لاہور:پاکستان سپر لیگ کی مالی رپورٹ کی تفصیلات جاری کردی گئیں،پی سی بی گورننگ بورڈ نے لیگ کے معاملات چلانے کیلئے خود مختار کمپنی بنانے کی بھی منظوری دے دی۔
نجم سیٹھی نے لیگ سے 26 کروڑ روپے منافع کی نوید سنادی۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونےوالے پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے فنانشل رپورٹ پیش کی جس کے تحت پی سی بی کو لیگ کے پہلے ایڈیشن سے 26 کروڑ کا منافع ہوا۔
فرنچائز کو 13کروڑ روپے منافع کا تخمینہ لگایا گیا تھا مگر انہیں صرف 9 کروڑ روپے بچے،گورننگ بورڈ نے نقصان کو کم کرنے کیلئے اپنے منافع سے 20 کروڑ روپے فرنچائزز کو دینے کی منظوری دے دی۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ گورننگ بورڈ نے پی ایس ایل کے معاملات چلانے کیلئے خودمختار کمپنی بنانے کی بھی منظوری دے دی ہے جبکہ دوسرےایڈیشن میں چھٹی ٹیم شامل کی جاسکتی ہے۔نجم سیٹھی نے بتایا کہ پی ایس ایل کی طرز سے پاکستان کپ کرانے کا تجربہ کامیاب رہا اور یہ پہلا موقع ہےکہ کپ سے پی سی بی کو منافع ہوا ہے۔