ٹیلی ویژن پرکئی کامیاب ڈرامے کرنے کے بعد ایوارڈ یافتہ اداکار فیروز خان اب بڑی سکرین پرآنے کی تیاری میں مصروف ہیں اور ہدایت کار انجم شہزاد کی نئی فلم ’زندگی کتنی حسین ہے‘ میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔
فیروز خان کے مشہور ڈراموں میں اے آروائی ڈیجیٹل کا ’چپ رہو‘ اور ہم ٹی وی سے نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل ’گل رعنا‘ شامل ہیں۔ فیروز چوتھے ہم ایوارڈز میں بہترین نئے اداکار کا ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔
ان کی پہلی فلم ’زندگی کتنی حسین ہے‘ ایک ایسے نوجوان جوڑے کی محبت کی کہانی ہے جس میں رشتوں کے ساتھ زمہ داری نبھانے کے موضوع کو بیان کیا گیا ہے۔ فیروز ایک نوجوان فلم میکر کے کردارمیں ہیں جو اپنے والد کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیےکوشاں ہے۔ فلم کی پہلی تصاویر جاری کی جا چکی ہیں۔
اپنی پہلی فلم کے بارے میں فیروز خان کہتے ہیں کہ ’زندگی کتنی حسین ہے میرے دل سے بہت قریب ہے کیونکہ اس کی کہانی حقیقت سے بہت قریب ہے۔ اور چاہے فلم ہو یا ٹیلیویژن میں اپنےکام کو ثابت کرنا چاہتا ہوں۔‘
فلم میں ان کے مقابل سجل علی ہیروئن کا کردا ادا کرہی ہیں۔ زندگی کتنی حسین ہے کی ریلیز اس سال ستمبرمیں متوقع ہے۔