[pullquote]پاکستان: غیرت کے نام پر ایک برس میں 1100 خواتین قتل[/pullquote]
پاکستان میں انسانی حقوق کے کمیشن کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال ملک بھر میں غیرت کے نام پر 1100 خواتین کو قتل کیا گیا جبکہ اس دوران غیرت کے نام پر قتل ہونے والے مردوں کی تعداد 88 ہے۔
جمعہ کو پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق نے سنہ 2015 کی ایک رپورٹ جاری کی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ برس ملک بھر سے 833 خواتین کو اغوا کرنے کے مقدمات رپورٹ کیے گئے اور ان واقعات میں ملوث افراد کی خلاف قانونی کارروائی بہت کم ہوئی ہے۔
’پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں شدید اضافہ‘
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران 939 خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ 777 خواتین نے گذشتہ برس خود کشی یا پھر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔
رپورٹ میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ ملک میں سزائے موت پر عارضی پابندی ہٹنے کے بعد سے 47 خواتین قیدی پھانسی لگنے کی منتظر ہیں۔ اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر خواتین کو قانونی معاونت فراہم نہیں کی گئی ہے۔
سنہ 2015 میں بچوں کے خلاف جنسی تشدد کے خلاف واقعات میں سنہ 2014 کی نسبت سات فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں جنسی تشدد کے 3768 واقعات درج کیے گئے۔
جنسی تشدد کا شکار ہونے والوں میں 1974 لڑکیاں اور 1794 لڑکے شامل ہیں۔جنسی تشدد کا شکار ہونے والوں کی عمریں گیارہ سال سے لے کر پندرہ سال کے درمیان ہیں۔
رپورٹ میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ ملک بھرمیں روزانہ کی بنیاد پر دس بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
[pullquote]لشکرطیبہ پر امریکا اور سعودی عرب کی تازہ پابندیاں[/pullquote]
سعودی عرب اور امریکا نے پاکستانی جنگجو گروہ لشکر طیبہ پر مشترکہ طور پر تازہ پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس جنگجو گروہ سے وابستگی کی وجہ سے چار افراد اور دو تنظیموں کو پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ریاض اور واشنگٹن نے دوسری مرتبہ مشترکہ طور پر اس کالعدم تنظیم پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ بتایا گیا ہے اس جنگجو گروہ کو مالی طور پر نقصان پہنچانے کی خاطر یہ تازہ اقدام کیا گیا ہے۔
[pullquote]کولکتہ پُل حادثہ، ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری[/pullquote]
بھارتی شہر کولکتہ میں جمعرات کے روز فلائی اُوَر منہدم ہونے کے واقعے میں ہلاک شدگان کی تعداد پچیس ہو گئی ہے۔ متعقلہ حکام نے تفتیشی عمل شروع کرتے ہوئے اس زیر تعمیر پل کی تعمیراتی کمپنی سے وابستہ پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کا کام آج بھی جاری ہے۔ اس حادثے میں اسّی سے زائد افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ واضح نہیں ہے کہ کتنے افراد لاپتہ ہیں تاہم کم ازکم سڑسٹھ افراد کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے۔ زیر تعمیر یہ پُل گزشتہ روز اچانک منہدم ہو گیا تھا۔
[pullquote]شامی صدر بشار الاسد قبل ازوقت انتخابات پر رضامند[/pullquote]
شامی صدر بشار الاسد نے قبل از وقت انتخابات کرانے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ تاہم شامی سیاست میں اسد کے ممکنہ مستقبل پر ابھی تک اختلافات دور نہیں ہو سکے ہیں۔
شامی اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ شام میں جمہوری تبدیلی کی خاطر اسد کو اقتدار سے الگ ہو جانا چاہیے جبکہ شامی حکومت صدر اسد کو اقتدار سے ہٹانے کے مطالبے کو ’ریڈ لائن‘ قرار دیتی ہے۔
سن 2014 میں نوے فیصد ووٹروں کی حمایت سے کامیابی حاصل کرنے والے صدر اسد نے کہا ہے کہ وہ شامی بحران کے خاتمے کے لیے قبل ازوقت انتخابات کرانے کو تیار ہیں۔
[pullquote]آن لائن معلومات پر پابندی، شمالی کوریا کا نیا اقدام[/pullquote]
شمالی کوریا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ تک رسائی پر پابندی کا سرکاری طور پر اعلان کر دیا ہے۔
اس کمیونسٹ ملک میں فیس بک، ٹوئٹر، یو ٹیوب اور دیگر ویب سائٹس پر باضابطہ طور پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ اس پابندی کا مقصد عوام تک آن لائن معلومات کی رسائی کو روکنا ہے۔
اس ملک میں انتہائی کم لوگوں کو انٹر نیٹ کی سہولت دستیاب ہے۔
[pullquote]ترکی میں صحافیوں کے خلاف عدالتی کارروائی بحال[/pullquote]
ترکی میں جاسوسی اور دہشت گردوں کی مدد کے الزامات کا سامنا کرنے والے دو صحافیوں کے مقدمے کی سماعت بحال ہو گئی ہے۔
جمہوریت نامی روزنامے سے وابستہ جان دندار اور ایردم گل پر ریاستی خفیہ معلومات عام کرنے کا الزام ثابت ہو جانے کی صورت میں انہیں عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔
اس مقدمے کی کارروائی خفیہ رکھی جا رہی ہے۔ اس مقدمے کو ترکی میں آزادیٴ صحافت کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
[pullquote]
ڈنمارک نے سرحدوں پر چکنگ کی مدت میں توسیع کر دی[/pullquote]
ڈنمارک نے جرمنی سے متصل اپنی سرحدی گزرگاہوں پر نگرانی کے عمل کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اب تین مئی تک ڈنمارک داخل ہونے والے مسافروں کی اچانک چیکنگ کی جائے گی۔ کوپن ہیگن کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر قانونی مہاجرین کو ملک میں داخل ہونے سے روکنا ہے۔
گزشتہ برس اس یورپی ملک میں اکیس ہزار مہاجرین نے پناہ کی درخواستیں جمع کرائی تھیں۔
[pullquote]سابق جرمن وزیر خارجہ ہنس ڈیٹرش گینشر انتقال کر گئے[/pullquote]
سابق جرمن وزیر خارجہ ہنس ڈیٹرش گینشر 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
فری ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے گینشنر کا انتقال جمعرات کی رات واخت بیرگ پَیش میں واقع ان کے گھر پر ہوا۔ جرمنی کے اہم ترین سیاستدانوں میں شمار ہونے والے اس سیاستدان نے جرمنی کے دوبارہ اتحاد میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
[pullquote]میانمار میں اہم سیاسی قیدی رہا[/pullquote]
میانمار میں ایک اہم سیاسی قیدی ’پیٹرک کم جا لی‘ کو رہا کر دیا گیا ہے۔ یہ رہائی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب اس ملک میں جمہوری طور پر منتخب نئی حکومت نے کام کرنا شروع کیا ہے۔
حکام کے مطابق پیٹرک کو چھ ماہ کی سزا مکمل کرنے کے بعد رہا کیا گیا ہے۔ اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں درجنوں سیاسی قیدی ابھی بھی قید میں ہیں۔ نئی حکومت کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کی کوشش کی جائے گی۔
[pullquote]شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل کا ایک اور تجربہ[/pullquote]
شمالی کوریا نے مبینہ طور پر بیلسٹک میزائل کا ایک نیا تجربہ کیا ہے۔ جنوبی کوریا کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اس کمیونسٹ ریاست نے مشرقی ساحلی علاقے سئون دوک میں یہ تجربہ کیا ہے۔
شمالی کوریا کی طرف سے کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب علاقائی رہنما واشنگٹن میں امریکی حکام کے ساتھ ایک ملاقات میں شریک ہیں۔
امریکا اور اس کے اتحادی ممالک نے کہا ہے کہ اگر پیونگ یانگ نے ایسی اشتعال انگیزی جاری رکھی تو اسے مزید سخت پابندیوں کا سامنا کرنے پڑے گا۔
[pullquote]جاپان میں زلزلہ[/pullquote]
جاپان کے وسطی اور مغربی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ آج پیسیفک ساحلی علاقے میں آنے والے اس زلزلے کے نتیجے میں سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔
اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 نوٹ کی گئی ہے۔ ٹوکیو حکومت کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔
[pullquote]انڈیا کا سفر تمام، ویسٹ انڈیز فائنل میں[/pullquote]
آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز نے ایک دلچسپ مقابلے میں انڈیا کو شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔
آج کا دن ویسٹ انڈیز کا تھا۔ پہلے ان کی خواتین کی ٹیم سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کر کے فائنل میں پہنچی اور شام کو مردوں کی ٹیم نے وانکھڈے سٹڈیم میں ہزاروں انڈین تماشائیوں کو خاموش کر دیا جن میں بڑے بڑے بالی وڈ سٹار اور سابق کرکٹر موجود تھے۔
انڈیا کی اننگز میں ویراٹ کوہلی کے 89 رنز کی بدولت انڈیا 20 اوورز میں 192 رنز بنا سکا۔
کوہلی کی جانب سے رائنا اور شرما نے بلترتیب 40 اور 43 رنز بنائے۔
[pullquote]’یہاں آئیے، کچھ مستی کرتے ہیں‘[/pullquote]
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ٹیم کی شکست کے بعد اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق سوالات کے جوابات بڑے ہی انوکھے انداز میں دیے۔
ممبئی کے وانکھڑے سٹیڈیم میں میچ کے بعد دھونی پریس کانفرنس میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
اس دوران آسٹریلیا کے ایک صحافی سیم فیرس نے مہندر سنگھ دھونی سے پوچھا کہ کیا ویسٹ انڈیز سے اس شکست کے بعد کیا وہ آگے بھی کھیلنا جاری رکھیں گے؟
دھونی نے پہلے تو صحافی سے اپنا سوال دہرانے کو کہا۔
فیرس کے سوال دہرانے کے بعد دھونی نے ہنستے ہوئے کہا ’یہاں آئیے، کچھ مستی کرتے ہیں۔‘
اس پر فیرس جب ہچکچائے تو دھونی نے انہیں اپنی بغل کی کرسی پیش کرتے ہوئے ان سے سٹیج پر آنے کی گزارش کی۔ دھونی کے اصرار پر فیرس ان کے بغل میں جا کر بیٹھ گئے۔
دھونی نے فیرس کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا ’مجھے لگا کہ شاید کوئی بھارتی صحافی ہے، کیونکہ میں آپ سے تو یہ نہیں پوچھ سکتا کہ آپ کا کوئی بھائی یا بیٹا ہے جو وکٹ کیپر ہے اور بھارت کے لیے کھیل سکتا ہے۔‘
اس کے بعد دھونی نے فیرس سے پوچھا: ’کیا مجھے بھاگتا دیکھ کر آپ کو لگتا ہے کہ میں ان فٹ ہوں؟” فیرس نے کہا ’نہیں، آپ تو بہت تیزی سے بھاگتے ہیں۔‘
پھر دھونی نے پوچھا ’کیا آپ کو لگتا ہے کہ میں 2019 ورلڈ کپ میں کھیل سکتا ہوں؟‘ اس پر فیرس نے جواب دیا ’ہاں آپ کو کھیلنا چاہیے۔‘
پھر دھونی نے کہا ’آپ نے میرے سوال کا جواب دے دیا۔‘
فروری میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ کے لیے روانہ ہونے سے پہلے بھی ایک صحافی نے دھونی نے ریٹائرمنٹ کو لے کر سوال پوچھا تھا۔
اس وقت دھونی نے کہا تھا ’اگر میں نے ایسے سوال کا جواب 15 دن یا ایک ماہ پہلے دے دیا ہے تو پھر میرا جواب نہیں بدلے گا۔ یہ ٹھیک ویسے ہی ہے جیسے کوئی مجھ سے پوچھے کہ میرا نام کیا ہے اور میں ہر بار کہوں ایم ایس دھونی۔‘