سوات میں نواز شریف کڈنی ہسپتال کا افتتاح

سوات: وزیراعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا کے شہر سوات میں جدید ترین سہولیات کے حامل نواز شریف کڈنی ہسپتال کا افتتاح کردیا۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق 110 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال 80 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔

کڈنی ہسپتال میں ایک او پی ڈی، ایک آپریشن تھیڑ، مردوں اور خواتین کے وارڈ، 14 ڈائیلاسز یونٹ، سی ٹی اسکین اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔

یہ ہسپتال خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا پہلا ہسپتال ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے ہسپتال کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور مریضوں سے بات چیت کی۔

انھوں نے ہسپتال کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے ایک علیحدہ پاور سپلائی لائن بچھانے کے احکامات بھی جاری کیے۔

پاناما لیکس میں اپنے بچوں کی آف شور کمپنیز کے انکشاف کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی تنقید کی وجہ سے وزیراعظم نواز شریف نے مختلف عوامی جلسوں سے خطاب کی حکمت عملی اپنا رکھی ہے۔

اس سلسلے میں وزیراعظم اب تک کوتلی ستیاں، سکھر، مانسہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرچکے ہیں، جہاں انھوں نے سڑکوں، موٹرویز اورگیس و بجلی کے منصوبوں کے افتتاح کے ساتھ ساتھ اپنے سیاسی مخالفین پر بھی شدید تنقید کی۔

وزیر اعظم آج سوات کے گراسی گراؤنڈ میں بھی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

جلسے سے قبل سنگوٹہ تا مینگورہ گراسی گراؤنڈ تک سڑکوں کے دونوں اطراف کو لیگی جھنڈوں اور خوش آمدید کے سائن بوڈز سے سجایا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ کے مطابق گراسی گراؤنڈ میں 50 ہزار کے قریب کرسیاں لگائی گئی ہیں اور گراؤنڈ میں موجود سیڑھیوں پر بھی 10 سے 12 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے