کراچی: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے حواریوں اور بانی ایم کیو ایم کی باقیات سے نجات کا وقت آن پہنچا ہے۔
کراچی میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے ملاقات کی جس میں چیرمین تحریک انصاف کو کراچی کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے ممکنہ چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی سندھ میں تبدیلی کا پیش خیمہ اور مرکز ہے، تحریک انصاف سندھ میں بھی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے جب کہ سندھ اور کراچی میں عوامی مینڈیٹ پر نقب زنی کے منصوبے ناکام بنانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے حواریوں اور بانی ایم کیو ایم کی باقیات سے نجات کا وقت آن پہنچا ہے، ہم سیاسی اور حکومتی آلائشوں سے سندھ کو پاک کرنے کے لیے جامع حکمت عملی دیں گے۔