[pullquote]پاکستان
[/pullquote]
[pullquote]سوات میں نواز شریف کڈنی ہسپتال کا افتتاح
[/pullquote]
سوات: وزیراعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا کے شہر سوات میں جدید ترین سہولیات کے حامل نواز شریف کڈنی ہسپتال کا افتتاح کردیا۔
ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق 110 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال 80 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔
کڈنی ہسپتال میں ایک او پی ڈی، ایک آپریشن تھیڑ، مردوں اور خواتین کے وارڈ، 14 ڈائیلاسز یونٹ، سی ٹی اسکین اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔
یہ ہسپتال خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا پہلا ہسپتال ہے۔
[pullquote]چیئرمین سینٹ ناراض، سینٹ سے چلےگئے
[/pullquote]
پاکستان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی پانامالیکس کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر مشاورت نہ کرنے پر سینٹ کے اجلاس کی صدارت چھوڑ کر چلے گئے۔
میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس، بدعنوانی اور قرضے معاف کروانے جیسے اہم معاملوں کی تحقیقات کےلیے پارلیمانی پارٹی کی تشکیل کے حوالے سے وزارت پارلیمانی امور نے اُن سے کوئی مشاورت نہیں کی اور اس کمیٹی کی تشکیل کی قرارداد کو ایجنڈے میں شامل کرلیا۔
اُنھوں نے کہا کہ چونکہ یہ کمیٹی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے قائم کی جارہی ہے اس لیے وہ اس کی مخالفت تو نہیں کرتے لیکن چونکہ ان کے نزدیک اس میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیےگئے اس لیے وہ (رضاربانی) یہ نہیں چاہیں گے کہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کی قرارداد اُن کی سربراہی میں پاس کی جائے۔
[pullquote]پاکستان اور بھارت میں گرمی کی شدید لہر جاری
[/pullquote]
پاکستان اور بھارت کے کئی علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ بھارتی محکمۂ موسمیات کے مطابق ریاست راجھستان کے ایک شہر میں گرمی پڑنے کا قومی ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
حکام کے مطابق راجھستان کے شہر پھلودی میں درجہ حرارت 51 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ ملک میں جب سے موسم کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے سب سے زیادہ ہے۔
اس سے پہلے ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کا ریکارڈ 1956 میں قائم ہوا تھا جب درجہ حرات 50.6 تک پہنچ گیا تھا۔
بھارت کے شمالی علاقوں میں گذشتہ کئی ہفتوں سے درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے زیادہ ہے لیکن 50 سینٹی گریڈ سے اوپر جانا ایک غیر معمول بات ہے اور یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ بھارت کی ریاستوں تلنگانا اور آندھرا پردیش میں اپریل میں ہی درجہ حرارت اس سطح پر پہنچ گیا تھا جو عام طور پر جون کے وسط میں ہوتا ہے۔
[pullquote]شیخوپورہ میں 15 منشیات فروش گرفتار
[/pullquote]
شیخوپورہ: شیخوپور پولیس کا ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون 15 منشیات فروش گرفتار، مجموعی طور پر لاکھوں روپے مالیت کی 88 بو تلیں ولایئتی شراب، 8 کلو چرس اور 188 لیٹر دیسی شراب برآمد کر لی تفصیلات کے مطابق ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز خان ورک کی ہدائیت پر شیخوپورہ پولیس نے منشیات فروشی کی روک تھام کے لئے بدنام زمانہ منشیات ڈیلروں کے خلاف کریک ڈاون کیا اور مختلف تھانوں کی پولیس نے چھاپے مار کر رنگے ہاتھوں 15 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی ولائیتی شراب، چرس اور بھاری مقدار میں دیسی شراب برآمد کی .
[pullquote]شہری کو غیر ملکی قرار دینے پر نادرا سے جواب طلب
[/pullquote]
لاہور ہائیکورٹ نے شہری کو نادرا کی جانب سے غیر ملکی قرار دینے پر ڈائریکٹر نادرا سے ایک ہفتے میں وضاحت طلب کرلی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار چونیاں کے رہائشی محمد سلیم کی جانب سے بتایا گیا کہ نادرا نے پاکستانی شہری محمد سلیم کو غیر ملکی قرار دیکر شناختی کارڈ بلاک کردیا حالانکہ محمد سلیم نے اپنے والدین اور بھائیوں کے شناختی کارڈ بھی نادرا حکام کو دکھائے لیکن نادرا حکام اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہے اور سلیم کو غیر ملکی شہری قرار دیدیا۔ فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ نادرا غیر ملکیوں کو تو پکڑ نہیں رہا اور اپنے شہریوں کو شناختی کارڈ جاری نہیں کر رہا۔ عدالت نے نادرا حکام سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی۔
[pullquote]یونیورسٹی پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، پاکستانی حکام
[/pullquote]
پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ایسے 17 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے جو وسطی پنجاب کی ایک یونیورسٹی پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ انسداد دہشت گردی سے متعلق ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران القاعدہ، جماعت الاحرار اور لشکر جھنگوی کے شدت پسندوں کے خلاف تین مختلف کارروائیاں کی گئیں۔
[pullquote]حکومت کا چینی باشندوں کی تعداد بتانے سے انکار
[/pullquote]
حکومت کا کہنا ہے کہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ صرف ایک سڑک کا نام نہیں ہے بلکہ بہت سے ترقیاتی منصوبوں کا مجموعہ ہے
حکومت پاکستان نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ملک میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام میں مصروف چینی باشندوں کی درست تعداد بتانے سے انکار کیا ہے۔
ادھر جمعے کو سینٹ کو بتایا گیا کہ پاکستان کو امریکہ سے اتحادی فنڈ سے سنہ 2001 سے اس سال جنوری تک 13.7 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔
[pullquote]عالمی خبریں[/pullquote]
[pullquote]امریکاکی پاکستانی فوجی امداد پرشرائط کافیصلہ
[/pullquote]
واشنگٹن: امریکا کے ایوان نمائندگان کے277 میں سے 147 ارکان نے مخصوص شرائط کے پورا نہ ہونے تک پاکستان کی فوجی امداد پر پابندیوں میں اضافے کے حوالے سے دفاعی پالیسی کے ایک بل کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایوان نے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن کے سلسلے میں پاکستان کی ناکامی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے 602 ارب ڈالر کے نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ برائے 2017 یا این ڈی اے اے منظور کرلیا۔
این ڈی اے اے کی منظور کے بعد پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر (450 ملین ڈالر) کی امداد اُس وقت تک روک جائے گی، جب تک پاکستان عسکریت پسند گروپ حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی نہیں کرتا، جسے قانون ساز افغانستان میں امریکی فورسز کے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں۔
[pullquote]پاکستان کیساتھ جنگ نہیں جامع مذاکرات چاہتے ہیں، بھارت
[/pullquote]
نئی دہلی: پاکستان کے ساتھ جنگ کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ ششما سوراج نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جنگ کوئی متبادل نہیں بلکہ مذاکرات کے ذریعے ہی دہشتگردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے لہذا مذاکرات کا راستہ ہی اختیار کیا جائیگا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے ایک انٹرویو کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ کوئی متبادل نہیں ہے بلکہ مذاکرات ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم دہشتگردی کا خاتمہ کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ کچھ ماہ قبل پاکستان کا دورہ کر کے انہیں اس بات کا احساس ہو گیا کہ دونوں ممالک کے کروڑوں عوام کی یہ خواہش ہے کہ دونوں ممالک آپس میں تعلقات کو بہتر بنائیں اور امن کی فضا کو ہموار کریں تاکہ آر پار تجارت کو یقینی بنایا جاسکے.
[pullquote]تباہ ہو جانیوالے مصری طیارے کا ملبہ ڈھونڈ لیا گیا
[/pullquote]
قاہرہ: پیرس سے قاہرہ جاتے ہوئے تباہ ہو جانے والے مصری ائیرلائن کے طیارے کا ملبہ ڈھونڈ لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز مصری ایئرلائن کی فلائٹ ایم ایس 804 پیرس سے قاہرہ آتے ہوئے پراسرار طور پر تباہ ہو گئی تھی۔ طیارے میں سوار تمام 66 مسافر ہلاک ہو گئے تھے۔ تباہی کا شکار ہو جانے کے بعد سے طیارے کا ملبہ ڈھونڈنے کیلئے آپریشن جاری تھا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق گمشدہ مصری ائیرلائن کے طیارے کا ملبہ یونانی جزیرے سے ڈھونڈ لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے مصری حکومت کی جانب سے بھی تصدیق کر دی گئی ہے۔
[pullquote]اوباما، مودی ملاقات آئندہ ماہ
[/pullquote]
امریکی صدر آئندہ ماہ وائٹ ہاؤس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ یہ بات وائٹ ہاؤس کی طرف سے آج جمعہ 20 مئی کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔ اس بیان کے مطابق سات جون کو ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنما معاشی ترقی، ماحولیاتی تبدیلی اور ماحول دوست توانائی کے علاوہ سکیورٹی اور دفاعی امور ميں تعاون جیسے معاملات پر بات چیت کریں گے۔
[pullquote]تُرک ارکان پارلیمان کو حاصل استثنیٰ ختم کرنے کے حق میں فیصلہ
[/pullquote]
ترکی کی پارلیمان نے اُس قانونی بِل کا پہلا آرٹیکل منظور کر لیا ہے جس کے تحت بعض ارکان پارلیمان کو مقدمات کے خلاف حاصل استثنیٰ ختم ہو سکے گا۔ خفیہ ووٹنگ میں 550 رکنی ایوان میں سے 373 نے اس منصوبے کے حق میں ووٹ دیا۔ اس بِل کے دیگر نکات پر ووٹنگ کے دو دور مزید ہونا ہیں۔ ترک ارکان پارلیمان کو استثنیٰ حاصل ہے کہ ان کے خلاف کوئی مقدمات قائم نہیں ہو سکتے تاہم نئے قانون سے استغاثہ کو یہ حق مِل جائے گا کہ وہ ایسے اراکین پارلیمان کے خلاف تحقیقات کر سکتے ہیں جن پر اس وقت مقدمات قائم ہیں۔ موجودہ پارلیمان میں ایسے ارکان کی تعداد 138 ہے جن میں سے 101 کا تعلق کُرد نواز HDP پارٹی سے ہے۔
[pullquote]ایجپٹ ایئر کے تباہ ہونے والے جہاز کا ملبہ مل گیا ہے، مصری فوج
[/pullquote]
مصری فوج نے کہا ہے کہ اسے ایجپٹ ایئر کے گزشتہ روز تباہ ہونے والے جہاز کا ملبہ مل گیا ہے۔ یہ ملبہ بحیرہ روم کے ساحلی شہر اسکندریہ سے 290 کلومیٹر دور سمندر میں ملا ہے۔ فوج کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نیوی کو مسافروں کی بعض چیزیں بھی ملی ہیں۔ جہاز کے بلیک باکس کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ایجپٹ ایئر کی پیرس سے قاہرہ جانے والی پرواز پر عملے سمیت 66 افراد سوار تھے۔
[pullquote]نیتن یاہو پر عدم اعتماد، اسرائیلی وزیر دفاع مستعفی
[/pullquote]
اسرائیلی وزیر دفاع موشے یالون اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ یہ پیشرفت وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی طرف سے اپنے حکومتی اتحاد کو توسیع دینے کے لیے سخت گیر موقف رکھنے والے ایوگڈور لیبرمن کو یہ عہدہ پیش کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔ سابق فوجی سربراہ موشے یالون کی طرف سے جاری ہونے والے ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم کو بتا دیا ہے کہ حالیہ پیشرفت کے حوالے سے وہ ان پر اعتماد نہیں کرتے، اس لیے وہ حکومت اور پارلیمان دونوں سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سیاسی زندگی سے بھی الگ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
[pullquote]بنگلہ دیش کے ایک گاؤں کا ڈاکٹر مبینہ طور پر اسلام پسندوں کے ہاتھوں قتل
[/pullquote]
تیز دھار آلات سے مسلح افراد نے بنگلہ دیش کے ایک گاؤں کے ايک ڈاکٹر کو قتل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ حملہ ممکنہ طور پر مذہبی شدت پسندوں کی طرف سے کیا گیا ہے۔ ڈھاکا سے 245 کلومیٹر مغرب میں واقعہ گاؤں کُشتیا میں موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے ہومیوپیتھک ڈاکٹر 55 سالہ میر ثناء الرحمان کو تیز دھار آلات سے وار کر کے ہلاک کر دیا۔ علاقے کے پولیس سربراہ شہاب الدین چوہدری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس حملے کے پیچھے مذہبی شدت پسندوں کا ہاتھ ہے۔
[pullquote]تائیوان آزادی کی کوشش سے باز رہے، چین کا انتباہ
[/pullquote]
چین نے نئی تائیوانی صدر سائے اِنگ وین کو خبردار کیا ہے کہ وہ تائیوان کی آزادی کے لیے کوشش نہ کریں۔ چین اور تائیوان 1949ء میں اس وقت الگ ہو گئے تھے جب کوومنِٹَنگ کی قوم پسند فورسز کمیونسٹوں کے خلاف خانہ جنگی میں شکست کھا گئی تھیں۔ تاہم تائیوان کی طرف سے کبھی بھی باقاعدہ طور پر چین سے الگ ہونے کا اعلان نہیں کیا گيا۔ سائے اِنگ وین کے حلف اٹھانے کے چند گھنٹے بعد ہی چین کے تائیوان سے متعلق معاملات کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے، ’’اگر آزادی کی کوشش کی جاتی ہے، تو تائیوانی آبنائے میں امن اور استحکام ممکن نہیں رہے گا۔‘‘
[pullquote]عراقی فورسز نے ایک جنوب مغربی شہر داعش سے آزاد کرا لیا ہے
[/pullquote]
امریکی فوجی حکام نے کہا ہے کہ عراقی فورسز نے ملک کے جنوب مغربی شہر رتبہ کو دہشت گرد گروپ داعش کے قبضے سے چھڑا لیا ہے۔ بغداد میں امریکی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شان میک فارلینڈ Sean MacFarland نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسے عراقی فورسز کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔ میک فارلینڈ کے مطابق رتبہ شہر کو داعش کے قبضے سے چھڑانے کے سبب اب عمان سے بغداد تک کی سڑک کھولی جا سکے گی۔ ایک اور امریکی اہلکار کے مطابق اس کارروائی کے لیے عراقی فورسز کو امریکی فضائی مدد بھی حاصل تھی۔
[pullquote]پیرس حملوں کے ملزم صالح عبدالسلام کی عدالت میں پیشی
[/pullquote]
پیرس حملوں کے واحد زندہ ملزم صالح عبدالسلام کو آج پیرس کی ایک عدالت میں پہلی مرتبہ پیش کیا گیا۔ گزشتہ برس نومبر میں کیے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کے نتیجے میں 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ عبدالسلام کو رواں برس مارچ میں بیلجیم کے دارالحکومت برسلز سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق صالح عبدالسلام کو انتہائی سخت سکیورٹی میں جیل سے پیرس میں انسداد دہشت گردی کے جج کی عدالت میں لایا گیا۔
[pullquote]کلنٹن کی ٹرمپ پر برتری کم ہوتی ہوئی
[/pullquote]
امریکا میں کرائے جانے والے رائے عامہ کے ایک جائزے کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ہلیری کلنٹن کی ریپبلکن پارٹی کے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری میں کمی آ گئی ہے۔ سی بی سی نیوز اور نیویارک ٹائمز کی طرف سے کرائے گئے سروے کے مطابق اگر کلنٹن اور ٹرمپ حتمی طور پر صدارتی امیدوار بنتے ہیں تو امریکا کے 47 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز کلنٹن کو جبکہ 41 فیصد ٹرمپ کو ووٹ دیں گے۔ گزشتہ ماہ ایسے ہی ایک سروے میں سابق وزیر خارجہ اور سابق خاتون اول ہلیری کلنٹن کو ارب پتی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ پر 10 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی۔
[pullquote]تائیوان کی پہلی خاتون صدر نے حلف اٹھا لیا
[/pullquote]
تائیوان کی نئی صدر سائے اِنگ وین نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ وین کی آزادی پسند جماعت ڈیموکریٹک پروگریسیو پارٹی کو جنوری میں ہونے والے انتخابات میں بے مثال پارلیمانی اکثریت حاصل ہوئی تھی۔ سائے اِنگ وین چین نواز نیشنلسٹ پارٹی کے آٹھ سالہ اقتدار کے بعد حکومت میں آئی ہیں۔ اپنے افتتاحی خطاب میں انہوں نے چین کے ساتھ ’مثبت ڈائیلاگ‘ کی ضرورت پر زور دیا۔ وین سائے اِنگ تاہم ’ون چائنہ‘ پالیسی کی مخالف ہیں۔ امریکا نے خاتون صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔
[pullquote]بوکوحرام کے قبضے سے ایک اور اغواء شدہ لڑکی چھڑا لی گئی
[/pullquote]
نائجیریا کی سکیورٹی فورسز نے شدت پسند تنظیم بوکوحرام کے قبضے سے 97 یرغمالیوں کو رہا کرا لیا ہے۔ ان میں چیبوک سے اغواء کی جانے والی اسکول کی ایک لڑکی بھی شامل ہے۔ ایک فوجی ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران بوکوحرام گروپ کے 35 عسکریت پسندوں کو ہلاک بھی کر دیا گیا۔ سمبیسا کے جنگلاتی علاقے میں کیے جانے والے اس آپریشن کے نتیجے میں رہا کرائے جانے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ بوکوحرام نے دو برس قبل چیبوک کے علاقے سے اسکول کی 276 لڑکیوں کو اغواء کر لیا تھا۔ حالیہ دنوں کے دوران یہ دوسری لڑکی ہے جو واپس ملی ہے۔ 200 سے زائد طالبات کا ابھی تک کچھ پتہ نہیں ہے۔
[pullquote]القاعدہ کے 14 ارکان ہلاک کر دیے ہیں، پاکستانی پولیس کا دعویٰ
[/pullquote]
پاکستانی حکام کے مطابق پولیس نے انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی جانے والی دو الگ الگ کارروائیوں میں دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 14 مشتبہ افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ انسداد دہشت گردی کے محکمے کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق القاعدہ کے آٹھ ارکان کو صوبہ پنجاب کے وسطی شہر ملتان کے قریب ہلاک کیا گیا جبکہ کئی دیگر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پنجاب ہی کے شہر ڈیرہ غازی خان میں کی جانے والی ایک دوسری کارروائی میں اسی نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے چھ مشتبہ افراد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔
[pullquote]افغانستان: سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 11 افراد ہلاک
[/pullquote]
افغانستان کے شمالی علاقے میں سڑک کنارے نصب ایک بم پھٹنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس کے ترجمان جاوید بشارت کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پانچ بچے، دو خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔ تین دیگر بچے اس دھماکے میں زخمی بھی ہوئے۔ یہ واقعہ جمعرات کے روز صوبہ بغلان کے ضلع بغلانِ جدید میں پیش آیا۔ بغلان جدید کے علاقے میں سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان ایک فوجی اڈے پر لڑائی بھی جاری ہے۔
[pullquote]خودکش بمبار کی جیکٹ غلطی سے پھٹ گئی، دو ساتھیوں سمیت ہلاک
[/pullquote]
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے میں ایک خودکش بمبار دھماکا خیز مواد سے بھری جیکٹ غلطی سے پھٹنے کے نتیجے میں ہلاک ہو گیا ہے۔ یہ بمبار پشاور کے نواحی علاقےسفید سنگ میں اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر سفر کر رہا تھا۔ دھماکے کے وقت سڑک خالی تھی جس کی وجہ سے مزید کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پشاور کے ایک سینیئر پولیس افسر کاشف ذوالفقار کے مطابق اس حملہ آور کے ہدف کا ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا مگر یہ لوگ گنجان علاقے کی طرف بڑھ رہے تھے۔ پولیس کو ہلاک ہونے والے دوسرے شخص کے جسم سے بھی بارودی جیکٹ ملی ہے جبکہ ان کے پاس ایک کلاشنکوف بھی تھی۔
[pullquote]ایجِپٹ ایئر کے تباہ ہونے والے طیارے کی تلاش جاری
[/pullquote]
مصر کی ’ایجِپٹ ایئر‘ کی پرواز MS804 کی تلاش کا کام آج جمعے کے روز بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہونے والے اس جہاز کے ملبے کی تلاش کے کام میں کئی ممالک کے ماہرین شریک ہیں۔ فرانس، یونان اور مصر کے جہاز اُس علاقے کا جائزہ لے رہے ہیں جہاں حادثے کے وقت یہ جہاز موجود ہو سکتا تھا۔ پیرس سے قاہرہ کے لیے روانہ ہونے والے اس ایئربس 320 میں عملے سمیت 66 افراد سوار تھے۔ مصری ایوی ایشن کے مطابق جہاز کے پائلٹوں نے یونانی فضائی حدود کو چھوڑتے ہوئے کنٹرول ٹاور کو آگاہ نہیں کیا تھا جو مروجہ طریقے کے مطابق ضروری تھا۔
[pullquote]ایک چھوٹا جہاز گرنے سے تین فرانسیسی شہری ہلاک
[/pullquote]
ہسپانوی حکام کے مطابق ایک چھوٹا جہاز گرنے کے نتیجے میں تین فرانسیسی شہر ہلاک ہو گئے ہیں۔ نوارا کی علاقائی حکومت کے مطابق یہ طیارہ گزشتہ روز آربیزو نامی گاؤں میں گر کر تباہ ہوا، جس کے نتیجے ميں اس پر سوار دو مرد اور ایک خاتون ہلاک ہو گئے۔ اس حادثے کی ممکنہ وجہ فضا میں اس جہاز سے ایک گِدھ کا ٹکرانا بنی۔ اس حادثے میں گاؤں کا ایک شہری بھی زخمی ہوا۔
[pullquote]کھیلوں کی خبریں[/pullquote]
[pullquote]محمد عامر نے برطانوی ویزے کی درخواست دیدی
[/pullquote]
سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ فاسٹ بولر محمد عامر نے برطانوی ویزے کی درخواست دے دی ہے۔ انھوں نے یہ درخواست اسلام آباد میں برطانوی سفارتخانے میں جمع کرائی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو توقع ہے کہ پیر یا منگل تک محمد عامر کو برطانوی ویزا جاری کردیا جائے گا اور وہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کا دورہ کرسکیں گے۔
* ’یہی سیکھا ہے کہ بس ہمت نہیں ہارنی‘
پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عامر کے معاملے میں علیحدہ سے درخواست دیے جانے کا طریقہ کار اختیار کیا اور ان کا پاسپورٹ دیگر کھلاڑیوں کےساتھ ویزے کے لیے نہیں بھیجا گیا تھا۔ بورڈ نہیں چاہتا تھا کہ محمد عامر کے ویزے کی درخواست برطانوی سفارتخانہ عام انداز میں دیکھے اور ان کے ماضی کو دیکھتے ہوئے اسے مسترد کردے جس کا سبب 2010 میں انگلینڈ میں ان کا اسپاٹ فکسنگ کا ارتکاب کرنا اور لندن کی عدالت سے سزایافتہ ہونا ہے۔
شہریار خان نے انٹرویو میں کہا تھا انہیں محمد عامر کو ویزا دیے جانے کے معاملے میں مثبت اشارے ملے ہیں۔
شہریار خان نے یہ بھی کہا تھا کہ محمد عامر کے ویزے کے لیے انھوں نےخاص طور پر برطانوی ہائی کمشنر کو بھی خط تحریر کیا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ محمد عامر کا معاملہ خاص توجہ کا متقاضی ہے لہذا اس پر ہمدردانہ غور کیا جائے۔
[pullquote]شوبز
[/pullquote]
[pullquote]عامرکی وجہ سےشاہ رخ کےبیٹےکی نیندیں اڑ گئیں
[/pullquote]
بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان اور عامر خان کا تعلق ایک ساتھ تو جیسا بھی ہو لیکن یہ دونوں ایک دوسرے کی فیملی کے ساتھ بے حد اچھے نظر آتے ہیں۔
تبھی تو عامر خان نے شاہ رخ کے چھوٹے بیٹے کے لیے کچھ ایسا کردیا جس سے وہ پوری رات نہیں سوئے ساتھ ساتھ شاہ رخ کو بھی جگائے رکھا۔
دراصل حال ہی میں شاہ رخ خان نے ایپل کمپنی کے سی ای او کے اعزاز میں ممبئی میں اپنے گھر ‘منت’ پر ایک ڈنر رکھا جس میں بولی وڈ کی متعدد بڑی شخصیات بھی شامل تھیں۔
اس دوران عامر خان کو بھی وہاں آنے کی دعوت دی گئی تھی، عامر خان اس ڈنر پر تو ضرور آئے ساتھ ساتھ شاہ رخ کے چھوٹے بیٹے ابرام کے لیے کئی دلچسپ تحفے بھی لائے جو یقیناً ابرام کو کافی پسند آگئے۔
اس ہی حوالے سے شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے عامر خان کا شکریہ ادا کیا ساتھ ساتھ انہوں نے عامر کو رات کے 4 بجے یہ بھی بتایا کہ ابرام اس وقت بھی ان کے دیے ہوئے تحائف سے کھیل رہے ہیں۔
شاہ رخ خان کی جانب سے رکھی گئی اس تقریب میں عامر کے ساتھ ساتھ امیتابھ بچن، ایشوریا رائے، ابھیشیک بچن، مادھوری ڈکشٹ، ثانیہ مرزا اور بولی وڈ کی متعدد شخصیات موجود تھیں۔