سری دیوی نے سب سے کامیاب اور مہنگی بھارتی فلم کیوں ٹھکرائی؟

اگر ہندوستانی سینما کی بات کی جائے تو آج کل ہر کسی کی زبان پر فلم ’باہوبلی‘ کا نام ہے جو اب تک کی سب سے مہنگی ترین بھارتی فلم ہونے کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بھی قرار پائی۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ بولی وڈ کی معروف اداکارہ سری دیوی کو بھی اس کامیاب فلم میں ایک نہایت اہم کردار کی آفر دی گئی تھی، تاہم اداکارہ نے اس سے انکار کردیا۔

فلم ’باہوبلی‘ میں ویسے تو ہر کردار ہی کافی اہم ہے، تاہم ’باہو بلی‘ کے علاوہ ایک ایسا کردار بھی ہےجس نے سب کی توجہ اپنی جانب مرکوز کرلی، یہ کردار ہے مہارانی شوگامی دیوی کا جو فلم میں باہوبلی کی سوتیلی والدہ بنیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق فلم کے ہدایت کار ایس ایس راجاماؤلی کا اس کردار کے لیے پہلا انتخاب سری دیوی تھیں، تاہم انہوں نے فلم میں کام سے انکار کیا۔

سری دیوی کی انکار کرنے کی وجہ فلم کی کہانی، ان کا کردار یا کاسٹ نہیں بلکہ اداکاری کے اوض ملنے والا معاوضہ تھا، اداکارہ نے اس کردار کے لیے ہدایت کار سے 5 کروڑ ہندوستانی روپے کی مانگ کی تھی، تاہم اس کردار کے لیے اتنا بجٹ نہ ہونے پر انہوں نے فلم کی آفر ٹھکرا دی۔

سری دیوی کے بعد اس کردار کے لیے اداکارہ رامیا کرشنن کا انتخاب کیا گیا، جنہوں نے 2.5 کروڑ ہندوستانی روپے لے کر اس کردار کو ایسے باخوبی انداز میں پیش کیا کہ وہ فلم کے ہیرو، ولن اور ہیرؤئن کے درمیان بھی بہترین نظر آئیں۔

خیال رہے کہ اداکارہ رامیا کرشنن نے اس سے قبل بولی وڈ کی بھی کئی فلموں میں کام کیا، جن میں شاہ رخ خان کی فلم ’رام جانے‘ موجود ہے۔

فلم ’باہوبلی‘ کے حوالے سے بات کی جائے تو یہ فلم اس وقت ہندوستان کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم ثابت ہوگئی جس نے عامر خان کی کامیاب فلم ’پی کے‘ کا بھی ریکارڈ توڑ دیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے