جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے موجودہ ملکی صورتحال اور دینی مدارس کے حوالے سے کراچی میں مکتب دیوبند کے علماء سے ملاقات کی ہے .
ملاقات میں صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا شیخ سلیم اللہ خان، صدر دارالعلوم کراچی مفتی محمد رفیع عثمانی ، جسٹس ریٹائرڈ مولانا مفتی محمد تقی عثمانی ، ناظم جامعہ علوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی مولانا امداد اللہ کے علاوہ مولانا حکیم شاہ محمد مظہر بھی موجود تھے .
ملاقات کے دوران علماء نے مولانا فضل الرحمان کو دینی مدراس کو در پیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا . علماء نے کہا کہ مدارس کے حوالے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں . مولانا فضل الرحمان نے علماء کو موجودہ سیاسی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا اور بعض اہم امور پر علماء کے ساتھ مشاورت کی .
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عسکری گروہوں ، مسلح تنظیموں اور فرقہ وارانہ سوچ کا دینی مدارس اور اسلام سے کوئی تعلق نہیں . انہوں نے کہا کہ علماء معاشرے میں امن ، اخوت اور رواداری کا پیغام عام کریں .