امریکا نے شمالی کوریا اور چین کی 13 کمپنیوں پر پابندی لگاتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ چینی ادارے تجارت کے ذریعے شمالی کوریا کی مالی معاونت کررہے ہیں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے شمالی کوریا سمیت چین کی 13 کمپنیوں پرپابندی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شمالی کوریا کو دہشتگردی کے فروغ میں معاونت کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کے بعد عائد کی گئی ہیں ، کمپنیوں پر ایٹمی سرگرمیوں پر پابندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے چینی اور شمالی کوریا کی کمپنیوں پرپابندیوں کا مقصد شمالی کوریا کو ایٹمی سرگرمیوں سے باز رکھنا اور مذاکرات کی میز پر لانا ہے جبکہ امریکی سیکریٹری خزانہ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے قاتلانہ طرز حکومت کو تنہا کرنے کے لیے شمالی کوریا اور اس کی حمایت کرنے والوں پر مزید پابندیاں لگانے کی ضرورت پڑی تو لگائی جائیں گی۔
امریکی وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ پابندی کا سامنا کرنے والی چینی اور شمالی کوریا کی کمپنیوں نے مشترکہ طورپر 75 کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا ہے۔