راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں اہلخانہ کو یرغمال بنانے والا شخص گرفتار

عبدالرحیم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، یر غمال بنائے گئے تمام افراد کو بحفظات بازیاب کرا لیا ہے: سی پی او راولپنڈی

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں 9 گھنٹے تک اہلخانہ اور رشتے داروں کو یرغمال بنا کر رکھنے والا جنونی شخص زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کی فائرنگ سے ایلیٹ فورس کے اہلکار سمیت تین افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ملزم عبدالرحیم نے مبینہ طور پر چچا کے ساتھ مل کر اپنے سسرال والوں کو راولپنڈی بلایا اور خاندانی رنجش پر صلح کی پیشکش کی۔ 32 سالہ ملزم عبدالرحیم نے 2 شادیاں کر رکھی ہیں جبکہ اسکا ایک بیٹا اور 5 بیٹیاں ہیں۔

گزشتہ شب سسرالی رشتے داروں کے پہنچنے پر ملزم عبدالرحیم نے اہلخانہ اور عزیز و اقارب کے 25 افراد کو یرغمال بنا لیا۔ ملزم کے برادر نسبتی کا کہنا ہے کہ عبدالرحیم نشے اور جوئے کا عادی ہے، کروڑوں روپے کی کنسٹرکشن مشینری جوئے میں ہارنے پر اس سے تنازعہ ہوا جس کی رنجش پر ملزم نے یہ اقدام اٹھایا۔ رات بھر فائرنگ اور شور پر اہل علاقہ نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس ٹیم پہنچنے پر ملزم نے فائرنگ کر دی جس سے ایلیٹ فورس کا اہلکار خرم، ایک بچہ، ملزم کی والدہ اور اسکا سسر اکبر زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے سسر اکبر اسپتال میں جاں بحق ہو گئے جبکہ سی پی او راولپنڈی اسرار عباسی کا کہنا ہے جس طرح سے ملزم فائرنگ کر رہا تھا عام آدمی اس طرح سے جوابی فائرنگ نہیں کرتا، ملزم کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کسی بھی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی۔ سی پی او راولپنڈی نے بتایا کہ عبدالرحیم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، یر غمال بنائے گئے تمام افراد کو بحفظات بازیاب کرا لیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے