پیپلز پارٹی کا وزیراعظم کی نااہلی کی درخواست کافیصلہ

لاہور: پاناما پیپرز کے حوالے سے حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کو کسی بھی طرح کی رعایت دیئے بغیر، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) الیکشن کمیشن میں ایک درخواست جمع کرانے کا منصوبہ بنا رہی ہے، جس میں آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت وزیراعظم نواز شریف اور ان کے 4 رشتہ داروں کی نااہلی کا مطالبہ کیا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر، ان کی جماعت کی قانونی ٹیم نے اس حوالے سے درخواست کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہ نما سردار لطیف کھوسہ کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے الیکشن کمیشن کے سامنے نہ صرف اپنے اثاثوں کی تفصیلات چھپائیں، بلکہ انہوں نے پارلیمنٹ میں اپنے خطاب کے دوران بھی جھوٹ بول کر ارکان پارلیمنٹ اور عوام کو گمراہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے بعد اب وزیراعظم کی ملک سے وفاداری غیر یقینی ہوگئی ہے، کیونکہ انہوں نے اپنا اور اپنے خاندان کا پیسہ بیرون ملک منتقل کیا جبکہ انہوں نے اپنے خاندان کی آمدنی پر مکمل ٹیکس بھی ادا نہیں کیا۔

اسی طرح وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب شہاز شریف، اراکین اسمبلی محمد صفدر اور حمزہ شہباز نے بھی جان بوجھ کر الیکشن کمیشن کے سامنے اپنے ملکی اور غیر ملکی اثاثوں کو چھپایا، جبکہ اسحاق دار کا تو منی لانڈرنگ کے حوالے سے اعترافی بیان بھی موجود ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی درخواست کے ساتھ وزیر اعظم کے کزن خالد سراج کی جانب سے بے نظیر بھٹو کو لکھے جانے والا خط بھی منسلک کرے گی، جس میں انہوں نے شریف خاندان کی بیرون ملک دولت کی تفصیلات عیاں کی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کرپشن اسکینڈلز بالخصوص پاناما لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست کا فیصلہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری، اپنے والد اور سابق صدر آصف علی زرداری کی مسلم لیگ (ن) کے حوالے سے مفاہمتی پالیسی کو جاری رکھنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں رواں ہفتے جمع کرائی جانے والی درخواست میں وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، اراکین قومی اسمبلی محمد صفدر اور حمزہ شہباز کی نااہلی کا مطالبہ کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کی قیادت نے آصف علی زرداری سے درخواست کی تھی وہ بلاول بھٹو زرداری کو، پاناما لیکس کے معاملے پر وزیراعظم کے حوالے سے سخت بیانات جاری کرنے سے روکیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے