اہم عالمی خبریں | 21.02.2017

[pullquote]داعش کو ختم کرنا ہے تو کرپشن ختم کرنی ہو گی، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل
[/pullquote]

بدعنوانی کے خلاف سرگرم بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ مغربی ممالک دہشت گرد تنظیم داعش اور بوکوحرام جیسی تنظیموں کو شکست دینا چاہتے ہیں تو انہیں بدعنوانی کے خلاف اپنی کوششیں بڑھانا ہوں گی۔ برطانیہ میں قائم میں اس تنظیم کی طرف سے جاری کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق نائجیریا، لیبیا اور عراقی جیسی ریاستوں میں بدعنوانیت دراصل شدت پسند گروپوں کو زرخیز ماحول فراہم کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق طاقت کے غلط اور بے جا استعمال کی وجہ سے عوام میں غم و غصہ پیدا ہوتا ہے اور اسی سے شدت پسند گروپ فائدہ اٹھاتے ہیں اور لوگوں کو بھرتی کرتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ یہ گروپ بدعنوان حکام کی مدد سے جرائم بھی کرتے ہیں تاکہ پیسہ اور ہتھیار حاصل کر سکیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بدعنوانی کے باعث ریاستی ادارے بھی کمزور ہوتے ہیں جس سے ان گروپوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔

[pullquote]چار ممالک میں قحط 14 لاکھ بچوں کی جان لے سکتا ہے، یونیسیف
[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے خبردار کیا ہے کہ چار ممالک نائجیریا، صومالیہ، جنوبی سوڈان اور یمن میں قریب ایک اعشاریہ چار ملین بچے قحط کی وجہ سے ہلاک ہو سکتے ہیں۔ یونیسیف کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یمن میں چار لاکھ باسٹھ ہزار بچے خوراک کی شدید کمی سے دوچار ہیں، جب کہ شمال مشرقی نائجیریا میں بھی قریب ساڑھے چار لاکھ بچے بھوک سے متاثرہ ہیں۔ قحط سے متعلق تنبیہ کے نظام Fews کے مطابق نائجیریا کی ریاست بورنو میں گزشتہ برس سے قحط جاری ہے، جب کہ امدادی اداروں کی ان متاثرہ بچوں تک عدم رسائی سے صورت حال مزید گمبھیر ہو سکتی ہے۔ یونیسف کے ڈائریکٹر انتھونی لیک نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں فوری اقدامات کریں، تاکہ ’بہت سی زندگیوں کو بچایا جا سکے‘۔

[pullquote]سمندر میں ڈوبنے والے 74 مہاجرین کی لاشیں لیبیا کے ساحل پر پہنچ گئیں
[/pullquote]

یورپ پہنچنے کی کوشش میں سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے 74 مہاجرین کی لاشیں بہہ کر لیبیا کے مغربی شہر زاویہ کے ساحل پر پہنچ گئیں۔ یہ بات ہلال احمر کے ایک اہلکار کی جانب سے آج منگل کو بتائی گئی ہے۔ محمد المصراتی کے مطابق پیر کے روز ملنے والی یہ لاشیں اُن مہاجرین کی ہیں جو گزشتہ دو دنوں کے دوران سمندر میں ڈوبے۔ یہ لاشیں سب صحارا کے افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے باشندوں کی ہیں۔ افریقہ سے تعلق رکھنے والے ایسے مہاجرین کے لیے لیبیا کا ساحلی علاقہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے جو سمندر پار کر کے یورپ میں داخل ہونے کے خواہشمند ہوں۔

[pullquote]اسرائیل فوجی کو دی جانے والی سزا فوجی جرائم کے لیے ’گرین سگنل‘ ہے، فلسطینی حکام
[/pullquote]

ایک زخمی فلسطینی کو ہلاک کرنے والے اسرائیلی فوجی کو 18 ماہ قید کی سزا فوجی ’’جرائم‘‘ کے لیے ایک ’’گرین سگنل‘‘ ہے۔ یہ بات فلسطینی حکومت کے ایک ترجمان نے کہی ہے۔ ایک اسرائیل کی فوجی عدالت نے آج ایلور آزاریا نامی اسرائیلی فوجی کو 18 ماہ قید کی سزا سنائی۔ ایلور کو یہ سزا مارچ 2016 میں مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں ایک زخمی فلسطینی عبدالفتاح الشریف کو قتل کرنے کے جرم میں سنائی گئی۔ عدالتی فیصلے کے فوری بعد فلسطینی حکومت کے ترجمان طارق رِشماوی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی حکومت، ایک قاتل فوجی کو اس قدر ہلکی سزا دیے جانے کو ایک گرین سگنل کے طور پر دیکھتی ہے جو اسرائیلی فوجیوں کو فلسطینیوں کے خلاف جرائم کے لیے دیا گیا ہے۔

[pullquote]داعش کے 44 جنگجوؤں کو شام میں ہلاک کر دیا ہے، ترک فوج
[/pullquote]

ترکی کی فوج کے مطابق شامی شہر الباب کے اطراف میں ترک حمایت سے ہونے والے آپریشن اور امریکی سربراہی میں قائم اتحاد کی طرف سے فضائی حملوں کے دوران پیر کے روز دہشت گرد گروپ داعش کے 44 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران ایک تُرک فوجی ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوئے۔ ترکی نے اپنی سرحد سے قریب 30 کلومیٹر دور شامی شہر الباب میں گزشتہ برس اگست سے شامی باغیوں کی مدد سے ایک فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ اس آپریشن کا مقصد داعش کو اس شہر سے نکالنے کے علاوہ کُرد ملیشیا کے خلاف کارروائی ہے۔

[pullquote]قذافی کے بیٹے کے خلاف مقدمے کی کارروائی غیر منصفانہ ہے، مقدمہ عالمی عدالت میں چلایا جائے، اقوام متحدہ
[/pullquote]

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ لیبیا کے سابق سربراہ معمر قذافی کے ایک بیٹے سیف الاسلام قذافی کے خلاف طرابلس کی ایک عدالت میں چلائے جانے والے مقدمے کی کارروائی غیر منصفانہ تھی، اس لیے اس مقدمے کو بین الاقوامی فوجداری عدالت میں چلایا جائے۔ طرابلس کی عدالت نے سیف الاسلام کی غیر موجودگی میں چلائے جانے والے اس مقدمے میں اسے جولائی 2015ء میں سزائے موت سنائی تھی۔ ان پر مظاہرین کے قتل اور جنگی جرائم کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ معمر القذافی کی حکومت کے خاتمے اور ان کی ہلاکت کے بعد سیف الاسلام کو زنتان کے علاقے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ قذافی حکومت کے خلاف ہتھیار اٹھانے والے زنتانی گروپ نے سیف الاسلام کو یہ کہہ کر طرابلس کے حوالے سے انکار کر دیا تھا کہ انہیں شبہ ہے کہ سیف الاسلام وہاں سے فرار ہو سکتا ہے۔

[pullquote]فرانسیسی پولیس کا انتہائی دائیں بازو کی جماعت کے مرکزی دفتر پر چھاپہ
[/pullquote]

فرانسیسی پولیس نے گزشتہ روز انتہائی دائیں بازو کی رہنما مارین لے پین کی جماعت نیشنل فرنٹ کے مرکزی دفتر پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔ پولیس کی یہ کارروائی اس جماعت کی جانب سے جعلی ملازمتوں کے ایک مقدمے کی بابت جاری تفتیش کا حصہ تھی۔ اسی طرز کا ایک اور اسکینڈل لے پین کے حریف قدامت پسند رہنما فرانسوا فیلوں کے حوالے سے بھی توجہ کا مرکز ہے۔ لی پین کی جماعت پر الزام ہے کہ اس نے یورپی پارلیمان کے فنڈ استعمال کر کے پارٹی معاونین کو تخواہیں ادا کیں حالاں کہ یہ سرمایہ یورپی اراکین پارلیمان کے معاونین کے لیے دیا گیا تھا۔ اس سے قبل یورپی یونین کے انسداد بدعنوانی دفتر نے لے پین سے کہا تھا کہ وہ ملازمین کے کانٹریکٹ جمع کرائیں۔ نیشنل فرنٹ ان الزامات کو رد کرتی ہے۔

[pullquote]اسلامک اسٹیٹ کے اتحادی گروپوں کی اسرائیلی سرحد کے قریب پیش قدمی
[/pullquote]

شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے اتحادی گروپوں نے جنوب مغربی شام میں گولان کے پہاڑی علاقے کے قریب اعتدال پسند باغیوں کے خلاف پیش قدمی کی ہے۔ بتایا گیا ہےکہ اسرائیل اور اردن کی سرحد سے قریب شدت پسند باغیوں نے متعدد دیہات پر قبضہ کر لیا۔ فری سیریئن آرمی سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی کمانڈر نے بتایا کہ شدت پسند باغیوں نے اچانک حملہ کیا، جس کے لیے اعتدال پسند باغی تیار نہیں تھے۔ یہ بات اہم ہے کہ گولان کا پہاڑی سلسلہ اسرائیل اور شام کے درمیان ایک قدرتی سرحد کی سی حیثیت رکھتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے