شراب اور تمباکو نوشی قبل ازوقت بڑھاپے کی وجہ

لندن: جو لوگ شراب نوشی کے ساتھ ساتھ سگریٹ نوشی بھی کرتے ہیں ان کے لیے بری خبر یہ ہے کہ یہ دونوں بد عادات آپ کو بہت تیزی سے بڑھاپے کی جانب دھکیل سکتی ہیں جبکہ ان کے تباہ کن اثرات سے ایک دنیا پہلے ہی واقف ہے۔

اس ضمن میں ڈنمارک میں 21 سے 93 سال کے 11,500 افراد کا ایک عرصے تک جائزہ لیا گیا جو 12 سال پر محیط تھا۔ ان میں مرد ہفتے میں اوسط 11 اور خواتین ہفتے میں اوسط ڈھائی گلاس شراب پیتی تھیں جبکہ انہی میں سے 57 فیصد خواتین اور 67 فیصد مرد باقاعدگی سے سگریٹ بھی پی رہے تھے۔

جو لوگ ایک ساتھ شراب اور دھویں سے نشہ کرتے ہیں وہ بقیہ لوگوں کے مقابلے میں قدرے تیزی سے بوڑھے ہوجاتے ہیں اور ان کے جسم اور چہرے پر عمررسیدگی کے اثرات نمایاں دکھائی دینے لگتے ہیں۔ ان میں بالوں کی سفیدی، کانوں کی لو پر سلوٹیں، آنکھوں کی پتلی کے گرد سفید دائرے، جھریاں اور دیگر نشانیاں شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق شراب نوشی کی زیادتی اور اس کے ساتھ تمباکونوشی تیزی سے بڑھاپے کی جانب لے جاتی ہے اور آپ کو وقت سے پہلے بوڑھا کرسکتی ہے۔

اس کی تفصیلی رپورٹ جرنل آف ایپڈیمیولوجی اینڈ کمیونٹی ہیلتھ میں شائع ہوئی ہے۔

تاہم ماہرین نے کہا ہے کہ اس مطالعے میں صرف ظاہری خدوخال پر ہی بات کی گئی ہےاور ذہنی تناؤ کا پتہ نہیں لگایا گیا۔

یہ پہلی رپورٹ ہے جس میں شراب اور سگریٹ نوشی کے ظاہری اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے جس کے باعث آپ کا چہرہ بڑھاپے سے گویا مرجھا جاتا ہے۔

اسطرح یہ دونوں عاداتِ بد پورے بدن پر یکساں اثرات مرتب کرتی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے