عامر خان کی فلم دنگل پاکستان میں ریلیز نہیں ہوگی

بولی وڈ فلم ‘دنگل’ پاکستان میں ریلیز نہیں ہوگی جس کی وجہ عامر خان اور پروڈکشن ٹیم کی جانب سے پاکستان سنسر بورڈ کی جانب سے کچھ مناظر کٹ کرنے کے مطالبے کو تسلیم کرنے سے انکار ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بھارتی فلموں کی دوبارہ نمائش شروع ہونے کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ عامر خان کی یہ بلاک بسٹر فلم یہاں ریلیز کی جائے گی۔

مگر عامر خان نے پاکستان میں اس فلم کو ریلیز کرنے سے انکار کردیا جس کی وجہ پاکستانی سنسر بورڈ کی جانب سے فلم کے دو مناظر کو کٹ کرنے کا مطالبہ تھا۔

سنسر بورڈ نے مطالبہ کیا تھا کہ دنگل میں سے بھارتی ترنگے اور قومی ترانے والے مناظر کو نکالا جائے۔

اس فلم کے اختتام پر یہ دونوں مناظر موجود ہیں جن میں ایک میں بھارتی ترنگے کو دکھایا گیا جبکہ دوسرے میں بھارتی قومی ترانہ پس منظر میں چل رہا ہے اور پاکستان سنسر بورڈ نے کہا تھا کہ ملک میں اس کی ریلیز سے قبل ان سینز کو ایڈٹ کیا جائے۔

عامر خان اس درخواست پر حیران ہوئے کیونکہ ان کے خیال میں فلم میں حب الوطنی کا اظہار نہیں کیا گیا۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ‘ یہ ایک سوانح حیات ہے جس میں براہ راست یا بلاواسطہ بھی پاکستان کا کوئی حوالہ نہیں، فلم میں بھارتی قومی جذبات کو اجاگر کیا گیا ہے، تو پھر ان مناظر کو کیوں کٹ کیا جائے؟’

پاکستان میں فلم کی ریلیز نہ ہونے سے دس سے بارہ کروڑ کا نقصان ہوسکتا ہے مگر عامر خان ان مناظر کو ایڈٹ کرنے کے لیے تیار نہیں۔

واضح رہے کہ عامر خان اس فلم کے پروڈیوسر بھی تھے اور اس نے بھارتی باکس آفس پر 385 کروڑ روپے کمائے تھے۔

اس سے قبل پاکستانی سنسر بورڈ نے شاہ رخ خان کی فلم رئیس کو ‘غیرموزوں’ قرار دے کر پاکستان میں ریلیز کرنے سے انکار کیا تھا۔

سنسر بورڈ کا اعتراض تھا کہ فلم میں مسلمانوں کے کردار کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے