وفاق المدارس کا شاہراہوں پر کلاسیں لینے کا اعلان

دیوبندی مسلک کے مدرسوں کی تنظیم وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانامحمد حنیف جالندھری نے پریس کانفرنس کے دوران وفاق المدار س کی مجلسِ عاملہ کے دو روزہ اجلاس میں ہونے والے اہم فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر کے ممتاز علمائے کرام، مدارس کے ذمہ داران اور اہم قومی اور مذہبی رہنماؤں نے دو روزہ اجلاس کے دوران طویل غور وخوض کے بعد فیصلہ کیا کہ بہت جلد وفاق المدارس کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس طلب کی جائے گی،چاروں صوبوں،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں وفاق المدارس کے ذیلی دفاتر قائم کیے جائیں گے اور مدارس کے مسائل ومشکلات کے حل کے لیے صوبائی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی،29جنوری 2017ء کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں خدماتِ مدارس کنونشن منعقد ہوگا جس میں پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے،ملکی استحکام اور قیامِ امن کے لیے وفاق المدارس کے زیر اہتمام یومِ دعا منایا جائے گا اور ملک بھر کے دینی مدارس کے طلباء ایک دن سڑکوں پر درس وتدریس کا اہتمام کریں گے،

وفاق المدارس کے تحت اسکولز سسٹم بھی متعارف کروایا جائے گا جبکہ دینی مدارس میں میٹرک تک عصری مضامین کی تعلیم بتدریج لاز م قرار دی جائے گی،مہتممین،معلمین اور امتحانی عملے کی تربیت کا نظام وضع کرکے تربیتی ورکشاپس اور کورسز کا انعقاد کیا جائے، مدارس کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کے توڑ کے لیے تمام صوبائی مقامات پر میڈیا سنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے .

تفصیلات کے مطابق وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کا دو روزہ اہم اجلاس 2,3نومبر بروزبدھ جمعرات کو شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان کے زیر صدارت جامعہ دارالعلوم کراچی میں ہوا۔جس میں وفاق کے عہدیداران شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان صدر وفاق، مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر نائب صدر، مولانا انوار الحق نائب صدر، مولانا محمد حنیف جالندھری ناظم اعلٰی وفاق نے شرکت فرمائی۔ جبکہ اراکین عاملہ صوبہ سند ھ سے مولانامفتی محمد رفیع عثمانی ، مولانا مفتی محمد نعیم ،مولانا عبیداللہ خالد ، مولانا امداداللہ ، مولانا قاری عبدالرشید ، مولانا مفتی محمد خالد ۔ صوبہ پنجاب سے مولانا فضل الرحیم ، مولانا قاضی عبدالرشید ، مولانا زبیر احمد صدیقی ،مولانا ارشاد احمد ، مولانا مفتی محمد طیب ۔ مولانا مفتی محمدطاہر مسعود نے شرکت فرمائی۔ صوبہ خیبر پختونخوا سے مولانا حسین احمد ، مولانا محمد قاسم ، مولانا اصلاح الدین حقانی ، مولانا محمد انور ، مولانا ضیاء اللہ اخونزادہ ، مولانا قاری محب اللہ ، مولانا عبدالقدوس ، صوبہ بلوچستان سے مولانا مفتی صلاح الدین ، مولانا فیض محمد ،مولانا مفتی مطیع اللہ ، مولانا عبدالمنان ،اسلام آباد سے مولانا عزیز الرحمان ہزاروی ، آزاد کشمیر سے مولانا سعید یوسف ، گلگت بلتستان سے مولانا قاضی نثار احمد اجلاس میں شریک ہوئے۔

صوبہ خیبر پختونخوا سے حضرت مولانا حسین احمد صاحب، حضرت مولانا محمد قاسم صاحب، حضرت مولانا اصلاح الدین حقانی صاحب، حضرت مولانا محمد انور صاحب، حضرت مولانا ضیاء اللہ اخونزادہ صاحب، حضرت مولانا قاری محب اللہ صاحب، حضرت مولانا عبدالقدوس صاحب، صوبہ بلوچستان سے حضرت مولانا مفتی صلاح الدین صاحب، حضرت مولانا فیض محمد صاحب، حضرت مولانا مفتی مطیع اللہ صاحب، حضرت مولانا عبدالمنان صاحب،اسلام آباد سے حضرت مولانا عزیز الرحمان ہزاروی ، آزاد کشمیر سے حضرت مولانا سعید یوسف صاحب، گلگت بلتستان سے حضرت مولانا قاضی نثار احمد صاحب اجلاس میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر موجودہ ملکی اور عالمی حالات اور وطن عزیز میں دینی طبقات اور اہل مدارس کو درپیش چیلنجز پر تفصیل سے غور وخوض کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے جو دوررس نتائج واثرات کے حامل ہوں گے۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے دینی مدارس پر چھاپوں،دینی مدارس کے خلاف امتیازی سلوک،کوائف طلبی کے نام پر مدارس کو ہراساں کرنے،ارباب مدارس کے نام بے جا طورپر فورتھ شیڈول میں ڈالنے کے خلاف اور مدار س کے خلاف بے بنیاد پروپیگندہ کے توڑ کے لیے بہت جلد اے پی سی بلائی جائے گی جس میں بلاتفریق ملک بھر کی تمام دینی،قومی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیا جائے گا اور مدارس کو درپیش صورتحال سے آگاہ کرکے ان سے مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے آراء لی جائیں گی۔

وفا ق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 28جنوری 2017ء کو وفاق المدارس کی مجلس شوریٰ اور مجلس عمومی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا جبکہ 29جنوری 2017 ء کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں قومی کنونشن کا انعقاد ہو گا جس میں ملک کے ممتاز علماء کرام،تمام مکاتب فکر کی سرکردہ شخصیات،وزراء،اراکین پارلیمنٹ وسینٹ،مختلف ممالک کے سفراء کرام،اہل قلم،تاجر برادری اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادشرکت کریں گے۔اس موقع پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سالانہ امتحان میں ملکی سطح پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔اجلاس کے دوران ملک بھر کے دینی مدارس کو درپیش مسائل ومشکلات کے ازالے کے لیے آزاد کشمیر،گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبو ں میں اہم علماء کرام پر مشتمل صوبائی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور مدارس کی سہولت کے لیے صوبائی دفاتر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں ملک کو درپش چیلنجز اور بحرانوں سے چھٹکاروہ دلانے کے لیے یوم دعا منایا جائے گا جس میں ایک دن کے لیے ملک بھر کے دینی مدارس کے طلباء سڑکوں اور کھلے میدانوں میں تلاوت قرآن اور دینی تعلیم وتعلم کا اہتمام کرکے ملکی استحکام،ترقی اور قیام امن کے لیے خصوصی دعائیں کریں گے۔

وفا ق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے دینی مدارس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مہتممین،مدرسین اور امتحانی عملے کی تربیت کا نظام وضع کرنے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد ملکی سطح پر تربیتی کورسز اور تربیتی ورکشاپس کا انعقاد یقینی بنائیں گی۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے ملک کے عمومی نظامِ تعلیم کی اسلامائزیشن کے عمل کا جائزہ لیا اور ناظرہ قرآن کریم اور ترجمہ قرآن کریم کو مختلف تعلیمی مراحل کا حصہ بنانے کی کوششوں کا خیر مقدم کیا او ر اس بات کا فیصلہ کیا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام اسکولزسسٹم متعارف کروایا جائے گا جبکہ دینی مدارس میں پرائمری،مڈل اور میٹرک کے تینوں مرحلوں کی تعلیم بتدریج لازم قرار دی جائے گی اور سرکاری ٹیکسٹ بک بورڈ کی کتب کی باقاعدہ تدریس کو یقینی بنایا جائے گا۔ وفاق المدار س العربیہ پاکستان کے قائدین نے دینی مدارس کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کے توڑ کے ملک کے چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں میڈیا سنٹرز کے قیام کا بھی فیصلہ کیا۔اجلاس کے دوران دینی مدارس کی آزادی وخود مختاری کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ دینی مدارس اور حکومت کے درمیان مدت سے جاری مذاکرات کے کھیل کو اب کسی منطقی انجام تک پہنچ جانا چاہیے۔

وفاق المدارس کے قائدین نے سندھ میں دینی مدار س کی رجسٹریشن کے ترمیمی ایکٹ سمیت دینی مدارس کے خلاف ہر قسم کے امتیازی قوانین کو یکسر مسترد کرتے ہوئے آئندہ کسی بھی امتیازی فیصلے کو قبول نہ کرنے کا اعلان کیا۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے حوثی باغیوں کی طرف سے مکہ مکرمہ پر حملے کو عالم ِاسلام پر حملہ قراردیا اور فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس طلب کرنے اور پاکستان سمیت دیگر اہم اسلامی ممالک سے اس حوالے سے بھرپور کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔اجلاس کے دوران سانحہ کوئٹہ،گڈانی آتش زدگی اور ٹرین حادثے سمیت دیگر تمام حادثات میں جان بحق ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ دینی مدارس رضاکارانہ اصلاح احوال،قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون سمیت ملکی تعمیر وترقی میں اپنا کردا ر ادا کرتے رہیں گے اور کسی قسم کی بیرونی ڈکٹیشن،یکطرفہ فیصلوں اور جابرانہ طرز عمل کو کسی طور پر قبول نہیں کریں گے۔

بعد ازاں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانامحمد حنیف جالندھری نے آئی بی سی اردو سے بات چیت کرتے ہوئے وضاحت کی کہ کوشش کریں گے کہ ان کی شاہراہوں پر تدریسی سرگرمیوں‌سے عام شہریوں‌کو تکلیف نہ پہنچے اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر نہ ہو . انہوں نے کہا کہ وہ اس مقصد کے لیے نسبتا کم مصروف شاہراہوں‌، فٹ پاتھ اور خالی گراونڈز کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں .

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے