کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت سے پاک فوج ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے میں کامیاب ہوئی اور کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے آئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ میں نوجوانوں سے ملاقات کی جن میں 173 طلبا اور فیکلٹی ممبرز کا تعلق بلوچستان کے تعلیمی اداروں سے تھا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے اور بلوچستان کے نوجوان سب سے زیادہ باصلاحیت اور متحرک ہیں، نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اس لئے آپ قومی سالمیت اور ترقی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور اپنی تعلیم اور کام پر بھرپور توجہ دیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بلوچستان کے بغیر نامکمل ہے، یہ ملک امن و استحکام اور بلوچستان کی خوشحالی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا جب کہ ریاست دشمن عناصر غیر ملکی دشمن ایجنسیز کے تعاون سے پروپیگنڈا کرتے ہیں لیکن نوجوان ان عناصر کے پروپیگنڈے سے گمراہ نہ ہوں اور منفی تاثر کو ختم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نوجوانوں کو محفوظ اور مستحکم پاکستان دینے کے لیے پرعزم ہے اور تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت سے پاک فوج ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے میں کامیاب ہوئی اور کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے