یہ اکثر مشورہ دیا جاتا ہے کہ موٹاپے سے پریشان افراد غیر ضروری وزن سے چھٹکارے کے لیے زیادہ پانی پینا عادت بنالیں۔
اور اب ایک نئی طبی تحقیق میں اس کو سند فراہم کردی گئی ہے۔
تحقیق کے مطابق پانی پینا خاص طور پر کھانے سے پہلے 500 ملی لیٹر پانی پینا موٹاپے سے نجات کے لیے بہترین نسخہ ثابت ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران محققین نے موٹاپے کے شکار مرد و خواتین کو 2 گروپس میں تقسیم کیا۔
ایک گروپ کو کم کیلوریز پر مشتمل غذا فراہم کی گئی جبکہ دوسرے گروپ کو اسی غذا کے ساتھ زیادہ پانی پینے کی ہدایت کی گئی۔
12 ہفتے بعد نتائج سے معلوم ہوا کہ جس گروپ کو کم کیلوریز کی غذا اور کھانے سے آدھے گھنٹے قبل 2 گلاس پانی پینے کی ہدایت کی بئی ان کا جسمانی وزن اس عرصے میں 8 سے 10 کلو تک کم ہوگیا۔
پہلے گروپ کا جسمانی وزن بھی 5 سے 8 کلو تک کم ہوا۔
محققین کے خیال میں زیادہ پانی پینے کی وجہ سے لوگ بہت کم کیلوریز کو اپنے جسم کا حصہ بناسکیں اور انہوں نے پہلے گروپ کے مقابلے میں ہر کھانے میں 40 فیصد کم کیلوریز کا استعمال کیا۔
اس تحقیق سے سابقہ رپورٹس کی تصدیق ہوتی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ کھانے سے پہلے پانی پینے کے نتیجے میں فی فرد کیلوریز کے استعمال میں اوسطاً 200 تک کمی آتی ہے۔
تحقیق میں کہا گیا ہے کہ جسمانی وزن میں کمی کے لیے لوگوں کو روزانہ زیادہ پانی پینے کو عادت بنالینا چاہئے خصوصاً کھانے سے ایک یا آدھے گھنٹے پہلے 2 گلاس پانی ضرور استعمال کریں۔
یہ تحقیق طبی جریدے جرنل اوبیسٹی میں شائع ہوئی۔