الطاف حسین کے خلاف ملک میں 100 مقدمات درج ، عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے
انسداد دہشت گردی عدالت گلگت نے پاک فوج کے خلاف بیان دینے کے مقدمے میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
انسداد دہشت گردی گلگت کی عدالت کے جج راجا شہباز خان نے پاک فوج کے خلاف بیان دینے کے مقدمے کی سماعت کی۔
عدالت نے حکم دیا کہ الطاف حسین کی گرفتاری کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جائے اور گرفتاری کے لیے ٹیم کو کراچی میں نائن زیرو بھیجا جائے۔
الطاف حسین پر پاک فوج کے خلاف بیان دینے پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت گلگت میں 3، غذر اور اسکردو میں 2 اور گانچھے میں ایک مقدمہ درج ہے۔
دوسری جانب میانوالی کے تھانا کندیاں میں الطاف حسین کے خلاف غداری کامقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ شہری حکیم محمد اسلم خان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف ملک بھر میں 100 سے زائد مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔