کراچی: مسجد کی چھت گرنے سے5 نمازی شہید

کراچی: مسجد کی چھت گرنے سے5 نمازی شہید

کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران زیرِ تعمیر مسجد کی چھت گرنے سے 5 نمازی شہید اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔

نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب زیر تعمیر عثمان غنی مسجد کی چھت کا ایک حصہ گرگیا جس کے نیتجے میں 5 نمازی شہید جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ نماز جمعہ کے دوران سنتوں کی ادائیگی جاری تھی کہ شیڈ گرنے کی آواز آئی۔

وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے بتایا کہ واقعہ نماز جمعہ کے دوران پیش آیا، انھوں نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ایس ایچ او حیدری پولیس اسٹیشن نے بتایا کہ حادثہ نماز جمعہ کے دوران نارتھ ناظم آباد کے قریب بلاک ‘ایچ’ کے قریب مسجد عثمان غنی کی چھت گرنے کے باعث پیش آیا.

ایس ایچ او کے مطابق زخمیوں کو عباسی اور ضیاء الدین ہسپتال میں منتقل کیا گیا جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

حادثے کے فوراً بعد کمشنر کراچی اعجاز احمد جائے وقوع پر پہنچ گئے اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔

کمشنر نے بتایا کہ دھوپ سے بچنے کے لیے لگایا گیا شیڈ تیز ہوا کے باعث گرا، ٹین کے اس شیڈ کو بلاکوں کی مدد سے روکا گیا تھا۔

اعجاز احمد نے کہا کہ اگر مسجد زیر تعمیر تھی تو یہاں نماز کی اجازت کس نے دی، ان کا کہنا تھا کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی چھت کے ملبے کو اٹھانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے بھی کراچی میں مسجد کا شیڈ گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے