یونس اور مصباح کا الوداعی وقت آگیا، تیسرا ٹیسٹ آج شروع ہوگا

پاکستان کو ویسٹ انڈیز میں پہلی ٹیسٹ سیریز جیت کر اپنے کپتان مصباح الحق اور اسٹار بیٹسمین یونس خان کو یادگار ی تحفہ دینے کا سنہری موقع ہے۔ مصباح الحق ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والے پہلے پاکستانی کپتان بھی بن جائیں گے۔

تیسرے ٹیسٹ میچ کے ساتھ پاکستانی کرکٹ کے ایک اہم دور کا اختتام ہورہا ہے۔ پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق اور کامیاب ترین بیٹسمین یونس خان کو الوداع کہنے کا وقت آ پہنچا ہے۔

ڈومینیکا میں بارشیں ہورہی ہیں جس سے دونوں ٹیموں کی تیاریاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ میچ کے نتیجے میں بارش کا کردار بھی اہم ہوسکتا ہے۔ میچ کے ابتدائی تین دن بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ویسٹ انڈیز اور پاکستان کا تیسرا ٹیسٹ بدھ سے یعنی آج سے شروع ہورہا ہے۔

تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہے، پہلا ٹیسٹ پاکستان نے سات وکٹوں سے جیتا جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے 106 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ سیریز کے فیصلہ کن میچ میں کپتان مصباح الحق اور یونس خان انٹرنیشنل میچ کے لئے آخری بار ایکشن میں ہوں گے۔ دونوں کرکٹرز پہلے ہی ریٹائر منٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔

کپتان مصباح الحق کیریئر کے 75 ویں اور آخری ٹیسٹ میں ایکشن میں ہوں گے، وہ اب تک 5 ہزار 161 رنز بنا چکے ہیں،42 سالہ مصباح نے ٹیسٹ کیریئر میں 38 نصف اور 10 سنچریاں اسکور کی ہیں۔ یونس خان 117 ٹیسٹ میچوں میں 10 ہزار 46 رنز بنانے والے پہلے پاکستانی ہیں، وہ 33 نصف سنچریاں اور 34 ریکارڈ ساز سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔

یونس خان اپنے اولین ٹیسٹ میں سنچری کے باوجود کافی عرصے تک ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کی تگ ودو کرتے رہے، جبکہ مصباح الحق کا کیریئر بھی چند ٹیسٹ میچوں کے بعد ختم ہوتا ہوا نظر آرہا تھا لیکن کپتان بننے کے بعد نہ صرف ان کی اپنی کرکٹ تبدیل ہوگئی بلکہ پاکستانی کرکٹ کی کایا ہی پلٹ گئی۔

گزشتہ سات سال سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتوحات میں ان دونوں کا کلیدی کردار رہا ہے اور نگاہیں ان دونوں کرکٹرز کی بڑی اور ٹیم کے لیے کام آنے والی اننگز دیکھنے کی عادی ہوچکی ہیں۔ توقع ہے کہ پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی جائے گی۔

ونڈر سر پارک میں ویسٹ انڈیز نے چار ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف اسے دونوں ٹیسٹ میں شکست ہوئی۔ ویسٹ انڈیز نے یہاں زمبابوے کو شکست دی جبکہ بھارت کے خلاف ا س کا میچ ڈرا رہا۔ پاکستانی ٹیم اس گرائونڈ آج اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے