کیا گیا ۔ پاک ایران وزرائے داخلہ نے ’را‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری اور ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آنے والے حقائق پر بات چیت کی ۔

[pullquote]کراچی :سی ٹی ڈی کی کارروائی،متعدد مقدمات میں ملوث ملزم گرفتار[/pullquote]

کراچی …….کاؤنٹر ٹیرررازم ڈپارٹمنٹ نے عزیز آباد میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے متعدد مقدمات میں ملوث ملزم کامران عرف کالا بچہ کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی عثمان باجوہ نے جیو نیوز کو بتایاکہ عزیز آباد بھنگوریہ گوٹھ میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر چھاپا مار کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کی شناخت کامران عرف کالا بچہ کے نام ہوئی ہے۔

گرفتار ملزم کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں اقدام قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور غیر قانونی اسلھہ رکھنے سمیت متعدد سنگین جرائم کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

[pullquote]لودھراں :کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے مبینہ 4دہشت گردہلاک[/pullquote]

لودھراں……محکمہ انسداد دہشت گردی ملتان نے لودھراں میں کارروائی کر کے چاردہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ تین فرار ہوگئے۔ دہشت گردوں کاتعلق کالعدم تنظیم سےہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی ملتان نے لودھراں کےعلاقےآدم واہن میں دہشت گردوں کی اطلاع پر ایک مکان پر چھاپا مارا، اس دوران دہشت گردوں اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کےدرمیان مقابلہ بھی ہوا۔

مقابلے میں چار دہشت گردہلاک جبکہ تین فرار ہوگئے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہےکہ دہشت گردوں کاتعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اورالقاعدہ گروپ سےہے جن کےقبضےسےملتان کےحساس مقامات اوردفاترکے نقشے،ایک خودکش جیکٹ،دستی بم اور اسلحہ بھی ملا ، لاشوں کوڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال لودھراں منتقل کر دیا گیاہے۔

[pullquote]را کے ایجنٹ رنگے ہاتھوں گرفتار ہو رہے ہیں . اب بھی ثبوت مانگے جا رہے ہیں . مصطفیٰ کمال [/pullquote]

mustafakamalnewpartynameannouncement_3-23-2016_219752_l

پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ را کے ایجنٹ پاکستان سے رنگے ہاتھوں گرفتار ہو رہے ہیں اور لوگ اب بھی ثبوت مانگ رہے ہیں . انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے مضبوط اور منظم کرنے کے لیے پورے پاکستان کے دورے کریں گے .

[pullquote]تحریک انصاف نے پارٹی انتخابات کے لیے نعمان وزیر کو عبوری چیف الیکشن کمشنر بنا دیا . نعمان وزیر کو تسنیم نورانی کے استعفےٰ کے بعد عہدہ دیا گیا . [/pullquote]

[pullquote]چودھری نثار کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر [/pullquote]

Musharraf-IslamabadHighCourt_1-16-2014_134360_l

اسلام آباد……..سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

ایک شہری شاہد اورک زئی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے خلاف جمع کرائی گئی توہین عدالت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگین غداری کیس کے ملزم پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت سپریم کورٹ نے نہیں، حکومت نے دی۔

وزیر داخلہ نے عدالت کا نام استعمال کر کے غلط بیانی کی لہذا انہیں توہین عدالت کی درخواست پر شو کاز نوٹس جاری کیا جائے۔ درخواست میں 17 مارچ 2016 کو پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کےنوٹی فی کیشن بھی معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزار نے رجسٹرار آفس سے استدعا کی ہے کہ یہ درخواست 29 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔

[pullquote]لاہور میں سیکورٹی وجوہات کی بنیاد پر میٹرو سروس عارضی طور محدود کر دی گئی .ایم او کالج سے شاہدرہ تک دوطرفہ میٹرو بند کر دی گئی . ڈی سی او لاہور[/pullquote]

[pullquote]بلدیاتی ایوان چلانے کامسودہ وزیر اعلیٰ کو ارسال[/pullquote]

کراچی ……..سندھ حکومت نے بلدیاتی ایوان چلانے کے قوائد ضوابط کو حتمی شکل دیدی،مجوزہ مسودہ منظوری کیلئے وزیر اعلی سندھ کو بھیجوادیا ،کونسل قوانین کے مطابق میئر ،ڈپٹی میئر ،چیئرمین سمیت کسی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے دوتہائی اکثریت ثابت کرنا ہوگی ۔

سندھ حکومت ذرائع کے مطابق سندھ بھر کے میٹروپولیٹن،میونسپل ،ٹائوں اور یونین کونسل کے اجلاس چلانے کیلئے تیار کردہ مجوزہ مسودہ کے مطابق میئر ،ڈپٹی میئر ،چیئرمین سمیت کسی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد کیلئے اجلاس سات دن کے نوٹس پر طلب کیا جاسکے گا۔

بلدیاتی ادارے ہر ماہ کونسل کااجلاس بلانے کے پابند ہونگے ۔ میئراور چیئرمین کوکونسل کا اجلاس بلانے کا اختیار ہوگا،کونسل کا ہنگامی اجلاس تین دن جبکہ عام اجلاس چار دن کے نوٹس پر بلایا جائے گا۔

[pullquote]پنجاب :گندم کی خریداری کیلئے376 پرچیز سینٹرز قائم کرنے کی ہدایت [/pullquote]

wheat

لاہور…….. محکمہ خوراک کی جانب سے پنجاب میں گندم کی خریداری کے لئے 376 پرچیز سینٹرز قائم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں،جو 10اپریل سے فعال ہو جائیںگی۔

محکمہ خوراک کی جانب سے پنجاب میں گندم کی سرکاری خریداری کے لئے 376 پرچیز سینٹرز قائم کیے جانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں،گندم کی خریداری کے لئے 10اپریل سے پرچیز سینٹرزفعال ہو جائیں گے۔

بورڈ آف ریونیو پنجاب نے ضلعی کلیکٹروں کو ہدایات جاری کی کہ اپریل تک گندم کے کاشت کاروں کا ریکارڈ مرتب کرکے محکمہ خوراک کے ضلعی افسروں کو بھیجا جائے،جبکہ محکمہ خوراک کی جانب سے 2 اپریل تک سرکاری گندم کی سٹوریج اور ترسیل کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

[pullquote]ورلڈ ٹی 20:بنگلہ دیش ، نیوزی لینڈ سےاور انگلینڈ ،سری لنکا آج مدمقابل[/pullquote]

کولکتا …….آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سفر تو ختم ہوگیا لیکن ابھی دیگر ٹیموں کے سفر جاری ہیں ، ایونٹ میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے،پہلا میچ بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ ،جبکہ دوسرا انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائےگا۔

گروپ ٹو میں دن کا پہلا میچ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائےگا،نیوزی لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکی ہے،جبکہ بنگلہ دیش ٹيبل پر بغیر کسی پوائنٹ کے آخری نمبر پر ہے۔

دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونے والے اس میچ کی حیثیت نیوزی لینڈ کے لئے پریکٹس میچ کی سی ہے۔

آج کا دوسرا میچ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا، انگلینڈ کی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ ٹيبل پر دوسرے نمبرپر موجود ہےجبکہ دفاعی چیمین سری لنکا اپنی ناقص پرفارمنس کے باعث دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

انگلینڈاورسری لنکا کے درمیان میچ شام سات بجےکھیلا جائے گا۔

[pullquote]آفریدی کے ایماندارانہ تجزیے پر آئن چیپل کی تعریف[/pullquote]

Shaid Afridi

سابق آسٹریلوی کپتان آئن چیپل نے پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی ‘ایمانداری’ کی تعریف کی ہے، جنھوں نے گذشتہ روز اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ ‘بحیثیت کپتان فٹ نہیں’.

کرک انفو کے مطابق آئن چیپل نے شاہد آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ایک بہت ایماندارانہ تجزیہ کیا.

چیپل کا کہنا تھا، ‘میرا نہیں خیال کہ شاہد آفریدی کو کپتان بنانا ان کے حق میں اچھا ثابت ہوا کیونکہ وہ ایک ایسے مزاج کے انسان ہیں جن کے بارے میں کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ اب کیا کرنے جارہے ہیں اور میرا نہیں خیال کہ اس طرح کا مزاج کپتانی کے لیے مناسب ہے’.

یاد رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے گروپ میچ میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد موہالی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اب وہ مزید پاکستانی ٹیم کی قیادت نہیں کریں گے تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اعلان اپنے ملک میں کریں گے.

شاہد آفریدی کا کہنا تھا، ‘میں اپنی فارم دیکھوں گا، یہاں توقعات کا دباؤ ہے، میڈیا کا دباؤ ہے۔ بحیثیت کھلاڑی میں اب بھی فٹ ہوں لیکن بحیثیت کپتان فٹ نہیں کیونکہ جب آپ پاکستان کے لیے کھیل رہے ہوں تو دباؤ کو برداشت کرنا آسان نہیں ہوتا۔’

تاہم ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے شاہد آفریدی کہنا تھا کہ وہ اب بھی محسوس کرتے ہیں کہ وہ اعلیٰ سطح پر کرکٹ کھیلنے کے لیے فٹ ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل شاہد آفریدی نے واضح طور پر عندیہ دیا تھا کہ یہ میچ ممکنہ طور پر ان کے 20 سالہ کیریئر کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ ہو سکتا ہے، اس میچ میں آسٹریلیا سے 21 رنز کی شکست کے بعد پاکستان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے باہر ہوچکا ہے.

آئن چیپل نے آفریدی کے ممکنہ متبادل کے طور پر آل راؤنڈر سرفراز احمد کا نام لیا.

ان کا کہنا تھا، ‘سرفراز احمد ایک بہت جارحانہ کھلاڑی ہے، مجھے اس کی بیٹنگ کا انداز پسند ہے، مجھے اس بات پر حیرت ہوئی کہ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی اننگز میں وہ اتنی دیر سے بیٹنگ کرنے آئے.’

چیپل کا مزید کہنا تھا، ‘یہ ہمیشہ نہیں ہوسکتا کہ ایک جارحانہ کھلاڑی، جارحانہ کپتان بھی ہو لیکن ایک ایسا شخص جو جارحانہ انداز میں سوچتا ہو ،ایک بہتر آپشن ہوسکتا ہے’.

[pullquote]کشمیریوں کا ذکر کرنے پر بھارتی میڈیا شاہد آفریدی پر آگ بگولا[/pullquote]

afff

موہالی…….موہالی میں کشمیریوں کی آمد کا شکریہ ادا کیوں کیا، مقبوضہ کشمیر سے آئے مداحوں کے بارے میں بیان دینے پر اس بار بھارتی میڈیا آگ بگولا ہوگیا۔

موہالی میں شاہد آفریدی کرکٹ کی آخری بازی تو ہار گئے، لیکن پاکستان اور مقبوضہ کشمیر سے آئے ہوئے مداحوں کے دلوں کی بازی جیت لی لیکن بھارتی میڈیا کا کیا علاج جس کو ایک پاکستانی کھلاڑی کی زبان سے کشمیریوں کا شکریہ ادا کرنا بھی ہضم نہ ہوا۔

بوم بوم کے بیان کو لے کر ایسے پتنگے لگے کہ مخالفت میں پورا پروگرام کرڈالا اور بار بار جلے دل کے پھپھولے چھوڑے جاتے رہے،شاہد آفریدی نے پہلی بار مقبوضہ کشمیر سے آئے کرکٹ کے دیوانوں کے لیے محبت بھرا پیغام نہیں دیا، نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بھی صاف اور سیاست سے پاک بات بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدے دار انوراگ ٹھاکر اور راجیو شکلا کو مرچیں لگا گئی تھیں۔

یاد رہے یہ وہی بھارتی ہیں جنہوں نے شاہد آفریدی کے اس وقت قصیدے پڑھنے شروع کردیے تھے، جب انہوں نے کہا تھا کہ بھارت میں پاکستان سے زیادہ پیار ملتا ہے، لیکن کشمیریوں کے ذکر پر زباںیں آگ کیوں اگلنا شروع ہوجاتی ہیں، کہیں ایسا تو نہیں اپنی ٹیم کے بجائے روایتی حریف کے دیوانے کیوں۔

[pullquote]گوجرانوالہ : جن نکالنے کے چکر میں جعلی عامل نے جان لے لی[/pullquote]

PicsArt_1458851990733

گوجرانوالہ…….. جعلی عامل کے ہتھے چڑھ کر بزرگ شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ،جعلی عامل جن نکالنے آیا تھا مگر جان نکال لی، واقع کے بعد عامل موقع سے فرار۔

کلرآبادی کا60سالہ رہائشی عبدالستار گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار تھا ،دواؤں سے ٹھیک نہ ہوا تومقتول کے بیٹے ذوالفقار کے ایک دوست نےفیصل آباد کے سائیں بابا نامی عامل کے بارے میں بتایا تھا، دوست کے مشورہ پر عمل کرتے ہوئے گھر والوں نے سائیں بابا کو گھر بلالیا۔

مگر بلایا گیا عامل جعلی نکلا ،سائیں بابا اپنے 4 ساتھیوں کے ساتھ پہنچے اور عبدالستار کو ایک کمرے میں لے جاکر چارپائی پر لٹا کر رسیوں سے باندھ دیا بعد میں سائیں بابا نے چارپائی کے نیچے کوئلے جلادیے جس سے 60سالہ عبدلستار جل کر مر گیا ۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سائیں بابا اور ان کے دیگر 4 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے ۔ پولیس نے مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔

[pullquote]بھارت میں گائے اور بیل کی انوکھی شادی[/pullquote]

cowmarriage-india_3-26-2016_220056_l

کراچی…..رفیق مانگٹ…..بھارتی معاشر ے میں توہم پرستی اور عجیب و غریب رسوم کس قدر رچ بس چکی ہیں ا س کی تازہ مثال مویشیوں کی شاہانہ شادی ہے جس میں ہزاروں دیہاتی،سیکڑوں پنڈت،درجنوں تاجر ،جانوروں کے حقوق کی تنظیموں کے متعدد کارکنوں اور یونیورسٹی کے سیکڑوں طلبا نے شرکت کی۔

بھارتی اخبار’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق تقریب میں ہزاروں افراد کی موجود گی میں پونم نام کی گائے اور ارجن نامی بیل شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

ـ’دلہن‘ کا تعلق ریاست گجرات کے ضلع باونگرکے ایک پہاڑی علاقے سے تھاجبکہتقریب کا انتظام احمد آباد کے ایک تاجر وجے پرسنانا نے کیا جو فٹنس سینٹرز چلاتے ہیں۔ پرسانا کا گھوما شہر میں اپنا ایک فارم ہاؤس ہے جہاں اس نے دو گائیں رکھی ہیں جن کے نام ’رادھا‘ اوراس کی بیٹی’پونم ‘ ہیں۔

پرسانا کا کہنا تھاکہ انہیں ترقی صرف گائے سے مل سکتی ہے اس لئے ملک کے ہر گھر میں ایک گائے ہونی چاہئے۔اسی پیغام کو پھیلانے کےلئےایک عوامی تقریب کے طور پونم ’گائے‘کی شادی کا جشن منا رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ پونم کےدولہا کی تلاش کافی عرصے سے جاری تھی تاہم انہیں270 کلومیٹر کی دوری پر جنوب مغرب میں واقعہ ’کوتیا‘ کے گوشالہ سے بیل’ارجن ‘ مل گیا۔ بیل کا تعلق مشہور’ گر ‘نسل سے ہے جس کی عمر ڈھائی برس ہے۔

دو سو سترکلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے گاڑیوں پر پونم کو گوشالہ لایا گیا جہاں پنڈتوںنے شادی کی رسومات ادا کیں۔

پرسانا اور اس کی بیوی نے علامتی طور پر پونم کو ’دتتاتریا آشرم‘ میں لہریگری بپو کے حوالے کیا جبکہ احمد آباد کی سولا سنسکرت یونیورسٹی کے150طلبا نے مذہبی منتر پڑھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے