ہم ٹی وی کی مشہور اور معاشرتی مسائل پر مبنی ڈرامہ سیریل اڈاری کی آخری قسط نشر ہونے سے قبل میڈیا کو دکھادی گئی ہے۔
ڈرامہ سیریل اڈاری مومنہ درید، حکومت کینیڈا اور کشف فاؤنڈیشن کی مشترکہ پیشکش ہے جس میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے اور قصور وار کو سزا دینے پر زور دیا گیا ہے۔
اڈاری کو مشہور مصنف فرحت اشتیاق نے تحریر کیا ہے جبکہ ہدایات معروف ہدایت کار احتشام الدین نے دی ہیں۔ سیریل کے مرکزی کرداروں میں بشریٰ انصاری، احسن خان، سمعیہ ممتاز، عروہ حسین، فرحان سعید اور لیلیٰ زبیری شامل ہیں۔
ڈرامے کی آخری قسط میں ولن امتیاز کا انجام عمر قید کی سزا پر دکھایا گیا ہے لیکن آخر میں ساتھ ہی مجرم کو پھانسی کی سزا دیتے ہوئے اس خواہش کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے مرتکب کو سزائے موت دی جانی چاہیے اور پھر عوام سے اس بارے میں رائے بھی مانگی گئی ہے۔
لیکن شاید مجرم کا یہ انجام دکھاتے وقت ڈرامے کے ہدایت کار یا پروڈیوسرز اس بات کو نظر انداز کرگئے کہ سزائے موت کو اس وقت یورپی یونین، امریکہ اور دیگر بین الاقوامی ریاستوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی تسلیم کرلیا گیا ہے اور قتل یا دیگر انسانیت سوز جرائم کی سزا کو عام طور پر عمر قید سے تبدیل کردیا گیا ہے۔
کشف فاؤنڈیشن کی روح رواں روشانے طفر کا کہنا تھا کہ ڈرامے کا یہ اختتام ان کے لیے حیرت کا باعث تھا جبکہ ہم ٹی وی نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی نے کہا کہ انھیں بھی نہیں معلوم تھا کہ ڈارمے کے اختتام میں یہ سب دکھایا جائے گا تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ مزید کسی پیچیدگی سے پچنے کے لیے آن ایئر کرتے وقت مجرم کی پھانسی کے سین کو ڈرامے سے نکال دیا جائے گا اور سزا کو عمر قید تک ہی محدود دکھایا جائے گا۔
ویسے بھی حکومت کینیڈا کی بین الاقوامی امداد سے بنائے جانے والے ڈرامے میں جنسی زیادتی کرنے والے مجرم کو موت کی سزا دینا حیرت کا باعث تھا۔
واضح رہے کہ ڈرامے کی شروع کی اقساط نشر ہونے کے بعد عوام کے کچھ حلقوں کی جانب سے اعتراض پر پیمرا نے ہم ٹی وی کو اظہار وجوہ نوٹس بھی جاری کیا تھا لیکن میڈیا اور عوام کے روشن خیال حلقوں کی جانب سے اس موضوع کو اٹھانے پر پذیرائی ملنے کے بعد نوٹس واپس لے لیا گیا۔
اسٹار لنکس پی آر اینڈ ایونٹس کی جانب سے منعقد کردہ اس تقریب میں اڈاری کی اہم کاسٹ احسن خان، سمعیہ ممتاز، عروہ حسین، اور فرحان سعید کے علاوہ ہدایت کار احتشام الدین، ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی، ایم ڈی پروڈکشن کی مومنہ درید اور کشف فاؤندیشن کی روشانے ظفراور کینیڈین ایڈ کے سربراہ کیریل ایورڈ وناف نے بھی میڈیا سے بات کی۔
یاد رہے اڈاری کی آخری قسط اتوار ۲۵مئی ۲۰۱۶ کو رات آٹھ بجے ہم ٹی وی سے نشر کی جائے گی۔