’سیاست کرو لیکن لوگوں کے منہ سے نوالہ نہ چھینو‘

ننکانہ صاحب: وزیراعظم پاکستان نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں ہونے والی تعمیر و ترقی کے بعد پاکستان جنوبی ایشیا میں مضبوط معیشت بن کر ابھرے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے ننکانہ صاحب میں موٹر وے منصوبے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

وزیراعظم نے کسی سیاسی مخالف کا نام لیے بغیر کہا کہ ‘پاکستان میں اس حد تک سیاست کی جائے کہ لوگوں کے منہ سے نوالا نہ چھینا جائے، نوجوانوں نے اس ترقی سے امید لگائی ہوئی ہے، اس ترقی کو نہ روکا جائے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ حکومت عوام کا مینڈیٹ لے کر آئی ہے اور اس کا حق ہے کہ وہ عوام کی خدمت کرے’۔

وزیراعظم کا کہنا تھا، ’میں اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ ان موٹروے منصوبوں کی سیر کریں اور آکر دیکھیں کہ یہ کیا انقلاب آرہا ہے‘۔

انھوں نے مزید کہا کہ جب یہ منصوبے مکمل ہوں گے تو ان نوجوانوں کے گھروں میں خوشحالی آئے گی، اس خوشحالی کو آنے دیا جائے۔

وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان جلد ‘ایشین ٹائیگر’ بن جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی ایشیائی خطے میں مضبوط معیشت بن کر ابھر رہا ہے۔

ساتھ ہی وزیراعظم نے سوال کیا کہ پاکستان میں 1999 سے 2013 تک کیا ترقی ہوئی؟ جبکہ اس دوران ملک میں دہشت گردی ہی دہشت گردی تھی، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ان کی حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کروائے جس سے ملک میں امن بحال ہوا۔

انہوں نے کراچی اور بلوچستان کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے۔

اپنے خطاب کے دوران میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اپنے منصوبوں کو اپنی سرحدوں سے باہر وسطی ایشیا تک لے جائیں گے۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ ‘پاکستان کی ترقی میں بھی اللہ کی مرضی شامل ہو سکتی ہے اور جو لوگ اللہ کی مرضی کے خلاف جاتے ہیں وہ ختم ہوجاتے ہیں’۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے