ایک بیٹے نے اپنے والد کے انتقال کے دو سال بعد ان کی ای میل وصول کی۔
ویب سائٹ ریڈٹ پر ایک شخص نے پوسٹ کیا کہ انہیں فیوچر می (FutureMe) ویب سائٹ سے ای میل موصول ہوئی۔
اس ویب سائٹ کے ذریعے آپ مستقبل میں خود کو یاکسی اور شخص کو ای میل کرسکتے ہیں۔
ای میل کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ان کے والد نے ای میل میں ان کو بارڈر سیکیورٹی کا سربراہ بننے پرمبارک باد دی اور کہا کہ انہیں ان پر فخر ہے۔
ریڈٹ صارف نے کہا کہ انہیں اتنے عرصے بعد اپنے والد کی ای میل ملنے پر خوشی ہوئی۔
انہوں نے ڈیلی میل کو بتایا کہ ای میل کا زیادہ تر حصہ نجی تھا جسے وہ کسی کے ساتھ شیئر نہیں کرسکتے۔
ای میل میں صارف کے والد کا کہنا تھا کہ ‘میں تم سے قبر سے مخاطب ہوں۔ میں کہتا تھا کہ تمہیں مرنے کے بعد بھی ڈراؤں گا۔’
‘جب تم یہ ای میل پڑھ رہے ہوگے، میں انتقال کرچکا ہوں گا۔ اس وقت تک تم نے میرا بنا بھی جینا سیکھ لیا ہوگا اور اپنی ماں کو بھی جینا سکھا دیا ہوگا۔’
‘مجھے تم پر مکمل اعتماد ہے کہ میرے بعد تم اپنی والدہ کا خیال اسی طرح رکھ رہے ہوگے جس طرح میں رکھا کرتا تھا۔’
انہوں نے ای میل میں کہا کہ وہ اپنے بیٹے پر فخر کرتے ہیں تاہم صارف نے ای میل کا بقیہ حصہ شیئر نہیں کیا۔