پاکستان سے محبت،،کس قیمت پر

امریکہ عراق و شام کی ایسی تیسی کرکے اب دوبارہ ہمارے خطّے کی طرف اپنی نظر_کرم کرنے والا ہے…. پختونستان کی پرانی فائل جو ضیاء الحق اور کچھ دینی جماعتوں کی مہربانیوں سے زمین میں دفن ہوگئی تھی… محمود خان اچکزئی کے بیان کے بعد جھاڑ پونچ کر دوبارہ نکالی جائے گی… یہاں سندھ میں کراچی صوبے کے مطالبے کے ذریعے اور کہیں کالا باغ ڈیم کے راگ کے ذریعے سندھی قوم پرستوں کے مردہ جسموں میں بھی روح پھونکی جائے گی… سندھو دیش کی فائل کو بھی قبر سے نکالا جائے گا… پختون کارڈ، بلوچ کارڈ، مہاجر کارڈ اور سندھ کارڈ ……..یہ سارے کارڈ راشن کارڈوں کی طرح پھر روشناس کرائے جائیں گے… اے این پی کے پیٹ میں ڈیورنڈ لائن کی مروڑ بھی اٹھے گی…. ایک طرف یہ حالات ہیں اور دوسری طرف حکمران لندن میں سیاسی عدّت میں بیٹھے ہیں… کراچی میں امجد صابری کے قتل اور ایک جج کے بیٹے کے اغوا کے بعد سوشیل میڈیا پر سو کالڈ لبرلز کی طرف سے جس طرح فوج کو لعن تعن کی گئی وہ بھی اس گیم کا حصّہ ہے… اس وقت امریکہ، انڈیا، افغانستان اور ایران کے مفادات ایک ہوگئے ہیں… ایسے میں ملک کی محب وطن قوتوں کی ذمہ داری اور بڑھ گئی ہے…. یاد رکھئیے … یہ لبرلز جو بھی کہیں لیکن اب تک پاکستان جو کسی بڑی غیر ملکی جارحیت سے بچا ہوا ہے تو اس کی وجہ ہمارا ایٹمی پروگرام اور ہماری فوج ہے…. آس پاس کے کسی ملک میں یہ ہمت نہیں کہ وہ ڈائریکٹ حملہ کرے .. اسی لئے وہ دہشت گردی کے ذریعے ہمیں اندر سے کمزور کر رہے ہیں… سیاسی حکومت سے تو کسی خیر کی امید نہیں… چونکہ ان کا ویژن نہاری ، پائے سے نکل کے رنگ برنگی میٹرو اور ٹرینوں تک ہی ہے کہ جس میں کمیشن کا امکان ہے…. وہ آگے آنے والے خطرات سے بالکل بےخبر ہے… یہاں فوج کی ذمہ داری دگنی ہوجاتی ہے کہ ایک طرف تو وہ ملک کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے بھی بچائے اور دوسری طرف بلوچستان، سندھ اور خاص طور پر کراچی میں پائی جانے والی احساس محرومی کا سد باب کرے… سندھ حکومت کسی منصوبے کے تحت کراچی کو نظر انداز کر رہی ہے… شہر کو قائم علی شاہ کی حکومت نے کربلا بنایا ہوا ہے… شہری پانی کو ترس رہے ہیں .. بعض علاقوں میں جنازوں کو غسل دینے کے لئے بھی پانی نہیں ہے… شہر میں کہیں آگ لگتی ہے تو فائر فائٹر کے پاس آگ بجھانے کے لئے بھی پانی نہیں ہوتا… بجلی اور بے روزگاری کے مسائل الگ ہیں… ایسے میں رینجرز کی شہر میں اندھا دھند پکڑ دھکڑ شہریوں میں پاکستان سے اور بد دلی پیدا کرے گی… فوج کو جوش کی نہیں ہوش کی ضرورت ہے… ان تمام تکالیف کے باوجود لوگ پاکستان سے اب بھی محبت کرتے ہیں… انہیں دوسری طرف کو نہ دھکیلا جائے.

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے