وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میں ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

شمالی وزیرستان: وزیراعظم محمد نواز شریف نے وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی شمالی وزیرستان ایجنسی میں کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج مجھے یہاں آ کر بہت خوشی ہے کہ ایک بہت نیک منصوبے کا آغاز ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا ڈیم کی بنیاد سے ثابت ہوتا ہے کہ خوف کا دور اختتام کو پہنچا اور ایک نیا عہد شروع ہورہا ہے، فاٹا سے بےیقینی ختم ہورہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ تبدیلی اچانک نہیں ہوئی، تاریک رات کو روشن دن میں بدلنا آسان نہیں ہوتا،شمالی وزیرستان کے لوگوں سے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

فاٹا میں ترقیاتی منصوبے کو ایک نئے دور کی نوید قرار دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ‘جہاں زندگی سانس لینے کو ترس گئی تھی وہاں آج زندہ رہنے کی خواہش جنم لے رہی ہے اور مایوسی کے اندھیروں کی جگہ امید کے چراغ روشن ہوگئے ہیں’۔

وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا میں امن بحال کرنے کے دوران بے شمار لوگوں کی جان گئی، ہزاروں کو نقل مکانی کا عذاب بھگتنا پڑا، اور پاک فوج اور پولیس کے بہادر جوانوں نے جام شہادت قبول کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ سب اسی وقت ممکن ہوسکا جب تمام قوم متفق ہوئی، تمام سیاسی جماعتیں اور صوبائی حکومتوں نے متحد ہوکر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا حصہ ڈالا۔

ن کا مزید کہنا تھا کہ ‘پاکستان کے مفاد کا معاملہ ہو تو ہم سب کو اپنے اپنے دائروں سے نکل ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا چاہیئے’۔

نواز شریف کے مطابق ‘دہشت گردی کے بعد پاکستان کی معاشی اورعوامی خوشحالی کے لیے بھی متحد ہونا ہوگا’۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک خوشحالی کا منصوبہ ہے، یہ طویل المدتی منصوبہ مکمل ہوگا تو پتہ نہیں کون اقتدار میں ہوگا لیکن تاریخ یاد رکھے گی کس کس نے کس مرحلے پر کیا کردار ادا کیا۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں کو محاذ آرائی کی منفی سیاست سے باہر نکنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا فاٹا کی ترقی اہم ہے جس کے لیے یہاں اصلاحات کا آغاز کردیا گیا ہے، لہذا تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

شمالی وزیر ستان میں تعمیر کیے جانے والے اس ڈیم میں 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اس ڈیم سے بڑی مقدار میں پانی ذخیرہ کرنے کے ساتھ ساتھ 83 اعشاریہ 4 میگاواٹ بجلی بھی پیدا کی جاسکے گی۔

کرم تنگی ڈیم دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا، اس کا پہلا مرحلہ 3 سال کی مدت میں مکمل ہوگا۔

ماہرین کے مطابق ڈیم سے علاقے میں نہ صرف سماجی واقتصادی بہتری آئے گی بلکہ سیلاب کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔

کرم تنگی ڈیم کم لاگت کا ماحول دوست منصوبہ ہے جس سے شمالی وزیرستان اور خیبرپختونخوا کاوسیع رقبہ بھی سیراب کیا جاسکے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے