آج کی عالمی خبریں

[pullquote]اٹلی میں دو مسافر ٹرینوں کا تصادم، کم از کم 10 ہلاک
[/pullquote]

اٹلی میں دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرانے کی وجہ سے کم از کم 10 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ملک کے جنوبی حصے میں کوراٹو اور اَندریا نامی شہروں کے درمیان یہ حادثہ سنگل ٹریک پر ہوا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جائے حادثہ کی فضا سے لی جانے والی تصاویر میں آمنے سامنے سے ٹکرانے والی ان ٹرینوں کی بوگیاں ایک دوسرے میں دھنسی ہوئی اور ریلوے ٹریک
کے دونوں جانب ملبہ بکھرا نظر آ رہا ہے۔

[pullquote]بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ہلاکتوں پر پاکستان کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کو بریفنگ
[/pullquote]

پاکستان نے سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان، امریکا، روس، چین، برطانیہ اور فرانس کے سفارت کاروں کو بھارتی زیر انتظام کشمیر میں جاری صورتحال پر بریفنگ دی ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق پاکستان نے اس بریفنگ میں بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کے ’بہیمانہ قتل‘ اور ان کے بنیادی انسان حقوق کی خلاف ورزیوں پر ان ممالک کو اپنے گہرے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ پاکستانی سیکرٹری خارجہ نے بین الاقوامی برادری اور سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں صورتحال کی سنگینی کا نوٹس لیں۔ اس کے علاوہ بھارت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ لوگوں کے انسانی حقوق کا لحاظ کرے اور جموں و کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کرے۔

[pullquote]چین نے فلپائن کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی، بین الاقوامی ٹریبونل
[/pullquote]

چین نے بحیرہ جنوبی چین میں فلپائن کی خودمختاری کے حوالے سے اس کے حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔ یہ بات دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی ٹریبونل کی طرف سے آج منگل کے روز اپنے فیصلے میں کہی گئی ہے۔ فلپائن نے بحیرہ جنوبی چین پر چینی ملکیتی دعوے کے خلاف بین الاقوامی ٹریبیونل میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست پر دیے گئے فیصلے کے مطابق چین نے اِس متنازعہ سمندر میں مصنوعی جزیرے تعمیر کرنے کے علاوہ فلپائنی ماہی گیروں کو اُس کی سمندری حدود میں ماہی گیری سے روکنے پر فلپائن کی جغرافیائی خود مختاری کے حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس فیصلے کے بعد بحیرہ جنوبی چین میں تناؤ میں اضافے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]بھارتی کشمیر میں بڑھتی ہلاکتیں، نریندر مودی نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا
[/pullquote]

بھارتی زیرانتظام کشمیر میں بھارت مخالف مظاہروں اور بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کے تناظر میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حکام کے ساتھ ایک ایمرجنسی میٹنگ طلب کر لی ہے۔ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسند تنظیم حزب المجاہدین کے ایک کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد اختتام ہفتہ کئی شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ پولیس کے مطابق مظاہرین اور بھارتی سکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 28 تک پہنچ چکی ہے۔

[pullquote]امریکی وزیر دفاع کا غیر اعلانیہ دورہ افغانستان
[/pullquote]

امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر افغانستان کے ایک غیر اعلانیہ دورے پر کابل پہنچ گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وہ اپنے اس دورے کے دوران سینیئر امریکی فوجی کمانڈرز کے علاوہ افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے بھی ملیں گے۔ ایشٹن کارٹر یہ دورہ ایک ایسے وقت پر کر رہے ہیں، جب ابھی چند روز قبل ہی امریکی صدر باراک اوباما نے افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کے انخلاء کی رفتار میں کمی کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]بغداد: کار بم دھماکے میں 11 افراد ہلاک
[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد میں بارودی مواد سے بھری ایک کار کے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ طبی حکام کے مطابق بغداد کے شمالی حصے میں ہونے والے اس دھماکے میں 32 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ شیعہ اکثریتی آبادی والے علاقے میں ہونے والے اس دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی۔ بغداد میں تین جولائی کو ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میں تین سو کے قریب افراد کی ہلاکت کے بعد سے بغداد میں سکیورٹی ہائی الرٹ پر ہے۔

[pullquote]داعش کے لیے لڑنے کے لیے بھرتی کرنے پر ایک آسٹریلوی کے خلاف فرد جرم عائد
[/pullquote]

آسٹریلیا کی ایک عدالت نے سڈنی سے تعلق رکھنے والے حامدی القدسی کے خلاف سات افراد کو بھرتی کرنے پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ عدالت کے ایک ترجمان کے مطابق القدسی نے سات نوجوانوں کو شام میں داعش اور القاعدہ سے تعلق رکھنے والے گروپوں کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیے بھرتی کیا تھا۔ ترجمان کے مطابق سڈنی کی عدالت نے القدسی کو 2013ء میں کیے جانے والے اس جرم میں قصور وار پایا ہے۔ 42 سالہ القدسی پر سات مختلف الزامات عائد کیے گئے تھے جن میں سے ہر ایک پر 10 برس تک سزائے قید سنائی جا سکتی ہے۔

[pullquote]حلب: باغیوں کا حکومتی فورسز کے خلاف بڑا حملہ
[/pullquote]

شامی شہر حلب میں باغیوں نے گزشتہ روز حکومتی فورسز کے کنٹرول والے علاقے پر ایک بڑا حملہ کیا ہے۔ یہ حملہ حکومتی فورسز کی طرف سے حلب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں تک جانے والے ان کے سپلائی روٹ پر قبضے کے بعد کیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق باغیوں نے شہر کے شمالی حصے میں واقع کاسٹیلو روڈ کو کھولنے کے لیے علی الصبح حملہ کیا۔ اس سڑک کو باغیوں کے لیے لائف لائن قرار دیا جاتا ہے۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق باغیوں کی طرف سے شہر کے قدیم علاقے میں واقع ایک سُرنگ اڑانے کے نتیجے میں حکومی فورسز کے 19 اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ سرکاری فورسز کی طرف سے ایک فضائی حملے کے نتیجے میں 13 سویلین ہلاک ہوئے۔

[pullquote]اسرائیل میں این جی اوز کے خلاف متنازعہ قانون منظور
[/pullquote]

اسرائیلی پارلیمان نے ملک میں کام کرنے والی این جی اوز کے حوالے سے ایک متنازعہ قانونی بِل کی منظوری دے دی ہے۔ اس نئے قانون کے مطابق ایسی غیر سرکاری تنظیموں کو جو زیادہ تر فنڈنگ غیر ممالک سے حاصل کرتی ہیں، اس فنڈنگ کی تفصیلات سرکاری رپورٹوں میں واضح کرنا ہوں گی۔ ناقدین کے مطابق اس قانون کا مقصد بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے ایسے گروپوں کو نشانہ بنانا ہے، جو فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کوشاں ہیں۔ طویل بحث کے بعد اس بِل کو 48 کے مقابلے میں 57 ووٹوں سے منظور کر لیا گیا۔

[pullquote]بھارتی کشمیر میں بڑھتی ہلاکتیں، نریندر مودی نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا
[/pullquote]

بھارتی زیرانتظام کشمیر میں بھارت مخالف مظاہروں اور بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کے تناظر میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حکام کے ساتھ ایک ایمرجنسی میٹنگ طلب کر لی ہے۔ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں علیحدگی پسند تنظیم حزب المجاہدین کے ایک کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد اختتام ہفتہ کئی شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ پولیس کے مطابق مظاہرین اور بھارتی سکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 28 تک پہنچ چکی ہے۔

[pullquote]کشمیریوں کی ہلاکتیں: پاکستان نے بھارتی سفیر کو طلب کر لیا
[/pullquote]

بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں مظاہرین کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں پر احتجاج کے لیے پاکستانی حکومت نے پیر کے روز بھارتی سفیر کو طلب کر لیا۔ علیحدگی پسند تنظم حزب المجاہدین کے ایک کمانڈر کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں اب تک 30 کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے کو بتایا گیا کہ پر امن احتجاج کرنے والے مظاہرین کے خلاف طاقت کا بے جا استعمال بنیادی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔ بھارتی سفیر سے کشمیریوں کی ہلاکتوں پر احتجاج کرتے ہوئے کہا گیا کہ طاقت کا بہیمانہ استعمال کسی بھی صورتحال میں قابل قبول نہیں ہے۔

[pullquote]دہشت گردی کے لیے مالی معاونت، سنگاپور میں چھ بنگلہ دیشیوں کو جیل کی سزائیں
[/pullquote]

سنگاپور نے بنگلہ دیش کے چھ شہریوں کو دو سے لے کر پانچ سال تک کی قید کی سزائیں سنا دی ہیں۔ ان افراد کو اپنے وطن میں ایک مبینہ دہشت گردانہ حملے لیے رقوم جمع کرنے کے الزام میں یہ سزائیں سنائی گئی ہیں۔ سنگاپور کی ایک ڈسٹرکٹ عدالت نے اس گروپ کے سربراہ 31 سالہ میزان الرحمان کو پانچ برس سزائے قید، دو افراد کو ڈھائی ڈھائی سال، دو جبکہ چوتھے شخص کو دو برس سزائے قید کا حکم سنایا۔ قبل ازیں 2015ء کے اواخر میں بھی سنگاپور میں 27 بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کیا گیا تھا، جن پر اپنے ملک میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کا الزام تھا۔ اُن تمام افراد کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]چار افریقی ممالک کے دورے کے بعد نریندر مودی وطن واپس پہنچ گئے
[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی چار افریقی ممالک کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ مودی کینیا کا دورہ مکمل کر کے آج منگل کو نئی دہلی پہنچے۔ گزشتہ روز کینیا کے صدر اوہورو کینیاٹا کے ساتھ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر دفاع اور سلامتی کے شعبوں سمیت سات مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔ کینیا سے قبل نریندر مودی موزمبیق، جنوبی افریقہ اور تنزانیہ بھی گئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے