بولی وڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ ویسے تو رواں سال یکم دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جانے تھی، تاہم اس کے خلاف ہوئے مظاہروں کی وجہ سے فلم کی ریلیز مؤخر کردی گئی۔
اب آخر کار سینٹرل بورڈ نے فلم کو چند شرائط کے ساتھ 2018 میں ریلیز کی اجازت دے دی ہے۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن نے مؤرخوں کے ایک پینل کے لیے پدماوتی کی اسکریننگ منعقد کی، جس کے بعد فلم میں چند تبدیلیاں کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
سنسر بورڈ کا پہلا مطالبہ فلم کا نام ’پدماوتی‘ سے ’پدماوت‘ کرنا ہے۔
جبکہ فلم میں موجود گانے ’گھومر‘ میں بھی چند تبدیلیاں کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
’پدماوت‘ 16 صدی کی ایک کتھا تھی، جسے ملک محمد جیاسی نے تحریر کیا، فلم ’پدماوتی‘ اس ہی کہانی پر مبنی ہے۔
اس فلم میں دپیکا پڈوکون نے رانی پدماوتی، شاہد کپور نے راجا راول رتن سنگھ اور رنویر سنگھ نے علاؤالدین خلجی کا کردار ادا کیا۔
ویسے تو فلم کو 2018 میں ریلیز کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم اب تک اس کی ریلیز تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔