پاکستان اور دنیا بھر سے آج کی اہم ترین خبروں پر مشتمل پہلا آن لائن بلیٹن

[pullquote]پاکستان
[/pullquote]

[pullquote]مخالفین کھوکھلےنعروں کی سیاست کر رہےہیں،وزیراعظم
[/pullquote]

nawaz-khitab-hse1

اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں کہ وہ اپنے اثاثوں کے بارے میں قوم کو اعتماد میں لے چکے ہیں،مخالفین پینترے بدل کر کھوکھلے نعروں کی سیاست کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف سے اراکین قومی اسمبلی عرفان ڈوگر،عالم داد لالیکا اور میاں نجیب الدین اویسی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ قوم کو اپنے اثاثوں کے بارے میں پہلے ہی اعتماد میں لے چکے ہیں،میں نہ مانوں کی رٹ لگانے والے ہمارے مثبت اقدام پر منفی رویے کا اظہار کررہے ہیں۔
حالانکہ تمام سیاسی پارٹیوں کی رائے کے مطابق چیف جسٹس کی زیر نگرانی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا تاہم مخالفین نے پھر پینترا بدل لیا ہے اور کھوکھلے نعروں پر سیاست کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ بہت جلد ملک میں دس ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کر دی جائے گی جس سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ ختم ہو گی بلکہ عوام کو سستی بجلی ملے گی۔

[pullquote]سمجھ نہیں آرہاوزیراعظم کیوں فرنٹ لائن پرآ گئےہیں،خورشید شاہ
[/pullquote]

khurshed-sas

سکھر:خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کےجلسے جلوس کرنے کے پیچھے کچھ نہ کچھ مقصد ضرور ہے،پاناما لیکس الزامات وزیراعظم پر نہیں ان کے اہلخانہ پر ہیں،پھر وزیراعظم کیوں فرنٹ پر آئے ہیں۔
سکھر میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آ رہا کہ وزیراعظم کیوں فرنٹ لائن پر آ گئے ہیں، پاناما لیکس کے الزامات ان پر نہیں بلکہ ان کے اہلخانہ پر لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے جلسے جلوس کرنے کے پیچھے کچھ نہ کچھ مقصد ضرور ہے،انہوں نے کہا کہ مجھ پر لگائے گئےالزامات کی تحقیقات ایف آئی اے یا نیب سے کروا لیں،ہماری حکومت میں موبائل فون منصفانہ طریقے سے خریدے اور حاجیوں کو دیئے گئے۔
خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی تردیدکےلیے اشتہارات پر عوام کے بارہ کروڑ روپے خرچ کر دیئے گئے۔

[pullquote]ایف 16 کی فراہمی: امریکا نے امداد روک دی
[/pullquote]

005673BA00000258-0-image-a-64_1435683741343

واشنگٹن: امریکا کی جانب سے پاکستان کو 8 ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے سلسلے میں فراہم کی جانے والی 60 فیصد امدادی رقم کا اجراء روک دیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی ہندی سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا نے پاکستان کو 8 ایف سولہ طیارے فروخت کرنے ہیں جن کی مالیت 70 کروڑ ڈالر ہے، جس میں سے 43 کروڑ ڈالر کی امدادی رقم امریکا نے فراہم کرنی تھی جبکہ باقی 27 لاکھ ڈالر کی ادائیگی پاکستان نے کرنی تھی۔
بی بی سی (ہندی) نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام نے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی خریداری کی مد میں دی جانے والی امداد سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے احکامات کے بعد روک لی۔

[pullquote]عزیربلوچ سےتحقیقات،کئی شواہد غائب ہونے کا خدشہ
[/pullquote]

Uzair-Baloch-770x470

کراچی: کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے سرغنہ عزیر جان بلوچ سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی حتمی رپورٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کسی سینئر سیاستدان کا نام سامنے نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز اور پولیس کے درمیان کچھ متنازع نکات کے باعث جے آئی ٹی کی حتمی رپورٹ کی تیاری میں تاخیر ہوئی۔
تاہم سینئر پولیس آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ اب رینجرز اور پولیس کے درمیان اختلافات دور ہوگئے ہیں اور جے آئی ٹی کی رپورٹ جلد عوام کے سامنے لائی جائے گی۔
ذرائع نے کہا کہ متنازع نکات بنیادی طور پر عزیر بلوچ کے چند سینئر سیاستدانوں، پولیس اور رینجرز کے عہدیداران سے مبینہ تعلقات سے متعلق تھے۔
تاہم دونوں فورسز کے سینئر حکام کے درمیان دو ملاقات کے بعد یہ معاملہ حل ہوگیا۔

[pullquote]عمران فاروق قتل کےملزم خالدشمیم کی ویڈیو کیسے بنی؟
[/pullquote]

Khalid Shamim MQM Imran Farooq

راولپنڈی/کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے اہم ملزم خالد شمیم کے ایک حالیہ ویڈیو بیان نے سرکاری اور سیاسی حلقوں میں بے چینی پیدا کردی ہے۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید شمیم نے مذکورہ ویڈیو میں الزام لگایا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں ملوث تھے۔
ویڈیو میں خالد شمیم کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے، ‘جب عمران فاروق کی میت پاکستان لائی گئی تو انھوں نے (الطاف حسین نے) مصطفیٰ کمال کو فون کیا اور کہا کہ کام ہوگیا ہے’۔

[pullquote]سندھ اسمبلی:نجی ٹی وی کی ٹیم اسلحےسمیت گرفتار
[/pullquote]

5723275895b25

کراچی: سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اُس وقت عجیب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک نجی نیوز چینل کے اینکرپرسن اپنی ٹیم کے ہمراہ پستول لے کر اسمبلی کے اندر پہنچ گئے۔
مذکورہ اینکر اور ان کی ٹیم کو بعدازاں گرفتار کرلیا گیا، جن کا مقصد اسمبلی کی سیکیورٹی کے انتظامات کو ‘بے نقاب’ کرنا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسمبلی اجلاس کے دوران اے آر وائی نیوز چینل کے پروگرام ‘سرعام’ کے میزبان اقرار الحسن اپنی ٹیم کے ایک شخص سے پستول برآمد کرکے اسمبلی اسٹاف کے حوالے کرتے ہیں، جسے اسپیکرآغا سراج درانی کے ڈیسک پر پہنچا دیا جاتا ہے، آغا سراج درانی نے پستول سے میگزین نکال کر دیکھا کہ اس میں گولیاں موجود ہیں، تاہم میگزین میں کوئی گولی موجود نہیں تھی۔
اس دوران ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ اراکین استفسار کرتے ہیں کہ ‘یہ کون شخص ہے’۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے اس حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شخص اس طرح آسانی سے کیسے پستول لے کر اسمبلی میں داخل ہوسکتا ہے۔
خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ اسمبلی کے لیے سیکیورٹی الرٹ جاری کیا جاچکا ہے اور کالعدم تنظیموں کی جانب سے بھی دھمکیاں دی گئی ہیں، اسمبلی سے پستول برآمد ہونا ایک المیہ ہے۔

[pullquote]آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ3جون کی پیش کیاجائے گا
[/pullquote]

budget-2016-pak

اسلام آباد:آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ تین جون کو پیش کیا جائے گا ۔سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے آٹھ سو ارب روپے اور ٹیکس وصولی کا ہدف سینتیس کھرب پینتیس ارب روپے مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے آئندہ مالی سال دوہزار سولہ سترہ کے وفاقی بجٹ کی تیاری کے لئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر کو ہدایت کی ہے کہ بجٹ کی تیاری کا کام جلد مکمل کیا جائے، تاکہ تین جون کو قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ تین جون کی شام قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے، جس پر چھ جون سے باقاعدہ بحث کا آغاز کردیا جائے گا، قومی اسمبلی کی منظوری کے بعد بجٹ دستاویز وزیراعظم کی منظوری کے لئے ارسال کی جائیں گی، جس کے بعد وزیراعظم اسے دستخط کے لئے صدر پاکستان کو ارسال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال دفاعی بجٹ کا حجم آٹھ سو پچاس ارب روپے ہوسکتا ہے، جبکہ پی ایس ڈی پی کے لئے آٹھ سو ارب روپے اور ٹیکس وصولی کا ہدف سینتیس کھرب پینتیس ارب روپے مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔

[pullquote]پنجاب:ینگ ڈاکٹرزکاحکومت کیخلاف لانگ مارچ کااعلان
[/pullquote]

doc-protest

لاہور:پنجاب بھر کے ینگ ڈاکٹرز نے حکومت کیخلاف لانگ مارچ کا اعلان کردیا،تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پر ڈاکٹرزگیارہ مئی کو پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ بھی کریں گے،ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ اگر راستہ روکا گیا تو شدید ردعمل ہوگا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے عہدیداران کا کہناتھا کہ حکومت نے ایک سال قبل جو وعدہ کیا تاحال وفا نہیں ہوا،اسی لیے گیارہ مئی کو صوبے بھر کے تمام ڈاکٹرز حکومت کے خلاف لانگ مارچ کریں گے اورپنجاب اسمبلی کا گھیراؤ ہو گا۔
انہوں نے کہا ڈاکٹرز کااگر لانگ مارچ کے دوران راستہ روکنے کی کوشش کی گئی تو شدید ردعمل سامنے آئے گا جس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
اسپتالوں کی حالت زار کے حوالے سے ڈاکٹروں کا کہناتھا کہ صوبے بھر کے کے بڑے اسپتالوں میں عمارتیں تو کھڑی کردی گئی ہیں لیکن ان کو چلانے کے لیے فنڈز مہیا نہیں کیے جارہے،حکومت سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب بھی توجہ دے۔

[pullquote]سندھ بھرمیں انٹرکےامتحانات،نقل عروج پر
[/pullquote]

exam-pabepe

کراچی سمیت سندھ بھر میں انٹر کے امتحانات جاری ہیں۔تمام تر اقدامات کے باوجود نقل مافیا کو روکا نہ جاسکا،مختلف امتحانی مراکزمیں نقل زوروں پر رہی۔گھوٹکی میں انگلش کا پرچہ شروع ہونے سے قبل ہی دکانوں پر فروخت ہوتا رہا۔
کراچی میں نقل کے روک تھام کے لیے چیئرمین انٹر بورڈ نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اس دوران نارتھ کراچی کالج میں چار طلبا نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے جن کے پرچے منسوخ کردیئے گئے۔
لاڑکانہ میں مطالعہ پاکستان کے پرچے کے دوران امیدوار موبائل فونز اور گائیڈوں کے ذریعے کھلے عام نقل کرتے رہے۔ویجیلینس ٹیموں کے مطابق مختلف امتحانی مراکز پر چھاپے مار کر پینتیس طلبا کو نقل کرتے ہوئے پکڑا اور کمرہ امتحان سے نکال دیا گیا۔
گھوٹکی میں انگلش کا پرچہ شروع ہونے سے قبل ہی آؤٹ ہوگیا اور مختلف دکانوں پر پچاس سے سو روپے میں فروخت ہوتا رہا۔
میرپورخاص ڈویژن میں ویجیلینس ٹیموں نے مختلف امتحانی مراکز پر چھاپے مارے،انٹر کے امتحانات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے جس کی وجہ سے طلبہ کو شدید گرم موسم میں مشکلات کا سامنا ہے۔

[pullquote]عالمی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]ناز شاہ کا دفاع،سابق مئیر لندن بھی پارٹی سے معطل
[/pullquote]

5722fb8bde816

لندن: برطانوی اپوزیشن لیبر پارٹی نے سابق مئیر لندن کین لونگ اسٹون کو پارٹی سے معطل کردیا، کین نے یہود مخالف ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایڈولف ہٹلر صیہونیت کا حامی تھا۔
لیبر پارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کین لونگ اسٹون کو معطل کرکے پارٹی کی بدنامی پر ان سے تحقیقات کو زیرِ غور لایا جارہا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی (ریڈیو) سے بات کرتے ہوئے لونگ اسٹون نے کہا تھا کہ جب ہٹلر 1932 کے انتخابات میں کامیاب ہوئے، اُس کی پالیسی یہ تھی کہ یہودیوں کو اسرائیل منتقل ہوجانا چاہیے، وہ پہلے صیہونت کا حامی تھا پھر بعدازاں اس کا ذہنی توازن بگڑا اور اس نے 60 لاکھ یہودیوں کو ہلاک کیا’۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں لیبر پارٹی میں 40 سال سے موجود ہوں اور آج تک کسی کو یہود مخالف بات کرتے نہیں دیکھا، میں نے اسرائیل کی ریاست پر تنقید اور فلسطینیوں پر ان کے ظلم کے بارے میں بہت سنا ہے، مگر میں نے ابھی تک کسی کو ‘یہود دشمنی’ پر بات کرتے نہیں دیکھا۔
انہوں نے لیبر پارٹی کی قانون ساز ناز شاہ کا دفاع کیا، جنہیں گذشتہ روز سوشل میڈیا پر یہود مخالف پوسٹ شئیر کرنے پر پارٹی سے معطل کردیا گیا تھا۔

[pullquote]شام میں’خاموش حکومت‘ قائم کرنے کا امریکی اور روسی معاہدہ
[/pullquote]

روس اور امریکا نے مشترکہ طور پر شام کے کچھ علاقوں میں فائر بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی RIA نے سفارتی حوالے سے کہا ہے کہ اس نئے سمجھوتے کا اطلاق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب سے ہو گیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق واشنگٹن اور ماسکو کے مابین طے پانے والے اس معاہدے کے تحت الاذقیہ اور شامی دارالحکومت دمشق کے قریبی نواحی علاقوں میں دونوں ممالک اِس فائر بندی کی نگرانی مل کر کریں گے۔

[pullquote]امریکی صدر ہیروشیما جائیں گے: جاپانی اخبار کا دعویٰ
[/pullquote]

جاپانی اخبار نکائی (Nikkei) نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما ترقی یافتہ ملکوں کے گروپ جی سیون کی سمٹ میں شرکت کرنے کے بعد ہیروشیما بھی جائیں گے۔ جی سیون سمٹ اگلے مہینے کی چھبیس اور ستائیس تاریخ کو منعقد کی جائے گی۔ اس سربراہ اجلاس کے آخری روز ستائیس مئی کو اوباما کے ہیروشیما جانے کے سلسلے میں ٹوکیو اور واشنگٹن حکام کے درمیان معاملات طے کیے جا رہے ہیں۔ امریکی صدر کے ہیروشیما جانے کے حوالے سے وائٹ ہاؤس نے کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران جی سیون کے وزرائے خاجہ کے اجلاس میں شریک امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی ہیروشیما کا دورہ کیا تھا۔

[pullquote]یونانی معاملات پر یورو زون کے وزرائے خز انہ کی میٹنگ
[/pullquote]

یورو زون کے وزرائے خزانہ اگلے مہینے کی نو تاریخ کو یونان کے مالی معاملات زیر بحث لائیں گے۔ اس میٹنگ میں یونان کے ساتھ بیل آؤٹ پیکج فراہم کرنے والے تین اداروں کے نمائندے مختلف معاملات پر بات چیت بھی کریں گے۔ اِس میٹنگ میں قرض دہندگان کی جانب سے مزید بچتی اقدامات کو خاص طور پر زیر بحث لایا جائے گا۔ ان پر یونانی حکومت تحفظات رکھتی ہے۔ قرض دہندگان یونان کی مجموعی قومی پیداوار پر دو فیصد کی شرح سے یا چار بلین ڈالر کے مساوی کٹوتی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ایسے اشارے بھی سامنے آئے ہیں کہ یونان اور قرض دہندگان کے مابین مثبت پیش رفت کے بعد ہی وزرائے خزانہ کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

[pullquote]شمالی کوریا میں ایک اور امریکی کو سزا سنا دی گئی
[/pullquote]

کمیونسٹ ملک شمالی کوریا نے امریکی نژاد کوریائی نسل کے باشندے کو دس برس کی قید کی سزا سنائی ہے۔ کم ڈونگ چُول نامی امریکی شہری کو ریاست کے خفیہ راز چرانے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ آج جمعے کے روز ایک مختصر عدالتی کارروائی کے دوران استغاثہ کی جانب سے الزام ثابت کرنے پر اُسے دس برس کی قید بامشقت کا حکم سنایا گیا۔ پیونگ یانگ حکام نے مقدمے کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ کم ڈونگ کو سزا سنانے سے چند روز قبل ایک امریکی یونیورسٹی طالب علم اوٹو وارمبیئر کو ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر پندرہ برس کی سزا سنائی گئی تھی۔

[pullquote]آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی خاتون امدادی ورکر کا افغانستان میں اغوا
[/pullquote]

آسٹریلیا کے سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ شواہد جمع کیے جا رہے ہیں کہ آسٹریلوی شہر پرتھ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون امدادی ورکر کو کن حالات میں نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا ہے۔ دوسری جانب ننگر ہار صوبے کے گورنر کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی کے مطابق آسٹریلوی خاتون جلال آباد میں ایک کشیدہ کاری کے پراجیکٹ کی نگرانی کے لیے گئی تھی کہ اُسے نامعلوم نقاب پوش مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ خوگیانی کے مطابق اغوا کار پولیس کی وردیوں میں ملبوس تھے۔ اسی طرح ننگرہار کی پولیس کے سربراہ نے بھی اغوا کی اِس واردات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بدھ کے روز جلال آباد پہنچی تھی۔

[pullquote]امریکی نائب صدر عراق کے دورے پر
[/pullquote]

امریکا کے نائب صدر جو بائیڈن نے عراق کے دورے کے دوران وزیراعظم حیدر العبادی اور اسپیکر سلیم الجبوری کے علاوہ دوسرے کئی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ بغداد کے بعد وہ کرد علاقے اربیل گئے اور اب وہ روم پہنچ چکے ہیں۔ سن 2011 میں عراق سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد جو بائیڈن کا یہ عراق کا پہلا دورہ ہے۔ امریکی نائب صدر ایسے موقع پر عراق پہنچے ہیں جب حکومتی فوج ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف نبردآزما ہے اور ملکی اقتصادیات زبوں حالی کا شکار ہے۔ بغداد میں حکومتی اور عوامی حلقوں میں کرپشن کے انسداد کا شور بھی اٹھا ہوا ہے۔ امریکی نائب صدر کسی مہینوں سے اِس دورے کی پلاننگ کیے ہوئے تھے۔

[pullquote]جنوبی کوریا میں امریکی میزائل نظام کی تنصیب، روس اور چین کی تشویش
[/pullquote]

روس اور چین کے وزرائے خارجہ نے جنوبی کوریا میں امریکی اینٹی میزائل نظام کی مجوزہ تنصیب پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مطابق بحیرہ جنوبی چین کے تنازعے میں امریکا شامل نہیں ہے اور باہر سے آکر اُسے اِس انداز میں ملوث نہیں ہونا چاہیے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے آج جمعے کے روز چینی دارالحکومت میں یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا کے فوجی اقدامات کے تناظر میں انتہائی جدید تھاڈ میزائل سسٹم کی تنصیب کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے اِس موقع پر کہا کہ امریکی میزائل کی تنصیب سے روس اور چین کی سکیورٹی کے براہ راست متاثر ہونے کا قوی امکان ہے۔

[pullquote]آسٹریلیا نے چین کو زرعی اراضی کی فروخت روک دی
[/pullquote]

آسٹریلوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک کا ایک انتہائی بڑا زرعی رقبہ چین کے تصرف میں دینا ملکی مفادات کے منافی ہے۔ وزیر خزانہ نے اِس خرید کے معاملے کو روک دینے کی تصدیق کی ہے۔ ایک آسٹریلوی کمپنی ’ایس کِڈ مین اینڈ کو‘ ایک لاکھ مربع کلو میٹر سے زائد علاقہ چینی کنسورشیم کو دینے والی تھی کہ حکومت نے اِس میں مداخلت کر دی۔ یہ علاقہ آسٹریلیا کے کل رقبے کا دو فیصد کے قریب بنتا ہے۔ موریسن نے گزشتہ برس نومبر میں بھی ایک چینی کمپنی کو پراپرٹی کی فروخت میں مداخلت کرتے ہوئے نامنظور کر دیا تھا۔ پراپرٹی کی ڈیل کو روکنے کی وجہ سکیورٹی کے معاملات بتائے گئے تھے۔

[pullquote]ایران میں پارلیمانی انتخابات کا دوسرا مرحلہ
[/pullquote]

آج جمعے کو ایرانی پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ آج اڑسٹھ نشستوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ریاستی ٹیلی وژن کے مطابق صدر حسن روحانی اور اُن کے اتحادی کوشش میں ہیں کہ اُن کے ہم خیال جیت جائیں تاکہ وہ پارلیمان میں مزید نشستیں حاصل کر سکیں۔ ایران میں پارلیمانی الیکشن کا پہلا مرحلہ چھبیس فروری کو مکمل ہوا تھا اور اُس میں روحانی اور ان کے اتحادی بیشتر سیٹوں پر کامیاب قرار دیے گئے تھے لیکن قطعی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ جن حلقوں میں کوئی بھی امیدوار پچیس فیصد ووٹ حاصل نہیں کر پایا تھا، وہاں آج انتخابی عمل شروع ہو گیا ہے۔

[pullquote]چینی شہر شنگھائی کے انٹرنینشل ہوائی اڈے پر آتشزدگی، دو ہلاک
[/pullquote]

چین کے فنانشل مرکز شنگھائی کے ہونگ چیاؤ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ایک ٹرمینل پر جاری تعمیراتی کام میں لگنے والی آگ کی لپیٹ میں آ کر کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایئر پورٹ حکام کے مطابق آگ پر پوری طرح قابو پا لیا گیا ہے۔ چین کے میڈیا نے ہوائی اڈے پر لگنے والی آگ کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی ہے۔ ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر ایک پر زیرتعمیر علاقے میں لگنے والی آگ فوری طور پر تقریباً ایک سو مربع میٹر میں پھیل گئی تھی۔ آتشزدگی کے اِس واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

[pullquote]خود کو آگ لگانے والا ایرانی مہاجر چل بسا
[/pullquote]

آسٹریلیا کی جانب مہاجرت کرنے والا ایرانی خود سوزی کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ہے۔ ایرانی ریفیوجی نے خود کو آگ بحر الکاہل میں واقع ناؤرُو امیگیریشن حراستی مرکز میں لگائی تھی۔ تیئیس سالہ ایرانی نے بدھ کے روز آسٹریلوی امیگریشن پالیسی کے خلاف بظاہر احتجاج کرتے ہوئے خود سوزی کی تھی۔ آسٹریلین امیگریشن حکام کے مطابق خود سوزی کرنے والے ایرانی کی رحلت آج جمعہ کے روز ایک آسٹریلوی ہسپتال میں ہوئی ہے۔ خود کو آگ لگانے کا واقعہ اُس دن رونما ہوا تھا جب اقوام متحدہ کی ریفیوجی ایجنسی کا وفد ناؤرُو پہنچا تھا۔

[pullquote]فرانسیسی دارالحکومت میں مظاہرے
[/pullquote]

آج جمعے کے دن فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مشتعل مظاہرین نوجوانوں اور پولیس کے درمیان صبح سے جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں۔ وسطی پیرس میں جمع نوجوان مظاہرین نے منتشر ہونے کے پولیس احکامات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا اور پھر پولیس کارروائی کے دوران جھڑپیں شروع ہوئیں۔ اِن جھڑپوں کے دوران پولیس نے ستائیس افراد کو باقاعدہ گرفتار کر لیا ہے اور دو درجن مظاہرین کو پابند کر رکھا ہے۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کرنے کے علاوہ کچھ کاروں کو آگ بھی لگائی۔ وسطی پیرس کے ری پبلک اسکوائر میں مسلسل کئی ایام سے شبینہ مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے رات دو بجے مظاہرین کو منتشر کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ یہ مظاہرین نئے لیبر قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

[pullquote]شامی فوج دیرالزور اور الرقہ پر حملوں کی پلاننگ کر رہی ہے: روس
[/pullquote]

روس کے اقوام متحدہ کے لیے جنیوا میں متعین سفیر الیکسی بورودافکن نے بتایا ہے کہ شام کی فوج اب دیرالزور کے ساتھ ساتھ الرقہ پر قبضے کے لیے عسکری آپریشن کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ الرقہ کو عسکریت پسند تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی خود ساختہ خلافت کا مرکز قرار دیا جاتا ہے اور دیرالزور کا علاقہ شام میں خام تیل کی دولت سے مالامال ہے۔ اُدھر اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے ادارے کے سربراہ اسٹیفن اوبراُئن نے کہا ہے کہ شامی محصور علاقوں میں امدادی سامان کی سپلائی بحال تو ہوئی ہے لیکن اِس میں مزید اضافہ اور تسلسل درکار ہے۔ اوبرائن کے مطابق کئی علاقے انتہائی مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں میٹل اور الیکٹریکل مزدورں کا احتجاج
[/pullquote]

جرمنی کی لیبر یونین آئی جی میٹل کی اپیل پر مختلف شہروں میں لاکھوں مزدوروں نے کام کا بائیکاٹ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ لیبر یونین نے مزدوروں کی اجرتوں میں 2.1 فیصد اضافے کی تجویز کو رد کر دیا ہے۔ یونین پانچ فیصد اضافے کا مطالبہ کرتی ہے۔ احتجاج کرنے والے ملازمین کا تعلق الیکٹریکل اور میٹل کی صنعتوں سے ہے۔ لیبر یونین کے مطابق آج جمعہ کی طرح کی انتباہی ہڑتالوں کا سلسلہ آئندہ ہفتوں میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ کُل ڈیڑھ سو کارخانوں کے ملازمین احتجاج میں شریک ہوئے۔

[pullquote]
جنوبی افریقہ، عدالت کا زوما پرکرپشن الزامات ختم کرنے پر نظرثانی کا حکم
[/pullquote]

جنوبی افریقہ کی ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ سن 2009 میں موجودہ صدر جیک زوما پر اُس وقت لگائے گئے 783 کرپشن الزامات کو حذف کرنے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ تھا اور اُن پر نظرثانی لازمی ہے۔ یہ الزمات اُس وقت کے چیف پراسیکیوٹر موکوٹیڈی مپشی نے زوما کے وکلاء کی اِس دلیل پر ختم کیے تھے کہ یہ تمام سیاسی رقابت کا شاخسانہ ہیں۔ انہی الزامات کو نظرانداز کرنے پر زوما صدارتی انتخابات میں شریک ہونے کے اہل قرار دیے گئے تھے۔ اپوزیشن اور سماجی حلقے زوما سے منصبِ صدارت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

[pullquote]کھیلوں کی خبریں
[/pullquote]

[pullquote]ویوین رچرڈز کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کا مطالبہ
[/pullquote]

572332b2ab4fc

لاہور: سابق عظیم لیگ اسپنر عبدالقادر نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی موجودہ انتظامیہ پر بورڈ کے معاملات سیاستدانوں کی طرح چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے عظیم ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈز کو ہیڈ کوچ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
عبدالقادر نے کہا کہ پی سی بی وہی کھیل کھیلنے میں مصروف ہے جو ہمارے سیاستدانوں عوام کو دھوکا دینے کیلئے کھیل رہے ہیں اور ہر بڑے سانحے اور غلطی کے بعد عوام کی توجہ اصل مسئلے سے ہٹا رہے ہیں۔
خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سیاستدان اور پی سی بی دونوں ہر مسئلے کے بعد ایک کمیشن بناتے ہیں جو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور توجہ ہٹانے کا طریقہ ہے۔

[pullquote]شوبز
[/pullquote]

[pullquote]شاہ رخ، ماہرہ کی ‘رئیس’ ریلیز سے قبل تنازع کا شکار
[/pullquote]

572310dc295ab

ممبئی: بولی وڈ کنگ خان شاہ رخ خان اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی آنے والی فلم ‘رئیس’ ریلیز سے قبل ہی تنازع کا شکار ہوگئی۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کی ایک عدالت نے ایک گینگسٹر کے بیٹے کی شکایت پر دائر کیے گئے مقدمے کے سلسلے میں بولی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس کو نوٹس جاری کردیا۔
مذکورہ گجراتی گینگسٹر کے بیٹے نے دعویٰ کیا کہ فلم ‘رئیس’ ان کے والد کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔
سول کورٹ کے جج آر ٹی وٹسانی نے شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ اور شریک پروڈیوسر ایکسل انٹرٹینمنٹ اور راہول ڈھولکیا پروڈکشن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے اگلے ماہ 11 مئی تک جواب طلب کرلیا۔

[pullquote]’مالک‘پرپابندی:وفاقی وصوبائی حکومت کو قانونی نوٹس
[/pullquote]

maalik-trailer

لاہور: صوبہ سندھ اور پنجاب کی ہائی کورٹس نے کرپشن اور معاشرتی برائیوں کے خلاف بننےوالی فلم ’مالک‘ کی پاکستان میں نمائش پر پابندی کے خلاف درخواستوں پر وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سنسر بورڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شمس محمود مرزا نے فلم پر پابندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت درخواست گزار محبوب عالم ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فلم میں معاشرتی برائیوں اور کرپشن کو اجاگر کیا گیا ہے، فلم نہ تو ملکی سالمیت اور نہ ہی معاشرتی اقدار کے خلاف بنائی گئی ہے، لیکن اس کے باوجود حکومت نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے فلم کی نمائش پر پابندی عائد کردی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے