واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ حقیقی بہتر تعلقات کا آغاز کررہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کئی محاذوں پر تعاون کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، پاکستان اور اس کے رہنماؤں کیساتھ امریکا کے تعلقات پہلے سے بہت زیادہ بہتر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
قبل ازیں واشنگٹن میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کئی سال تک امریکا سے فائدہ اٹھایا ہے اور اب اس نے بحیثیت قوم امریکا کا پھرسے احترام کرنا شروع کردیا ہے، لہذا ہم اب پاکستان کے ساتھ حقیقی بہتر تعلقات کا آغاز کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج نے افغان سرحد پر آپریشن کرکے 5 افراد پر مشتمل امریکی کینیڈین خاندان کو بازیاب کرایا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مغویوں کی بازیابی میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے پاک امریکا تعلقات کا ایک مثبت لمحہ قرار دیا۔