یوں تو پاکستان میں سوشل میڈیا بھی سیاسی اکھاڑا بن چکا ہے، جہاں کچھ لوگ اپنے پسندیدہ سیاست دانوں کی تعریفوں میں زمین آسمان ایک کرتے نظر آتے ہیں تو کہیں مخالف سیاست دان کو گالم گلوچ، لیکن اسی میڈیا پر پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا ایک منفرد اور مثبت کام دوسرے سیاست دانوں کے لئے بھی ایک عمدہ مثال ہے-
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے فیس بک پیج پہ لوگوں کی طرف سے کئے جانے والے سوالات کے جوابات دیا کریں گے۔
اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ “مجھے فیس بک پر بہت سے لوگوں کے پیغامات موصول ہوتے ہیں کہ وہ مجھ سے براہ راست رابطہ کرنا چاہتے ہیں”۔
انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی رائے ان کی رہنمائی کا اہم ذریعہ ہے۔
آپ بھی ان کے فیس بک پیج facebook.com/shehbazsharif پراپنے گاؤں،شہر اور ضلع سے متعلقہ مسائل ،سوالات اور آراء کمنٹ کر سکتے ہیں ۔
ہر اتوار کی شام 7بجے اپنے فیس بک پیج پر ویڈیو میسج کے ذریعے عوام کے سوالوں کے جواب خود شہباز شریف دیا کریں گے۔ جس کا سلسلہ آج شام 7 بجے سے شروع ہوجائے گا
یادرہے کہ شہباز شریف نے گذشتہ سالوں میں بیشتر یونیورسٹیوں کے طلبہ کو فری لیپ ٹاپ تقسیم کئے تھے، تقریباً سبھی نوجوان سوشل میڈیا کا استعمال کررہے ہیں، اور اس کے اثرات بھی مرتب ہورہے ہیں، شہباز شریف نے نوجوانوں کے اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے ان سے براہ راست مخاطب ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔